مسلمز ووٹ پراجیکٹ کے زیر اہتمام نیویارک سٹی الیکشن کے امیدواروں کی کمیونٹی سے ملاقات
Democratic Candidates for NYC Mayor, Public Advocate, Comptroller & Brooklyn BP Assure Support to Pakistani & Muslim Community
الیکشن میں کامیابی کی صورت میں مسلم امریکن کمیونٹی کے حقوق کے تحفظ ، مواقع کی دستیابی سمیت انتخابی وعدوں پر عملدامد کو یقینی بنائیں گے،جمانی ولیمز، جسٹن برینن، انٹونیو ری نیوسو
’مسلمز ووٹ پراجیکٹ “ کے زیر اہتمام پرائمری الیکشن میں حصہ لینے والے ڈیموکریٹک امیدواروں کے ساتھ ایک خصوصی ”میٹ اینڈ گریٹ “ تقریب کا اہتمام ،کمیونٹی کے اہم قائدین کی شرکت
تقریب کے اہتمام میں مسلمز ووٹ پراجیکٹ کے صاحبزادہ شبیر احمد اور ذکریا خان سمیت ان کے ساتھیوں نے خصوصی کردار ادا کیا، پاکستانی او ر مسلم کمیونٹی پر الیکشن میں بھرپور ووٹنگ پر زور دیا گیا
نیویارک ( اردونیوز) نیویارک سٹی کے مئیر، پبلک ایڈوکیٹ ، کمپٹرولر اور بروکلین بورو پریذیڈنٹ کے لئے ڈیموکریٹک پرائمری الیکشن لڑنے والے اہم امیدواروں نے بروکلین ، نیویارک کی مسلم و پاکستانی امریکن کمیونٹی کو یقین دلایا ہے کہ الیکشن میں کامیابی کی صورت میں وہ مسلم امریکن کمیونٹی کے حقوق کے تحفظ ، مواقع کی دستیابی سمیت انتخابی وعدوں پر عملدامد کو یقینی بنائیں گے ۔ مسلم امریکن کمیونٹی کی جانب سے پرائمری الیکشن کے موقع پر قائم کردہ ایک ”مسلمز ووٹ پراجیکٹ “ کے زیر اہتمام پرائمری الیکشن میں حصہ لینے والے ڈیموکریٹک امیدواروں زوہران ممدانی ( امیدوار برائے مئیر) ، جمانی ولیمز( امیدوار برائے پبلک ایڈوکیٹ ) ، جسٹن برینن( امیدوار برائے کمپٹرولر) اور انٹونیو ری نوسو ( امیدوار برائے بروکلین بورو پریذیڈنٹ ) کے لئے ایک خصوصی ”میٹ اینڈ گریٹ “ تقریب کا اہتمام کیا گیا۔تقریب کے اہتمام میں مسلمز ووٹ پراجیکٹ کے صاحبزادہ شبیر احمد اور ذکریا خان سمیت ان کے ساتھیوں نے خصوصی کردار ادا کیا۔تقریب میں بازہ روحی ، شمس الزمان ، راحیلہ اسلم، ڈاکٹر سلمیٰ کوثر ، فوزیہ چغتائی ، کاشف حسین سمیت کمیونٹی کی مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات اور کمیونٹی کی اہم تنظیموں کے قائدین نے شرکت کی ۔
” میٹ اینڈ گریٹ “ جو کہ ایک مباحثے (debate) کی صورت بھی اختیار کر گئی میں تمام امیدوار شریک ہوئے ماسوائے زوہرانی ممدانی کے جو کہ اپنی انتخابی ریلی کی وجہ سے شریک نہیں ہو سکے ۔ تاہم مسٹر ممدانی کی نمائندہ ان کی انتخابی مہم کے ڈائریکٹر برائے مسلم کمیونٹی حسان چوہدری نے کی ۔
صاحبزادہ شبیر احمد اور ذکریا خان نے جمانی ولیمز،جسٹن برینن ور انٹونیو ری نوسو اور حسان چوہدری کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ امیدواروں کے ساتھ ”امیٹ اینڈ گریٹ “کا مقصد یہ ہے کہ کمیونٹی کو امیدواروں اور ان کے انتخابی پروگرام کے بارے میں مکمل جانکاری حاصل ہو ۔ انہوں نے کہا کہ نیویارک سٹی کے پانچوں باروز میں مسلم امریکن کمیونٹی کی تعداد میں ہر روز اضافہ ہو رہا ہے اور کمیونٹی کے لئے نیویارک سٹی الیکشن نہایت ہی اہمیت کے حامل ہیں ۔
تقریب سے خطاب کے دوران جمانی ولیمز،جسٹن برینن ور انٹونیو ری نوسو اور حسان چوہدری نے صاحبزادہ شبیر احمد اور ذکریا خان سمیت مسلمز ووٹ پراجیکٹ کا شکرئیہ ادا کیا کہ جنہون نے الیکشن جیسے اہم موقع پر ان کی کمیونٹی قائدین سے ملاقات اور ان تک اپنا انتخابی پروکرام پہنچانے کا موقع فراہم کیا۔ ان قائدین کی جانب سے کمیونٹی پر زور دیا گیا کہ وہ 24جون کے پرائمری الیکشن میں ووٹ ڈالیں اور کوشش کریں کہ قبل از الیکشن (ارلی ووٹنگ) کے حق کے تحت 24جون سے پہلے ہی اپنا ووٹ کاسٹ کر لیں ۔
جمانی ولیمز،جسٹن برینن ور انٹونیو ری نوسو اور حسان چوہدری نے پاکستانی اور مسلم امریکن کمیونٹی کو یقین دلایا کہ ان کی کامیابی ، امیگرنٹ کمیونٹی کی کامیابی ہو گی ۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ بالخصوص واشنگٹن کی حالیہ پالیسیوں کے پیش نظر ، نیویارک سٹی جو کہ سٹی آف امیگرنٹس ہے، کی لوکل گورنمنٹ اور منتخب اداروں کا آنیوالے سالوں میں کردار بہت اہم ہے ۔ ووٹر اس بات کو یقینی بنائیں کہ ان کے منتخب کردہ سٹی آفیشل اصولوں اور اپنے مفادات کی وجہ سمجھوتہ نہ کریں ۔ انہوں نے کہا کہ نیویارک سٹی میں ہاو¿سنگ، صحت عامہ ، تعلیم ، پبلک سیفٹی ، امتیاز سلوک سمیت اہم امور پر اپنا نکتہ نظر پیش کیا اور سوالات کے جواب بھی دئیے ۔
شرکاءکی جانب سے مسلمز ووٹ پراجیکٹ کا کامیاب انتخابی امیدواروں کے ساتھ کامیاب میٹ اینڈ گریٹ کے انعقاد پر مبارکباد دی گئی ۔
Democratic Candidates for NYC Mayor, Public Advocate, Comptroller & Brooklyn BP Assure Support to Pakistani & Muslim Community



