پاکستان میں نئے صوبے بنانے کی حمایت کرتے ہیں، ارشد خان
تین کروڑ کا شہر کراچی40سال سے صوبے کا مطالبہ کر رہا ہے ،روشنیوں کا شہر تباہ ہو گیا
نیویارک(اردونیوز) پاک امریکہ کوآرڈنیشن کمیٹی کے چیئرمین ارشد خان نے پاکستان میں نئے صوبوں کے قیام کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ صوبائی نظام مکمل طور پر ناکام ہو چکا ہے۔25کروڑ کے ملک کو چار صوبوں کے ذریعے چلایاجا رہا ہے۔ مغربی پاکستان کے جب چارصوبے بنائے گئے تھے تو اس وقت پاکستان کی کل آبادی4 کروڑ تھی۔ ملک کی آبادی کے تناسب سے اب صورتحال بدل چکی ہے۔ مگر ملک کے حکمرانوں نے کبھی سنجیدگی کے ساتھ عوام کے مسائل کو حل کرنے کیلئے کوئی موثر اقدام نہیں اٹھایا۔
جس کی وجہ سے ملک کے متخلف حصوں سے صوبوں کیلئے آوازیں اٹھتی رہی ہیں۔ کبھی ہزارہ سے اور کبھی کبھی سرائیکی صوبے کے نعرے لگے اور خاص طور پر سندھ میں کراچی جیسے شہر کے ساتھ انتہائی نا انصافی کرتے ہوئے کراچی جیسے روشنیوں کے شہر کو کھنڈرات میں تبدیل کر دیاگیا ہے۔ کراچی کے عوام بھی پچھلے چالیس سال سے صوبے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ اب جب کہ حکومتی ذرائع پاکستان میں نئے صوبوں کے قیام کی بات کر رہے ہیں۔ تو پاکستان کے عوام کیلئے بالکل درست فیصلہ ہو گا اور ہم ملک میں صوبوں کے قیام کیلئے ہر سطح پر حکومت کے ساتھ ہیں۔



