امریکی جیلوں میں غیر قانونی موبائل فون جام کرنے کی اجازت پر 19 نومبر کو ووٹنگ ہوگی
قیدی غیر قانونی موبائل فونز کے ذریعے پرتشدد حملوں کی منصوبہ بندی، گینگ سرگرمیوں اور دیگر جرائم میں ملوث ہونے کے لیے رابطے کرتے ہیں، چئیرمین ایف سی سی برینڈن کار
امریکی جیلوں میں غیر قانونی موبائل فون جام کرنے کی اجازت پر 19 نومبر کو ووٹنگ ہوگی
قیدی غیر قانونی موبائل فونز کے ذریعے پرتشدد حملوں کی منصوبہ بندی، گینگ سرگرمیوں اور دیگر جرائم میں ملوث ہونے کے لیے رابطے کرتے ہیں، چئیرمین ایف سی سی برینڈن کار
واشنگٹن ڈی سی ( اردو نیوز یو ایس اے )امریکی فیڈرل کمیونیکیشن کمیشن (ایف سی سی) کے چیئرمین برینڈن کار نے اعلان کیا ہے کہ کمیشن 19 نومبر 2026 کو جیلوں میں اسمگل کیے جانے والے غیر قانونی موبائل فونز کے سگنلز جام کرنے کی اجازت دینے کے لیے حتمی قواعد پر ووٹنگ کرے گا۔
آرکنساس میں اس اعلان کے موقع پر سینیٹر ٹام کاٹن، ریاست کے اٹارنی جنرل ٹم گرفن اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حکام بھی موجود تھے۔ برینڈن کار کے مطابق، قیدی غیر قانونی موبائل فونز کے ذریعے پرتشدد حملوں کی منصوبہ بندی، گینگ سرگرمیوں اور دیگر جرائم میں ملوث ہونے کے لیے رابطے کرتے ہیں۔ بعض واقعات میں بچوں کے استحصال کے لیے بھی ان آلات کے استعمال کی نشاندہی ہوئی ہے۔
ایف سی سی کے مجوزہ قواعد کے تحت ریاستی اور وفاقی جیلوں کو مخصوص حالات میں غیر قانونی موبائل فونز کے سگنلز جام کرنے کی اجازت دی جا سکے گی، تاہم کسی جیل کے لیے اس ٹیکنالوجی کا استعمال لازمی نہیں ہوگا۔
برینڈن کار نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد جیلوں کے اندر سے جرائم کی منصوبہ بندی اور غیر قانونی رابطوں کو روکنا اور عوامی تحفظ بہتر بنانا ہے۔ سینیٹر ٹام کاٹن نے بھی اس اقدام کی حمایت کرتے ہوئے کانگریس سے موبائل فون سگنلز جام کرنے سے متعلق قانون سازی کی اپیل کی۔
ایف سی سی کے مطابق، سگنلز جام کرنے کی ٹیکنالوجی استعمال کرنے سے پہلے متعلقہ اداروں کو تکنیکی جانچ اور حفاظتی تقاضے پورے کرنا ہوں گے۔ اس بات کو یقینی بنانا ضروری ہوگا کہ جیل کی مقررہ حدود سے باہر موبائل نیٹ ورکس، ہنگامی خدمات اور عام صارفین کے رابطے متاثر نہ ہوں۔ کمیشن کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے غیر قانونی موبائل فونز کے ذریعے ہونے والی مجرمانہ سرگرمیوں کی روک تھام میں مدد مل سکتی ہے۔
FCC to Vote November 19 on Allowing Prisons to Jam Illegal Cellphones



