امریکن اکیڈمی آف فارنزک سائنسز کی سالانہ کانفرنس میں پاکستانی وکیل اشفاق کھرل کی نمایاں شرکت
نیواورلینز میں منعقدہ کانفرنس میں اشفاق احمد کھرل ایڈووکیٹ کو موڈریٹر کے طور پر منتخب کیا جانا پاکستان کے قانونی شعبے کے لیے ایک اہم اعزاز قرار دیا گیا
کانفرنس میں عالمی سطح پر فارنزک سائنس کے نئے رجحانات، عدالتی اصلاحات اور سائنسی شواہد کے معیار پر تفصیلی مباحث ہوئے۔ اشفاق احمد کھرل کی شرکت کو پاکستان کے قانونی اور فارنزک شعبے کے لیے ایک مثبت پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جو عالمی سطح پر ملک کی نمائندگی کا باعث بنی
نیویارک ( اردونیوز) نیواورلینز (امریکہ) میں امیرکن اکیڈمی آف فارنزک سائنسز کی سالانہ کانفرنس میں پاکستان کے قانون دان اور سی ای او جسٹس اِن اشفاق احمد کھرل ایڈووکیٹ سپریم کورٹ نے بطور موڈریٹر شرکت کی۔ یہ کانفرنس 10 سے 14 فروری تک نیو اورلئینز کے کنونشن سینٹر میں منعقد ہوئی، جس میں دنیا بھر سے ججز، پراسیکیوٹرز اور وکلاءنے شرکت کی۔
اشفاق احمد کھرل 2014 سے امیرکن اکیڈمی آف فارنزک سائنسز کے ایسوسی ایٹ ممبر ہیں اور حکومتِ پاکستان کی فارنزک کمیشن کے رکن بھی ہیں۔ کانفرنس میں انہیں موڈریٹر کے طور پر منتخب کیا جانا پاکستان کے قانونی شعبے کے لیے ایک اہم اعزاز قرار دیا جا رہا ہے۔ اپنے خطاب میں انہوں نے عدالتی کارروائی، خصوصاً فوجداری مقدمات میں جدید فارنزک تکنیک اور آلات کے مو¿ثر استعمال پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ سائنسی شواہد کو قانونِ شہادت کے مطابق قابلِ قبول اور قابلِ اعتماد بنایا جا سکتا ہے، بشرطیکہ انہیں درست طریقہ کار کے تحت پیش کیا جائے۔
انہوں نے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ فوجداری مقدمات میں جدید سائنسی تکنیک کی اہمیت کو بھرپور انداز میں تسلیم کرتی ہیں اور عدالتی نظام میں اس کے مو¿ثر استعمال کی حامی ہیں۔ کانفرنس میں عالمی سطح پر فارنزک سائنس کے نئے رجحانات، عدالتی اصلاحات اور سائنسی شواہد کے معیار پر تفصیلی مباحث ہوئے۔ اشفاق احمد کھرل کی شرکت کو پاکستان کے قانونی اور فارنزک شعبے کے لیے ایک مثبت پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جو عالمی سطح پر ملک کی نمائندگی کا باعث بنی۔
Pakistani Lawyer Ashfaq Kharral Moderates at American Academy of Forensic Sciences Annual Conference in New Orleans



