پاکستاناوورسیز پاکستانیز

نیویارک میں آف ڈیوٹی فیڈرل آفیسر پر فائرنگ: حملہ آور گرفتار،مئیر ایڈمز، آفیسر کی ہسپتال میں تیمارداری

Mayor Adams: Off-Duty Federal Officer Shot in NYC Park, Suspect with Violent Record in Custody

واقعہ اتوار20جولائی کی رات کو پیش آیا جب آفیسر ایک دوست کے ہمراہ پارک میں موجود تھے، دو افراد ایک اسکوٹر پر سوار آئے، جن میں سے ایک نے اتر کر ہتھیار نکالا اور آفیسر پر فائر کھول دیا
میئر ایرک ایڈمز، پولیس کمشنر جیسیکا ٹش، ڈپٹی میئر ڈاٹری، اور کسٹمز اینڈ بارڈر پروٹیکشن کے فیلڈ ڈائریکٹر فرانک روسو نے ہارلم ہسپتال میں زخمی آفیسر کی عیادت کی

نیویارک (محسن ظہیر) نیویارک کے رِیور سائیڈ پارک میں ایک دل دہلا دینے والے واقعے میں یو ایس کسٹمز اینڈ بارڈر پروٹیکشن کا ایک آف ڈیوٹی فیڈرل آفیسر رات گئے فائرنگ کا نشانہ بن گیا۔ یہ واقعہ اتوار20جولائی کی رات تقریباً 11:53 پر پیش آیا جب آفیسر ایک دوست کے ہمراہ پارک میں موجود تھے۔ دو افراد ایک اسکوٹر پر سوار آئے، جن میں سے ایک نے اتر کر ہتھیار نکالا اور آفیسر پر فائر کھول دیا، جس کے نتیجے میں آفیسر کے چہرے اور بازو پر گولیاں لگیں۔ آفیسر نے جواباً فائرنگ کی۔
میئر ایرک ایڈمز، پولیس کمشنر جیسیکا ٹش، ڈپٹی میئر ڈاٹری، اور کسٹمز اینڈ بارڈر پروٹیکشن کے فیلڈ ڈائریکٹر فرانک روسو نے ہارلم ہسپتال میں زخمی آفیسر کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کی۔ میئر ایڈمز نے اس واقعے کو مجرمانہ نظامِ انصاف کی ناکامی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ اس بات کی مثال ہے کہ کس طرح جرائم پیشہ افراد بار بار قانون نافذ کرنے والے اداروں سے بچ نکلتے ہیں۔
کمشنر جیسیکا ٹِش نے بتایا کہ سیکیورٹی کیمروں کی فوٹیج کے مطابق حملہ آور زخمی حالت میں اسکوٹر پر واپس گیا اور موقع سے فرار ہو گیا۔ جائے وقوعہ سے دو قسم کی گولیوں کے خول اور خون کے نشانات ملے جنہیں ڈی این اے جانچ کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق ایک مشتبہ شخص، 21 سالہ میگوئل مورا، رات 12:18 پر برونکس کے اسپتال میں گولی لگنے کے زخموں کے ساتھ داخل ہوا۔ سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق حملہ آور کو بھی ایسے ہی زخم آئے تھے۔ مورا کا ڈی این اے اور جائے وقوعہ سے ملنے والے خون کا موازنہ کیا جا رہا ہے۔
تحقیقات سے معلوم ہوا کہ مورا نے 2023 میں غیر قانونی طور پر امریکہ میں داخل ہوا، اور اس کے خلاف نیویارک میں گھریلو تشدد، ڈکیتی، اور چاقو سے حملے جیسے مقدمات درج ہیں۔ اس کے خلاف میساچوسٹس میں ایک پون شاپ سے اسلحہ چوری کرنے کا کیس بھی ہے اور وہ ملک بدری کے حکم کا بھی سامنا کر رہا ہے۔
ڈائریکٹر فرانک روسو نے زخمی آفیسر کو ہیرو قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر وہ حملہ آور کو روکنے کی بہادری نہ دکھاتے، تو مزید وارداتیں ممکن تھیں۔افسران نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی کے پاس حملہ آور کے ساتھی کے بارے میں کوئی معلومات ہوں تو فوری طور پر 1-800-577-TIPS پر رابطہ کریں۔

نوٹ : اہم خبروں کے لئے اردو نیوز یو ایس اے وزٹ کرتے رہیں ۔۔۔۔ اردو نیوز یو ایس اے

Mayor Adams: Off-Duty Federal Officer Shot in NYC Park, Suspect with Violent Record in Custody

Related Articles

Back to top button