سابق مئیر نیویارک ایرک ایڈمز کے ڈپٹی مئیر کاز ڈاٹری کی امیگریشن میں تعیناتی کا امکان
کاز ڈاٹری جنہوں نے مئیر ایڈمز کے دور میں بڑی ترقی کی ، کو نیویارک میں امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ ( ICE) میں مقرر کئے جانے کا امکان ہے
نیویارک (محسن ظہیر سے ) نیویارک سٹی کے سابق مئیر ایرک ایڈمز کے قریبی ساتھی ، سابق اسسٹنٹ کمشنر نیویارک پولیس(NYPD) اور ڈپٹی میئر پبلک سیفٹی کاز ڈاٹری کو ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے ڈیپارٹمنٹ آف ہوم لینڈ سیکورٹی میں مقرر کیے جانے کا امکان ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کاز ڈاٹری جنہوں نے مئیر ایڈمز کے دور میں بڑی ترقی کی ، کو نیویارک میں امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ (آئس۔ ICE) نیویارک میں مقرر کئے جانے کا امکان ہے۔
نیویارک پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق کاز ڈاٹری کو نیویارک میں امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ کے شعبے انفورسمنٹ اینڈ انویسٹی گیشن میں لیزون برائے نیویارک مقرر کئے جانے کا امکان ہے۔کاز ڈاٹری اگر ٹرمپ انتظامیہ میں مقرر ہوتے ہیں تو یہ سابق میئر ایڈمز کی انتظامیہ کے پہلے اہم عہدیدار کی ٹرمپ انتظامیہ میں اہم تقرری ہو گی۔
واضح رہے کہ ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے امریکہ بھر میں غیر قانونی اور قانون کی خلاف ورزی کے مرتکب امیگرنٹس کے خلاف بڑے پیمانے پر کاروائیوں اور آپریشن جاری ہیں جن کے نتیجے میں ابھی تک امیگریشن حکام کے مطابق، 26لاکھ سے زائد غیر قانونی تارکین وطن یا تو خود امریکہ چھوڑ ( سیلف ڈیپورٹ) چکے ہیں یا انہیں گرفتار کرکے امریکہ سے ڈیپورٹ کر دیا گیا ہے ۔



