مسلم آفیسرز سوسائٹی کے صدر ڈپٹی انسپکٹر وحید اختر نے مئیر نیویارک کے امیدوار زوہران ممدانی کی حمایت کر دی
بیس سال سے زائد قانون نافذ کرنے کے تجربے اور امریکہ میں پہلے سے کی گئی مشترکہ کاوشوں کے بعد میرا یقین ہے کہ ممدانی ،نیویارک سٹی کے میئر کے لیے بہترین انتخاب ہیں، ڈپٹی انسپکٹر وحید اختر
نیویارک ( اردو نیوز) نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ میں مسلم امریکن پولیس ایگزیکٹوز اور آفیسرز کی نمائندہ تنظیم مسلم آفیسرز سوسائٹی ( MOS) کے پریذیڈنٹ ڈپٹی انسپکٹر وحید اختر نے ذاتی طور پر نیویارک سٹی کے مئیر کے لئے ڈیموکریٹ پارٹی کے نامزد امیدوار اسمبلی مین زوہران ممدانی کی مئیر الیکشن میں تائید و حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔ اس بات کا اعلان وحید اختر کی جانب سے جاری کردہ خصوصی بیان میں کیا گیا ۔
وحید اختر نے اپنے بیان میں کہا کہ بیس سال سے زائد قانون نافذ کرنے کے تجربے اور امریکہ میں پہلے سے کی گئی مشترکہ کاوشوں کے بعد میرا یقین ہے کہ ممدانی ،نیویارک سٹی کے میئر کے لیے بہترین انتخاب ہیں۔ عوامی تحفظ کے لیے ان کا وژن اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی غیر متزلزل حمایت اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ وہ شہر کو محفوظ بنانے اور کمیونٹی تعلقات کو مضبوط کرنے کے لیے واقعی پرعزم ہیں۔
وحید اختر نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ زوہران ممدانی نے جدید حکمت عملیاں پیش کی ہیں، جیسے کہ غیر پرتشدد بحران کی صورتحال کو سنبھالنے کے لیے سوشیل ورکرز کو شامل کرکے ریسپانس ٹائم کم کرنا، تاکہ عوامی تحفظ میں کارکردگی اور ہمدردی دونوں یقینی بنائی جا سکیں۔ ان کی انصاف، دیانت، مساوات اور عدل کے لیے وابستگی انہیں وہ رہنما بناتی ہے جس کی نیویارک کو ضرورت ہے۔
وحید اختر نے کہا کہ میں فخر سے ممدانی کے ساتھ کھڑا ہوں اور دعا کرتا ہوں کہ خدا انہیں طاقت اور بصیرت عطا کرے تاکہ وہ اس شاندار شہر کے عوام کے لیے بہترین خدمات انجام دے سکیں۔انہوں نے اپنے دوست احباب سے بھی اپیل کی کہ وہ چار نومبر کو ہونیوالے الیکشن میں ممدانی کو ووٹ دیں ۔وحید اختر کا کہنا تھا کہ یہ ہمارے لیے ایک طویل عرصے بعد آنے والا سنہری موقع ہے۔
نوٹ : تازہ اور اہم ترین خبروں کے لئے پڑھتے رہیں ۔۔۔ اردو نیوز یو ایس اے
Muslim Officers Society President Waheed Akhtar endorses Zohran Mamdani for New York City Mayor



