قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کو عوامی رابطوں کے دوران اپنی شناخت ظاہر کرنا لازمی ہوگا، گورنر نیوجرسی نے حکم جاری دیا
New Jersey Governor Mikie Sherrill Signs Laws to Protect Constitutional Rights, Regulate ICE, and Strengthen Public Safety
قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کو عوامی رابطوں کے دوران اپنی شناخت ظاہر کرنا لازمی ہوگا، گورنر نیوجرسی نے حکم جاری دیا
گرفتاری یا حراست سے پہلے مکمل شناخت پیش کرنا بھی ضروری قرار دیا گیا ہے، نیوجرسی میں شہری حقوق کے تحفظ کے لیے اہم قانون سازی، گورنر مائکی شیرل کے دستخط
نیوجرسی سٹیٹ کے اٹارنی جنرل کے دفتر نے ایک آن لائن پورٹل بھی متعارف کرایا ہے جہاں شہری آئی سی ای کے ساتھ اپنے تجربات رپورٹ کر سکتے ہیں، تاکہ کسی بھی ممکنہ خلاف ورزی پر کارروائی کی جا سکے
نیوارک (اردو نیوز)نیوجرسی سٹیٹ میں شہریوں کے آئینی حقوق کے تحفظ اور عوامی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں نیوجرسی سٹیٹ کی گورنر مائیکی شیرل ( Mikie Sherrill )نے تین نئے بلز پر دستخط کر دیے۔گورنر شیرل نے نیوارک میں سینیٹ اور اسمبلی کے اراکین کے ہمراہ ان قوانین کی منظوری دی، جن کا مقصد قانون کی بالادستی کو برقرار رکھتے ہوئے کمیونٹیز کو مزید محفوظ بنانا ہے۔
اپنے بیان میں گورنر نے کہا کہ نیوجرسی میں آئین اور قانون کی حکمرانی کو اولین ترجیح دی جاتی ہے۔ انہوں نے وفاقی ادارے امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ(آئی سی ای) پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ غیر تربیت یافتہ اور نقاب پوش اہلکار عوام کے لیے خطرہ بن رہے ہیں، اسی لیے ریاستی سطح پر شہریوں کے تحفظ کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
منظور کیے گئے قوانین کے مطابق: پولیس اور امیگرنٹ کمیونٹیز کے درمیان اعتماد کو مضبوط بنانے کے اقدامات کو قانونی شکل دی گئی ہے۔ قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کو عوامی رابطوں کے دوران اپنی شناخت ظاہر کرنا لازمی ہوگا، جبکہ گرفتاری یا حراست سے پہلے مکمل شناخت پیش کرنا بھی ضروری قرار دیا گیا ہے۔”پرائیویسی پروٹیکشن ایکٹ“ کے تحت شہریوں کی ذاتی معلومات کے جمع اور شیئر کرنے کے عمل کو محدود کیا گیا ہے۔
گورنر شیرل نے عہدہ سنبھالنے کے بعد سے امیگرنٹ کمیونٹیز کے تحفظ کے لیے متعدد اقدامات کیے ہیں۔ حال ہی میں ریاستی حکومت نے ایک مجوزہ آئی سی ای حراستی مرکز کے قیام کے خلاف وفاقی حکومت کے خلاف مقدمہ بھی دائر کیا ہے۔اس سے قبل جاری کیے گئے ایگزیکٹو آرڈر کے تحت ریاستی املاک کے غیر عوامی حصوں میں آئی سی ای اہلکاروں کے داخلے پر پابندی عائد کی گئی ہے، جب تک کہ ان کے پاس عدالتی وارنٹ موجود نہ ہو۔
نیوجرسی سٹیٹ کے اٹارنی جنرل کے دفتر نے ایک آن لائن پورٹل بھی متعارف کرایا ہے جہاں شہری آئی سی ای کے ساتھ اپنے تجربات رپورٹ کر سکتے ہیں، تاکہ کسی بھی ممکنہ خلاف ورزی پر کارروائی کی جا سکے۔
گورنر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ نیوجرسی میں رہنے والے تمام افراد کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا اور کسی بھی قسم کی غیر قانونی مداخلت کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
New Jersey Governor Mikie Sherrill Signs Laws to Protect Constitutional Rights, Regulate ICE, and Strengthen Public Safety



