سٹیٹن آئی لینڈ ،بروکلین اوربرونکس میں حلال اینڈ کوشر فوڈ پینٹریز
مسلم جیوئش کمیونٹی سنٹر ، ، مرشد سوشل اڈلٹ ڈے کئیر سنٹر اینڈ اوردرویش سوشل اڈلٹ ڈے کئیر سنٹرکمیونٹی ہیلپ سنٹر کے زیر اہتمام سینکڑوں نیویارکرز میں اشیائے خوردو نوش تقسیم کی گئیں
نیویارک کے تینوں بوروز میں قائم سوشل اڈلٹ ڈے کئیر سنٹرز اینڈ کمیونٹی ہیلپ سنٹر کے زیر اہتمام فوڈ پینٹریز کے انعقاد پر ضرورت مند نیویارکرز کا اظہار تشکر
نیویارک (اردو نیوز) نیویارک سٹی کے تین بڑے بوروز، بروکلین، برونکس اور سٹیٹن آئی لینڈ میں اس ہفتے حلال اور کوشر فوڈ پینٹریزکا انعقاد کیا گیا جن میں سینکڑوں ضرورت مند نیویارکرز میں اشیائے خوردونوش تقسیم کی گئیں۔ یہ تقریبات مختلف کمیونٹی ہیلپ سینٹرز اور سوشل اڈلٹ ڈے کئیر سینٹرزکے تعاون سے منعقد ہوئیں جن کا مقصد تمام مذہبی و نسلی برادریوں کے افراد تک خوراک کی فراہمی یقینی بنانا تھا۔
برونکس میں درویش سنٹر کا فوڈ ڈسٹری بیوشن،18 اکتوبر بروز ہفتہ برونکس میں درویش سنٹر، سوشل اڈلٹ ڈے کئیر اینڈ کمیونٹی ہیلپ سینٹرکے تحت فوڈ پینٹری کا انعقاد کیا گیا، جہاں درجنوں رضاکاروں نے درجنوں خاندانوں میں حلال اور کوشر خوراکی سامان تقسیم کیا۔ شرکاءنے انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام کمیونٹی کی یکجہتی اور تعاون کی بہترین مثال ہے۔
سٹیٹن آئی لینڈ میں مسلم جیوئش کمیونٹی کا اشتراک؛17 اکتوبر بروز جمعہ سٹیٹن آئی لینڈمیں نیویارک مسلم جیوئش کمیونٹی ہیلپ سینٹرکے زیراہتمام فوڈ ڈسٹری بیوشن کا انعقاد کیا گیا، جس میں تقریباً چار سو سے زائد افرادنے شرکت کی۔ اس موقع پر مقررین نے مسلم اور یہودی برادریوں کے باہمی اشتراک کو نیویارک کی ہم آہنگی اور بین المذاہب تعاون کی علامت قرار دیا۔
بروکلین میں مرشد سنٹر کی سرگرمی؛بروکلین میں مرشد سنٹر، سوشل اڈلٹ ڈے کئیر اینڈ ہیلپ سینٹرکے زیراہتمام بھی حلال و کوشر فوڈ پینٹری کا اہتمام کیا گیا، جہاں ضرورت مندوں میں خوراکی سامان کی تقسیم کے ساتھ ساتھ صحت و بہبود سے متعلق معلوماتی مواد بھی فراہم کیا گیا۔
شرکاءنے کہا کہ نیویارک جیسے بڑے شہر میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کے دور میں ایسے اقدامات حقیقی ریلیف فراہم کرتے ہیں۔ منتظمین کے مطابق ان فوڈ پینٹریز کو آئندہ بھی ماہانہ بنیادوں پر جاری رکھا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد مستفید ہو سکیں۔



