پاکستانامیگریشن نیوز

نیوجرسی کی مسلم امریکن کمیونٹی کے مسائل سے آگاہ ہوں اور ان کے حل کےلئے پرعزم ہوں، سینیٹر اینڈی کم

Senator Andy Kim denounces Islamophobia, immigration crisis, and shutdown; calls for urgent reforms

نیوجرسی کی مسلم امریکن کمیونٹی کے مسائل سے آگاہ ہوں اور ان کے حل کےلئے پرعزم ہوں، سینیٹر اینڈی کم

امیگریشن کے حوالاتی سنٹرزکے حالات ناقابلِ قبول، اصلاحات ناگزیر ہیں ، سینیٹر اینڈی کم،اسلاموفوبیا، حکومتی شٹ ڈاؤن اور امیگریشن بحران ، سینیٹر اینڈی کم نے امریکی نظام کی ناکامیوں پر آواز اٹھادی

نیوجرسی ( محسن ظہیر سے ) امریکی ریاست نیو جرسی سے تعلق رکھنے والے یو ایس سینیٹر اینڈی کم (ڈیموکریٹ) نیوجرسی میں بسنے والی مسلم کمیونٹی کا ریاست کی تعمیر و ترقی میں قابل خدمات ہیں ، نیوجرسی میں اسلامو فوبیا سمیت کسی بھی قسم کی نفرت کی کوئی گنجائش نہیں ہونی چاہئیے، ٹرمپ انتظامیہ کی امیگریشن کے حوالے سے پالیسیوں پر تشویش ہے ، ریپبلکن شٹ ڈاو¿ں نے عام امریکیوں کی زندگی مفلوج کر دی ہے ، نظام میں شفافیت لانا ہو گی ، ان ملے جلے خیالات کا اظہار انہوں نے مونٹ کئیر یونیورسٹی کے سنٹر فار کواپریٹو میڈیا کے زیر اہتمام بذریعہ زوم پریس کانفرنس کے دوران کیا ۔ سینیٹر کم نے ہیلتھ کئیر، تعلیم، امیگریشن پالیسیوں ، امیگریشن بحران ، ہاو¿سنگ سمیت اہم امور پر تفصیلی بات چیت کی ۔ اس پریس بریفنگ کی نظامت اونی ایڈونکولا، ڈائریکٹر آف ایتھنک میڈیا انیشی ایٹیوز، نے کی۔
سینیٹر اینڈی کم، جو امریکی تاریخ میں پہلے کورین نژاد اور نیو جرسی کے پہلے ایشیائی امریکی سینیٹر ہیں، نے کہا کہ وہ ایک ایسے گھرانے سے تعلق رکھتے ہیں جو تارکین وطن پس منظر رکھتا ہے، اور اسی وجہ سے وہ نیو جرسی کی متنوع آبادی کی نمائندگی کو ایک اعزاز سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی سیاست کا بنیادی مقصد لوگوں کو متحد کرنا، تقسیم کے بجائے تعلق پیدا کرنا، اور حکومت میں شفافیت کو یقینی بنانا ہے۔

اردو نیوز کے محسن ظہیر کے ایک سوال کے جواب میں، سینیٹر کم نے کہا کہ نیو جرسی کی مسلم کمیونٹی ریاست کی تعمیر اور ترقی میں ایک بنیادی کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ مختلف مساجد اور اسلامی تنظیموں کا دورہ کر چکے ہیں تاکہ براہِ راست کمیونٹی کے خدشات کو سن سکیں۔ سینیٹر کم نے کہا کہ اسلاموفوبیا اور مذہبی امتیاز کے خاتمے کے لیے قانون سازی اور عوامی آگاہی دونوں سطحوں پر کام جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ ہوم لینڈ سیکیورٹی کمیٹی کے رکن کی حیثیت سے امیگریشن اور مذہبی آزادی سے متعلق امور پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔
صدر ٹرمپ کی امیگریشن پالیسیوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے سینیٹر کم نے کہا کہ امیگرنٹس اس ملک کی ریڑھ کی ہڈی ہیں، اور ان کے خلاف امتیازی پالیسیوں کا خاتمہ ضروری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ انہوں نے نیو جرسی کے امیگریشن ڈیٹینشن سینٹرز، جیسے ڈیلینی ہال اور الزبتھ فیسلٹی، کے اچانک دورے کیے تاکہ وہاں موجود حالات کا خود جائزہ لیا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ کچھ ادارے جیسے امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ ( آئس۔ICE)اپنے اختیارات سے تجاوز کر رہے ہیں، اور ان کے بجٹ میں ری پبلکن قیادت کے ذریعے اربوں ڈالر کا اضافہ غیر ضروری طور پر ان کے اثر کو بڑھا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ایسی قانون سازی کے حامی ہیں جو امیگریشن پالیسی کو انسانی بنیادوں پر استوار کرے۔
امریکہ میں جاری شٹ ڈاؤن کے بارے میں بات کرتے ہوئے سینیٹراینڈی کم نے کہا کہ موجودہ بحران براہِ راست ری پبلکن سپیکر مائیک جانسن کی ہٹ دھرمی کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیموکریٹس نے مذاکرات کے لیے متعدد بار پیشکش کی، لیکن سپیکر جانسن نے ایوان نمائندگان کو چھٹی پر بھیج دیا، جبکہ لاکھوں وفاقی ملازمین، فوجی اہلکار، اور حکومتی ٹھیکیدار بغیر تنخواہ کے کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شٹ ڈاو¿ن کے اثرات خاص طور پر کم آمدنی والے طبقات، بزرگ شہریوں، اور صحت و تعلیم کے نظام پر پڑ رہے ہیں۔
سینیٹر کم نے تعلیم کے حوالے سے کہا کہ وہ پیل گرانٹس اور ورک اسٹڈی پروگرامز میں توسیع کے لیے قانون سازی پر کام کر رہے ہیں تاکہ کم آمدنی والے گھرانوں کے طلبہ کو اعلیٰ تعلیم کے مواقع میسر رہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ انتظامیہ ان پروگراموں میں کمی کر کے لاکھوں نوجوانوں کے مستقبل کو خطرے میں ڈال رہی ہے۔ ہیلتھ کئیر کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ وفاقی سطح پر میڈی کیڈ میں کٹوتی سے نیو جرسی کے تقریباً ساڑھے تین لاکھ شہری متاثر ہوں گے، جن میں زیادہ تر بزرگ اور کم آمدنی والے خاندان شامل ہیں۔
انہوں نے ایتھنک اور کمیونٹی میڈیا کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس ملک کی کثیرالثقافتی ساخت کو سمجھنے کے لیے ضروری ہے کہ حکومت اور میڈیا کے درمیان دو طرفہ رابطہ مضبوط ہو۔ سینیٹر کم نے کہا کہ وہ وفاقی سطح پر ایسی پالیسیوں کے حامی ہیں جو مقامی میڈیا کو وسائل فراہم کریں تاکہ مختلف زبانوں میں عوام تک درست معلومات پہنچ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ کمیونٹی میڈیا ہی وہ طاقت ہے جو مختلف پس منظر رکھنے والے امریکیوں کو ایک دوسرے سے جوڑتی ہے۔
پریس بریفنگ کے اختتام پر سینیٹر اینڈی کم نے کہا کہ وہ نیو جرسی کے عوام، خصوصاً مسلم اور ایشیائی امریکی کمیونٹیز کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم بنائیں گے اور ان کے مسائل کو وفاقی سطح پر اجاگر کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی ترجیح انصاف، احترام اور مساوات پر مبنی سیاست ہے تاکہ ہر امریکی خود کو حکومت کا برابر کا حصہ محسوس کرے۔

Senator Andy Kim denounces Islamophobia, immigration crisis, and shutdown; calls for urgent reforms

Related Articles

Back to top button