نیویارک( اردو نیوز)امریکہ میں وفاقی عدالت، ڈسٹرکٹ آف ایری زونامیں پاکستانی شہری فرخ جرار علی پر نیشنل ہیلتھ کیئر فراڈ ٹیک ڈاو¿ن 2025 کے تحت 650 ملین ڈالر کے ہیلتھ کیئر اور منی لانڈرنگ اسکینڈل میں فردِ جرم عائد کی گئی ہے۔یو ایس جسٹس ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کردہ اور اپنی ویب سائٹ پر پوسٹ کردہ معلومات کے مطابق41 سالہ علی پر الزام ہے کہ انہوں نے ProMD Solutions کے نام سے پاکستان میں قائم اپنی کمپنی کے ذریعے ایری زونا میں کم از کم 41 منشیات بحالی مراکز (سبس ٹنس ابیوز کلینکس) کے لیے جعلی میڈیکل کوڈنگ، بلنگ، کریڈینشلنگ اور اندراج کی خدمات فراہم کیں۔ ان کلینکس کو ایریزونا کے میڈیکیڈ ادارے ”AHCCCS“کے ساتھ رجسٹر کروایا گیا، حالانکہ یہ کلینکس نہ صرف جعلی تھیں بلکہ علاج کی کوئی حقیقی سہولت مہیا نہیں کرتی تھیں۔
فردِ جرم کے مطابق، بہت سے مریض بے گھر افراد یا نیٹو امریکن ریزرویشنز سے لائے گئے تھے، اور علاج کے نام پر 650 ملین ڈالر کے جعلی بل ”AHCCCS“ کو بھیجے گئے۔ ان دعووں میں یا تو خدمات دی ہی نہیں گئیں، یا وہ اتنی ناقص تھیں کہ کسی علاج کا مقصد پورا نہیں کرتی تھیں۔ ان میں سے تقریباً 564 ملین ڈالر کی ادائیگی بھی کی جا چکی ہے۔
فرخ علی نے نہ صرف جعلی تھراپی نوٹس تیار کیے بلکہ ان ریکارڈز کو ”AHCCCS“ آڈٹس کے دوران پیش بھی کیا گیا۔ علی نے اس اسکیم سے تقریباً 24.5 ملین ڈالر کمائے، جن میں سے 2.9 ملین ڈالر سے انہوں نے دبئی کے ایک گالف اسٹیٹ میں گھر خریدا۔
اس کیس کی پیروی مڈویسٹ اسٹرائیک فورس کے ٹرائل اٹارنی ایس بابو کازا، نیشنل ریپڈ ریسپانس اسٹرائیک فورس کے اسسٹنٹ چیف جیمز ہیز، اور ڈسٹرکٹ آف ایریزونا کے اسسٹنٹ یو ایس اٹارنی میتھیو ولیمز کر رہے ہیں۔
Pakistani National Charged in $650 Million Health Care Fraud Scheme Involving Arizona Treatment Clinics



