کون بنے گا میئر نیویارک؟ پرائمری الیکشن کے لیے ووٹنگ شروع، نتائج کا اعلان ایک ہفتے بعد متوقع
Who Will Be NYC Mayor? Primary Voting Begins, Results Expected to Be Announced in One Week
نیویارک (اردو نیوز) نیویارک سٹی میں منگل ،24جون کو میئر ، پبلک ایڈوکیٹ اور کمپٹرولر سمیت دیگر عہدوں کے لئے پرائمری الیکشن کا دن ہے ۔ الیکشن سے قبل ہونیوالی ”ارلی ووٹنگ“ میں چار لاکھ سے زائد نیویارکرز نے اپنا حق رائے دہی استعمال کر لیا ہے ۔ نیویارک سٹی میں معمول کے مطابق صبح چھ بجے پولنگ شروع ہو گئی ہے ۔ 24جون جو کہ نیویارک سٹی میں گرم ترین دن تصور کیا جا رہا ہے ، میں آج رات نو بجے تک ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے تاہم، یہ فیصلہ کہ ڈیموکریٹک پارٹی کا مئیر سمیت دیگر عہدوں کے لئے امیدوار کون ہو گا، یکم جولائی سے قبل سامنے نہیں آئے گا۔
نیویارک بھر میں 1,200 سے زائد پولنگ اسٹیشن صبح 6 بجے کھلے اور رات 9 بجے تک ووٹنگ کا سلسلہ جاری رہے گا۔ آج کا دن نیویارک کی گرمی کی لہر کا سب سے شدید دن ثابت ہو رہا ہے، جہاں درجہ حرارت 102 ڈگری فارن ہائیٹ تک پہنچنے کا امکان ہے، جو ووٹر ٹرن آو¿ٹ کو متاثر کر سکتا ہے۔
الیکشن کے لیے 14 سے 22 جون تک جاری رہنے والی ابتدائی ووٹنگ میں پہلے ہی 4 لاکھ نیویارکرز اپنا ووٹ ڈال چکے ہیں۔
میئر کی دوڑ میں سب سے زیادہ توجہ دو نمایاں امیدواروں پر ہے: سابق گورنر اینڈریو کومو، جو ایک مرتبہ پھر سیاست میں واپسی کی کوشش کر رہے ہیں، اور ڈیموکریٹک سوشلسٹ سٹیٹ اسمبلی مین زوہران ممدانی۔ دونوں امیدواروں میں کانٹے دار مقابلہ جاری ہے ۔
ایمرسن کالج پولنگ کے ایک حالیہ سروے کے مطابق، رینکڈ چوائس ووٹنگ کے آٹھویں مرحلے میں ممدانی معمولی فرق سے آگے نکل سکتے ہیں۔
نیویارک سٹی کے مئیر کے لئے دیگر امیدواروں میں شامل ہیں:سٹی کمپٹرولر بریڈ لینڈر،سٹی کونسل اسپیکر ایڈرین ایڈمز،سٹیٹ سینیٹرزیل نور مائراور جیسیکا راموس،سابق کمپٹرولر اسکاٹ اسٹرنگر،ریورنڈ مائیکل بلیک،بزنس مین وٹنی ٹلسن
ووٹنگ بند ہونے کے بعد ابتدائی نتائج ہر پانچ منٹ میں اپ ڈیٹ ہوتے رہیں گے۔ تاہم، صرف پہلے مرحلے کے ووٹنگ نتائج منگل کی رات تک دستیاب ہوں گے۔ مکمل اور حتمی نتائج یکم جولائی کو دوپہر 12 بجے جاری کیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ رینکڈ چوائس ووٹنگ کے تحت ووٹرز اپنے پانچ پسندیدہ امیدواروں کو ترجیحی ترتیب میں چنتے ہیں، اور ہر مرحلے میں سب سے کم ووٹ لینے والا امیدوار خارج کر دیا جاتا ہے۔ اس کے ووٹ باقی امیدواروں میں دوبارہ تقسیم کیے جاتے ہیں، یہاں تک کہ کسی ایک امیدوار کو 50 فیصد سے زائد ووٹ حاصل ہو جائیں۔
یہ عمل زوہران ممدانی کے لیے فائدہ مند ثابت ہو سکتا ہے، جنہوں نے لینڈر اور بلیک کے ساتھ کراس اینڈورسمنٹ کے ذریعے ووٹرز کی حمایت حاصل کرنے کی کوشش کی ہے۔ دوسری جانب،اینڈریو کومو نے جیسیکا راموس کو اپنی مہم سے دستبردار ہونے پر قائل کر لیا ہے۔
مزید اپ ڈیٹس کے لیے اردو نیوز کو وزٹ کرتے رہیں ۔۔۔ اردو نیوز یو ایس اے
Who Will Be NYC Mayor? Primary Voting Begins, Results Expected to Be Announced in One Week



