پاکستان

لاہور میں جوہر ٹاون میں دھماکا خیز مواد والی گاڑی کھڑی کرنے والا ملزم بھی گرفتار

گرفتار دہشت گرد کی شناخت عید گل کے نام سے ہوئی ہے، ملزم کی گرفتاری کے بعد پہلے سے گرفتار گاڑی کے آخری مالک پال ڈیوڈ نے بھی دہشت گرد کی شناخت کر لی ہے

لاہور(خصوصی رپورٹ)لاہور میں جوہرٹاون کے علاقے میں دھماکہ خیز مواد سے بھری گاڑی، پارک کرنے والے ملزم کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے ۔ جوہر ٹاون میں ہونے والے دھماکے کی تحقیقات میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، جائے وقوعہ پر گاڑی چھوڑ کرآنے والا ملزم بھی گرفتار کرلیا گیا ہے۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق ملزم کو راولپنڈی سے گرفتار کیا گیا ہے۔تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار دہشت گرد کی شناخت عید گل کے نام سے ہوئی ہے، ملزم کی گرفتاری کے بعد پہلے سے گرفتار گاڑی کے آخری مالک پال ڈیوڈ نے بھی دہشت گرد کی شناخت کر لی ہے، پیٹر پال ڈیوڈ نے دھماکے میں استعمال ہونے والی گاڑی عید گل کو ہی دی تھی، اور خود پیٹر پال ڈیوڈ نے یہ کار دھماکے سے 7 روز پہلے گوجرانولہ سے خریدی تھی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز لاہور کے علاقے جوہر ٹاون میں ہونے والے دھماکے میں 5 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے تھے، جب کہ دھماکے سے 3 گاڑیاں اور 3 موٹر سائیکلیں مکمل طور پر اور ایک رکشہ جزوی تباہ ہوگیا۔ رات گئے تک پولیس نے دھماکے میں نے استعمال ہونے والی گاڑی کا سراغ لگایا اور بتایا کہ دھماکے میں استعمال ہونے والی گاڑی نمبر ایل ای بی 9928 گیارہ سال قبل 29 نومبر 2010 کو صبح پونے 10 بجے گوجرانوالہ سے چھینی گئی تھی، جس کا مقدمہ تھانہ کینٹ گوجرانوالہ میں درج ہے۔
25 جون کو قانون نافذ کرنے والے اداروں نے لاہور ایئرپورٹ سے پیٹر پال ڈیوڈ نامی ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کیا تھا۔ جو غیر ملکی شہری بتایا جارہا ہے۔ گرفتار ملزم پیٹرپال نے اعتراف کیا کہ دھماکے سے 7 روز قبل اس نے گاڑی گوجرانوالہ سے خریدی تھی۔

Related Articles

Back to top button