بین الاقوامی

نعیم الحق کے انتقال پر پاکستانی امریکن کمیونٹی سوگوار

تحریک انصاف کے رہنما نعیم الحق کے انتقال پر پاکستانی تحریک انصاف ہی نہیں بلکہ امریکہ میں موجود پاکستانی کمیونٹی کی تمام سیاسی و سماجی تنظیموں کے قائدین نے اظہار افسوس کیا ہے

ستمبر میں عمران خان کے دورہ اقوام متحدہ کے موقع پر ، ان کی متعدد تقریبات میں شرکت اور کمیونٹی ارکان سے جوش و خروش سے ملاقاتوں کی وجہ سے ان کی کمیونٹی میں پسندیدگی میں مذید اضافہ ہوا

نیویارک (اردو نیوز ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما نعیم الحق کے انتقال پر پاکستانی تحریک انصاف ہی نہیں بلکہ امریکہ میں موجود پاکستانی کمیونٹی کی تمام سیاسی و سماجی تنظیموں کے قائدین نے اظہار افسوس کیا ہے اور دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جوار رحمت میں جگہ نصیب فرمائیں ۔ نعیم الحق جن کا شمار پاکستان تحریک انصاف کے بانی قائدین میں ہوتا تھا، پہلے ہی خاصی شہرت رکھتے تھے لیکن گذشتہ سال ستمبر میں وزیر اعظم عمران خان کے دورہ اقوام متحدہ کے موقع پر نیویارک آمد کے دوران ، ان کی یہاں کمیونٹی کی متعدد تقریبات میں شرکت اور کمیونٹی ارکان سے جوش و خروش سے ملاقاتوں کی وجہ سے ان کی پاکستانی امریکن کمیونٹی میں پسندیدگی میں مذید اضافہ ہوا ۔ اس لئے جب نعیم الحق کی وفات کی خبر آئی تو امریکہ بھر میں موجود پاکستان تحریک انصاف ہی نہیں بلکہ پاکستانی امریکن کمیونٹی کی مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات اور ارکان نے ان کی وفات پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ انہیں اپنے جوار رحمت میں اعلیٰ سے اعلیٰ مقام نصیب فرمائیں اور ان کے درجات بلند فرمائیں
امریکہ بھر میں موجود کمیونٹی کے مقامی قائدین و ارکان نے نعیم الحق کے دورہ امریکہ کے دوران ان کے ساتھ بنائی جانیوالی تصاویر بھی سوشل میڈیا پر پوسٹ کیں اور ان کی شخصیت اور سیاسی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ۔
نعیم الحق جن کا چند روز قبل کراچی میں انتقال ہو گیا تھا، کو کراچی میں سپرد خاک کر دیا گیا ۔ ان کی وفات پر پاکستان میں بھی قومی سطح پر اظہارتعزیت کیا گیا ۔ مرحوم کینسر کے مرض میں مبتلا تھے اور انہوں نے بڑی جی داری سے مرض کا مقابلہ کیا لیکن بالآخر زندگی کی بازی ہار گئے اور اپنے خالق حقیقی کو جا ملے ۔

نیویارک میں نعیم الحق کا چینل فائیو سے آخر ی انٹرویو دیکھیں

Related Articles

Back to top button