نیویارک ( محسن ظہیر سے ) پاکستان نائب وزیر اعظم اور وفاقی وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نیویارک پہنچ گئے ہیں ۔ نیویارک آمد پر اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد اور واشنگٹن میں پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ نے وزیر خارجہ کا استقبال کیا ۔ اسحاق ڈار اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اہم اجلاسوں کی صدارت کریں گے ۔
واضح رہے کہ جولائی کے مہینے کے دوران سلامتی کونسل کی صدارت کی ذمہ داری پاکستان کے پاس ہے ۔اسحاق ڈار ”دوریاستی حل “ کے حوالے سے سعودی عرب اور فرانس کی میزبانی میں ہونیوالی کانفرنس میں بھی شریک ہونگے اور پاکستان کی نمائندگی کریں گے ۔
اسحاق ڈار نیویارک میں مصروف دن گزاریں گے۔ وہ اقوامِ متحدہ کے اعلیٰ سطحی سیاسی فورم برائے پائیدار ترقی کے وزارتی اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے اور قومی بیان دیں گے۔ نائب وزیرِاعظم اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل اور جنرل اسمبلی کے صدر سے ملاقات بھی کریں گے۔
سینیٹر اسحاق ڈار سمندری حیاتیاتی تنوع کے تحفظ اور قومی حدود سے باہر پائیدار استعمال کے معاہدے پر دستخط کی تقریب میں بھی شرکت کریں گے۔نیویارک کے بعد اسحاق ڈار واشنگٹن ڈی سی بھی جائیں گے جہاں ، پاکستانی سفارتخانے کے مطابق، وہ اہم اور دو طرفہ ملاقاتیں کریں گے ۔ نائب وزیر اعظم امریکہ میں ایک ہفتہ گذاریں گے ۔
Ishaq Dar in U.S. to Chair Key UN Security Council Events During Pakistan’s July Presidency
نوٹ : اہم خبروں کے لئے اردو نیوز یو ایس اے وزٹ کرتے رہیں ۔۔۔۔ اردو نیوز یو ایس اے



