اوورسیز پاکستانیز

نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ میں ایک سال میں دو بار ترقی حاصل کرنے والے پاکستانی امریکن آفیسرز سمیت دیگر کی ترقیاں ، کائنات اسلم ڈیٹیکٹو بن گئیں

ڈٹیکٹیو صغیر احمد اور ڈٹیکٹیو محمد شان ایک سال کے اندر دو بار ترقی حاصل کرکے سارجنٹ بن گئے ، نیویارک پولیس میں تین پاکستانی امریکن لیفٹنٹ کا بھی اضافہ ہو گیا

نیویارک(اردو نیوز) نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ میں جمعہ کے روز ہونے والی پروموشن تقریب کے دوران متعدد پاکستانی امریکن پولیس افسران کو اہم عہدوں پر ترقی دے دی گئی۔ یہ تقریب پولیس ہیڈکوارٹر میں نہایت پروقار انداز میں منعقد ہوئی جس میں پولیس کمشنر جیسیکا ٹش سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
تقریب میں دو پاکستانی امریکن ڈٹیکٹیوز کی غیر معمولی کارکردگی کو خصوصی طور پر سراہا گیا، جنہوں نے ایک ہی سال کے دوران دو مرتبہ ترقی حاصل کی۔ پہلے وہ ڈٹیکٹیو کے عہدے پر فائز ہوئے اور بعد ازاں ایک سال کے اندر سارجنٹ کے عہدے پر ترقی پا گئے۔ ان میں ڈٹیکٹیو صغیر احمد اور ڈٹیکٹیو محمد شان شامل ہیں، جنہیں اب باقاعدہ طور پر سارجنٹ کے عہدے کی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔محمد شان کو یہ اعزاز حاصل رہا ہے کہ انہوں نے پانچ ماہ میں دو بار ترقیاں حاصل کیں۔
اسی تقریب میں پاکستانی امریکن خاتون پولیس آفیسر کائنات اسلم نے بھی نمایاں کامیابی حاصل کرتے ہوئے ڈٹیکٹیو کے عہدے پر ترقی پائی، جو کمیونٹی کے لیے باعثِ فخر لمحہ قرار دیا جا رہا ہے۔
جمعہ کو ہونے والی ترقیوں میں تین پاکستانی امریکن پولیس افسران لیفٹیننٹ کے عہدے تک پہنچنے میں کامیاب ہوئے۔ ان میں لیفٹیننٹ جاوید جاوید، لیفٹیننٹ محسن جاوید اور لیفٹیننٹ ارسلان سلیمان شامل ہیں۔
تقریب کے دوران پولیس کمشنر جیسکا ٹِش نے ترقی پانے والے افسران کو اسناد پیش کیں جبکہ انہیں نئے عہدوں کے پین اور بیجز بھی لگائے گئے۔
اس موقع پر بڑی تعداد میں پولیس افسران اور ترقی پانے والوں کے اہل خانہ موجود تھے۔ شرکا نے افسران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کی محنت، لگن اور پیشہ ورانہ خدمات پر نہ صرف ڈیپارٹمنٹ بلکہ پوری پاکستانی امریکن کمیونٹی کو فخر ہے۔
پاکستانی امریکن لائ انفورسمنٹ سوسائٹی اور مسلم آفیسرز سوسائٹی کی جانب سے بھی ترقی پانے والے آفیسرز کو مبارکباد دی گئی ہے۔ واضح رہے کہ نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ میں تین ہزار سے زائد مسلم امریکن جبکہ سات سو کے قریب پاکستانی امریکن خدمات انجام دے رہے ہیں جو کہ نہ صرف اپنی محبت اور قابلیت سے اعلیٰ مقام حاصل کررہے ہیں بلکہ کمیونٹی کا نام بھی روشن کررہے ہیں۔

Pakistani American Officers Earn Major Promotions in NYPD; Kainat Aslam Becomes Detective, Two Officers Rise to Sergeant Twice in One Year

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button