ٹرمپ انتظامیہ میں 1 لاکھ 75 ہزار سے زائد امریکی ویزے منسوخ
ایک امریکی سفارتخانے نے ایسے 100 سے زائد افراد کے ویزے بھی منسوخ کیے جن کے بارے میں محکمہ خارجہ کا کہنا تھا کہ وہ بنیادی طور پر امریکہ میں بچے کی پیدائش کے مقصد سے آئے تھے
نیویارک ( محسن ظہیر سے )یو ایس سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی موجودہ انتظامیہ کے دوران اب تک غیر ملکی شہریوں کے ایک لاکھ 75 ہزار سے زائد ویزے منسوخ کر دیے ہیں۔ سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ ے مطابق ویزا منسوخی کی بڑی وجہ مختلف جرائم میں قانون نافذ کرنے والے اداروں سے متعلق معاملات رہے ہیں۔
سٹیٹ ڈیپارٹمنٹنے اپنے فیکٹ شیٹ میں بتایا کہ مسلسل نگرانی اور جانچ پڑتال کے عمل کے تحت ایسے غیر ملکی شہریوں کے ویزے منسوخ کیے جا رہے ہیں جو ویزا شرائط کی خلاف ورزی کرتے، جرائم میں ملوث پائے جاتے، امریکی شہریوں کے خلاف تشدد کی حمایت کرتے، امیگریشن نظام سے فراڈ کرتے یا قومی سلامتی کے لیے خطرہ بنتے ہیں۔
سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے مطابق حملہ، نشے کی حالت میں ڈرائیونگ ، چوری اور منشیات سے متعلق جرائم ویزا منسوخی کی نمایاں وجوہات میں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ خطرناک ڈرائیونگ، جنسی حملے، بچوں سے بدسلوکی، فراڈ اور مالی بدعنوانی جیسے جرائم میں ملوث افراد کے ویزے بھی منسوخ کیے گئے۔
محکمہ خارجہ کے ترجمان ٹومی پیگٹ کے مطابق مسلسل جانچ پڑتال کے پروگرام کے تحت ایک لاکھ سے زائد ویزے پہلے ہی منسوخ کیے جا چکے ہیں، جبکہ نشے کی حالت میں ڈرائیونگ سمیت مختلف مجرمانہ معاملات پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ نے متعدد کیسز کی مثالیں بھی دی ہیں، جن میں جنسی جرائم، انسانی اسمگلنگ، بچوں کے استحصال، گھریلو تشدد، منشیات، میڈی کیڈفراڈ اور جعلی دستاویزات کے ذریعے ویزا حاصل کرنے والے غیر ملکی شہری شامل ہیں۔
ایک امریکی سفارتخانے نے ایسے 100 سے زائد افراد کے ویزے بھی منسوخ کیے جن کے بارے میں محکمہ خارجہ کا کہنا تھا کہ وہ بنیادی طور پر امریکہ میں بچے کی پیدائش کے مقصد سے آئے تھے تاکہ ان کے بچوں کو امریکی شہریت حاصل ہو سکے۔
سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے مطابق بعض غیر ملکی شہریوں کے ویزے امریکی شہریوں کے خلاف تشدد کی حمایت یا قومی سلامتی سے متعلق خدشات کی بنیاد پر بھی منسوخ کیے گئے ہیں۔ سیکریٹری خارجہ مارکو روبیو نے بعض غیر ملکی شہریوں کو خارجِ ملک پالیسی کی بنیاد پر امریکہ سے بے دخلی کے قابل قرار دیا ہے۔سٹیٹ ڈیپارٹمنٹنے واضح کیا کہ امریکی ویزا حق نہیں بلکہ ایک استحقاق ہے اور ٹرمپ انتظامیہ ایسے افراد کے خلاف کارروائی جاری رکھے گی جو امریکی عوام کی سلامتی کے لیے خطرہ بنیں یا ویزا قوانین کا غلط استعمال کریں۔



