
فیلڈ مارشل عاصم منیر کی پریڈ میں شرکت پاکستان کی طاقت، استقامت اور عوام کی قربانیوں کی علامت ہے، اے پی پیک کا امریکہ کے فیلڈ مارشل کو یو ایس ملٹری پریڈ میں شرکت کی دعوت کا خیر مقدم
”اے پی پیک“ نے پاکستان کی مسلح افواج کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ملک کی خودمختاری کے تحفظ میں افواج کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے
اے پی پیک ان تمام بیانیوں کو مسترد کرتی ہے جو پاکستان کی قربانیوں کو نظر انداز کرتے ہیں، اور ان تمام اہلکاروں کو سلام پیش کرتی ہے جو ملک کی خدمت میں پیش پیش ہیں
نیویارک (پ ر)پاکستانی امریکن کمیونٹی کی ایک اہم و نمائندہ تنظیم “امریکن پاکستانی پبلک افیئرز کمیٹی” (APPAC) نے پاکستان کے چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کو امریکہ کے دورے اور امریکہ کی دعوت پر یو ایس ملٹری پریڈ میں شرکت پر خوش آمدید کہا ہے۔”اے پی پیک“ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی پریڈ میں شرکت پاکستان کی طاقت، استقامت اور عوام کی قربانیوں کی علامت ہے۔
بیان کے مطابق پاکستان کی مسلح افواج کی اسٹریٹجک قیادت میں وطنِ عزیز نے بھارتی جارحیت کا بھرپور دفاع کیا۔ چھ بھارتی جنگی طیاروں کو تباہ کیا، جدید ایس400 دفاعی نظام کو ناکام بنایا، فضائی برتری حاصل کی اور ملکی سرحدوں کا دفاع کامیابی سے کیا۔”اے پی پیک“ نے کہا ہے کہ یہ عسکری کامیابی پاکستان کی افواج کی پیشہ ورانہ مہارت، نظم و ضبط اور مادرِ وطن کے دفاع کے لیے ہر وقت تیار رہنے کی صلاحیت کو ظاہر کرتی ہے۔
”اے پی پیک“ نے پاکستان کی مسلح افواج کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ملک کی خودمختاری کے تحفظ میں افواج کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔”اے پی پیک“ نے اپنے مو¿قف کا اعادہ کیا کہ وہ ہمیشہ پاکستان، اس کے عوام، جمہوری اداروں اور آئینی حکمرانی کے ساتھ کھڑی رہی ہے۔ پاکستانی امریکن شہریوں کی حیثیت سے تنظیم باہمی احترام پر مبنی امریکا-پاکستان تعلقات کو مضبوط بنانے کی حامی ہے، نہ کہ کسی تقسیم یا منفی بیانیے کی۔
بیان کے اختتام پر کہا گیا ہے کہ اے پی پیک ان تمام بیانیوں کو مسترد کرتی ہے جو پاکستان کی قربانیوں کو نظر انداز کرتے ہیں، اور ان تمام اہلکاروں کو سلام پیش کرتی ہے جو ملک کی خدمت میں پیش پیش ہیں۔
APPAC Welcomes Gen. Asim Munir, Salutes Pakistan’s Armed Forces