پاکستانخبریں

نیویارک کے مڈ ٹاؤن بس ٹرمینل کی تعمیر نو شروع، مسافروں کو 9 سال سے زائد عرصے تک مشکلات کا سامنا رہے گا

تقریباً 75 سال پرانے مڈ ٹاؤن بس ٹرمینل کی تعمیر نو پر 11 ارب ڈالر لاگت آنے کا تخمینہ ہے۔ اس ٹرمینل سے روزانہ تقریباً دو لاکھ مسافر سفر کرتے ہیں

نیویارک کے مڈ ٹاؤن بس ٹرمینل کی تعمیر نو شروع، مسافروں کو 9 سال سے زائد عرصے تک مشکلات کا سامنا رہے گا
تقریباً 75 سال پرانے مڈ ٹاؤن بس ٹرمینل کی تعمیر نو پر 11 ارب ڈالر لاگت آنے کا تخمینہ ہے۔ اس ٹرمینل سے روزانہ تقریباً دو لاکھ مسافر سفر کرتے ہیں

نیویارک (اردو نیوز) نیویارک اور نیو جرسی کے درمیان روزانہ سفر کرنے والے ہزاروں افراد کے لیے مشکلات کا ایک طویل دور شروع ہونے جا رہا ہے۔ پورٹ اتھارٹی کے مڈ ٹاو¿ن بس ٹرمینل کی تعمیر نو کے اگلے
مرحلے کا آغاز جمعرات سے ہوگیا، جس کے نتیجے میں بسوں کے راستے تبدیل کیے جائیں گے اور رش کے اوقات میں تاخیر کا خدشہ ہے۔
تقریباً 75 سال پرانے اس بس ٹرمینل کی تعمیر نو پر 11 ارب ڈالر لاگت آنے کا تخمینہ ہے۔ اس ٹرمینل سے روزانہ تقریباً دو لاکھ مسافر سفر کرتے ہیں۔ منصوبے کا مقصد پرانی اور خستہ حال عمارت کو جدید سہولتوں سے آراستہ کرنا اور بسوں کی آمدورفت کے نظام کو بہتر بنانا ہے۔
تعمیراتی کام کے نئے مرحلے میں لنکن ٹنل سے موجودہ ٹرمینل تک آنے والے بسوں کے ریمپ ہٹائے جائیں گے۔ اس کے باعث نیو جرسی سے مین ہیٹن آنے والی بسوں کو متبادل راستہ اختیار کرنا ہوگا۔ یہ بسیں ویسٹ 39ویں اسٹریٹ سے ہوتی ہوئی ٹینتھ ایونیو تک جائیں گی، جہاں سے ایک دوسرے ریمپ کے ذریعے ٹرمینل میں داخل ہوں گی۔
پورٹ اتھارٹی نے مسافروں کو خبردار کیا ہے کہ تعمیراتی سرگرمیوں کے باعث آئندہ طویل عرصے تک، خصوصاً ہفتے کے دنوں میں صبح اور شام کے رش کے اوقات میں، بسوں کی آمدورفت متاثر ہوسکتی ہے۔ بسوں کی قطاریں لگنے اور سفر میں تاخیر کے امکانات بھی ظاہر کیے گئے ہیں۔
ویسٹ 39ویں اسٹریٹ پر گاڑیوں کی آمدورفت بھی محدود کی جائے گی اور اس سڑک پر صرف ان ڈرائیوروں کو اجازت ہوگی جو متعلقہ علاقے میں رہتے یا کام کرتے ہیں۔
حکام کے مطابق یہ تبدیلیاں ایک ایسے منصوبے کا ابتدائی مرحلہ ہیں جس کی وجہ سے مسافروں کو کم از کم مزید نو سال تک تعمیراتی سرگرمیوں کے اثرات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
منصوبے کے پہلے مرحلے میں نئے ریمپ تعمیر کیے جائیں گے اور ایک عارضی بس ٹرمینل قائم کیا جائے گا، جہاں 2030 کے اختتام تک بس سروسز منتقل کرنے کا ہدف ہے۔ اس کے علاوہ بسوں کی پارکنگ اور اسٹوریج کے لیے سہولت اور نئے ریمپ بھی تعمیر کیے جائیں گے۔
دوسرے مرحلے میں جدید ٹرمینل کی نئی عمارت تعمیر کی جائے گی، جسے 2035 میں مسافروں کے لیے کھولنے کا منصوبہ ہے۔
نئے ٹرمینل میں بسوں کی گنجائش بڑھانے کے ساتھ مسافروں کے لیے جدید سہولتیں، خریداری اور کھانے پینے کے نئے مقامات، بہتر سڑکیں اور قریبی علاقوں میں ٹریفک کی بھیڑ کم کرنے کے انتظامات شامل ہوں گے۔ اس کے علاوہ زیر زمین سب وے اسٹیشن تک رسائی بھی آسان بنانے کا منصوبہ ہے۔
ٹرمینل پر سفر کرنے والے مسافروں نے نئی تعمیرات کو ضروری قرار دیا، تاہم روزمرہ سفر میں ممکنہ مشکلات پر تشویش کا اظہار بھی کیا۔57 سالہ مسافر ولیمز بارنز نے کہا کہ موجودہ ٹرمینل کی حالت انتہائی خراب ہے اور اس کے باتھ رومز سمیت متعدد سہولتوں کو بہتر بنانے کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ نئی تعمیرات کے منتظر ہیں، لیکن خدشہ ہے کہ جب تک یہ منصوبہ مکمل ہوگا، وہ ریٹائر ہوچکے ہوں گے۔
دوسری جانب نیو جرسی سے روزانہ مین ہیٹن کام کے لیے آنے والے 32 سالہ جوزف گیویرا نے کہا کہ راستوں میں تبدیلی ان کی روزمرہ زندگی کو بری طرح متاثر کرسکتی ہے۔ وہ صبح چھ بجے کام شروع کرتے ہیں اور انہیں خدشہ ہے کہ بسوں کی تاخیر کے باعث وہ وقت پر کام پر نہیں پہنچ سکیں گے۔
مڈ ٹاو¿ن بس ٹرمینل نیو جرسی اور نیویارک کے درمیان روزانہ سفر کرنے والے ملازمین اور دیگر مسافروں کے لیے ایک اہم مرکز ہے۔ تعمیر نو سے مستقبل میں سفری سہولتیں بہتر ہونے کی توقع ہے، تاہم طویل تعمیراتی مدت کے دوران مسافروں کو اپنے سفر کی منصوبہ بندی پہلے سے کرنے اور اضافی وقت رکھنے کی ضرورت پیش آسکتی ہے۔

Urdu News USA

Urdu News USA https://www.urdunewsus.com/

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے