نیویارک سٹی میں فلو کی وبا میں تشویشناک حد تک اضافہ
نیویارک اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ آف ہیلتھ کے مطابق شہر میں فلو کے کیسز میں 73 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے
نیویارک (اردو نیوز) نیویارک سٹی میں فلو کی وبا میں تشویشناک حد تک اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ نیویارک اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ آف ہیلتھ کے مطابق شہر میں فلو کے کیسز میں 73 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
محکمہ صحت کی جانب سے جاری تازہ اعداد و شمار کے مطابق ریاست بھر میں فلو کے 47 ہزار 522 کیسز رپورٹ ہوئے، جن میں سے 24 ہزار 471 کیسز صرف نیویارک سٹی میں سامنے آئے ہیں۔
شہر کے مختلف علاقوں میں موازنہ کیا جائے تو مین ہیٹن میں سب سے زیادہ اضافہ دیکھا گیا، جہاں ایک ہفتے کے دوران فلو کے کیسز میں 104 فیصد اضافہ ہوا۔ اس کے بعد برونکس کا نمبر آتا ہے، جہاں کیسز میں 98 فیصد اضافہ رپورٹ کیا گیا ہے۔
محکمہ صحت نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے، فلو ویکسین لگوانے اور علامات ظاہر ہونے کی صورت میں فوری طور پر ڈاکٹر سے رجوع کرنے کی ہدایت کی ہے۔



