شیخ توقیر الحق کا اسلام آباد مسجد خودکش حملے کی شدید مذمت، شہداء کے لیے دعا
اے پیک اور اس کے تمام بورڈ ممبران، ٹیم اور اوورسیز مسلم کمیونٹی اس سفاکانہ دہشت گردی کی پرزور مذمت کرتی ہے، شیخ توقیر الحق
نیویارک (پ ر ) پاکستانی امریکن کمیونٹی کی نمائندہ تنظیم آل پاکستانی امریکن کولیشن (APAC) کے چیئرمین شیخ توقیر الحق نے اسلام آباد کی ایک مسجد میں نمازِ جمعہ کے دوران ہونے والے ہولناک خودکش دہشت گرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے، جس میں 100 سے زائد نمازی شہید جبکہ تقریباً 150 افراد شدید زخمی ہوگئے۔
اپنے بیان میں شیخ توقیر الحق نے کہا کہ اے پیک اور اس کے تمام بورڈ ممبران، ٹیم اور اوورسیز مسلم کمیونٹی اس سفاکانہ دہشت گردی کی پرزور مذمت کرتی ہے۔ بے گناہ نمازیوں کا قتل انسانیت کے خلاف سنگین جرم ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔
انہوں نے شہداء کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ تمام شہداء کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور ان کے لواحقین کو اس عظیم سانحے کو برداشت کرنے کی ہمت اور صبر عطا کرے۔ آمین۔ انہوں نے تمام شہداء کے خاندانوں سے دلی تعزیت اور افسوس کا اظہار بھی کیا۔
شیخ توقیر الحق نے مطالبہ کیا کہ اس دہشت گرد حملے میں ملوث تمام مجرموں کو فوری طور پر سخت سے سخت سزا دی جائے تاکہ انصاف کا بول بالا ہو اور آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام ممکن بنائی جا سکے۔



