ریڈ لپ سٹک پروڈکشن کے زیر اہتمام نیوجرسی میں شیر میانداد کیساتھ یاد گار قوالی نائٹ
سلمان بٹ ، ساجد اقبال ، نصیر جگی کے زیر اہتمام نیوجرسی میں روحانی کیف و سرور سے بھرپور قوالی نائٹ کا شاندار انعقاد کیا گیا، جس میں صوفی موسیقی، عقیدت اور کمیونٹی کے والہانہ جذبے نے سماں باندھ دیا
پاکستان کے نامور قوال شیر میانداد خان، المعروف شیر میاں، نے اپنی دل میں اتر جانے والی آواز اور روایتی صوفی کلام کے ذریعے حاضرین کو مسحور کر دیا۔ قوالی کے دوران شرکاءاس قدر متاثر ہوئے کہ انہوں نے روایتی انداز میں فنکار پر ڈالر نچھاور کیے، جو محبت، عقیدت اور ثقافتی روایت کی خوبصورت جھلک تھی
نیوجرسی ( ارد نیوز) نیوجرسی میں روحانی کیف و سرور سے بھرپور قوالی نائٹ کا شاندار انعقاد کیا گیا، جس میں صوفی موسیقی، عقیدت اور کمیونٹی کے والہانہ جذبے نے سماں باندھ دیا۔ اس روح پرور محفل میں نیوجرسی، نیویارک اور دیگر ریاستوں سے سینکڑوں شائقین نے شرکت کی، جبکہ بعض افراد خصوصی طور پر دور دراز علاقوں سے بھی اس تقریب میں شامل ہوئے۔
پاکستان کے نامور قوال شیر میانداد خان، المعروف شیر میاں، نے اپنی دل میں اتر جانے والی آواز اور روایتی صوفی کلام کے ذریعے حاضرین کو مسحور کر دیا۔ قوالی کے دوران شرکاءاس قدر متاثر ہوئے کہ انہوں نے روایتی انداز میں فنکار پر ڈالر نچھاور کیے، جو محبت، عقیدت اور ثقافتی روایت کی خوبصورت جھلک تھی۔
اس شاندار تقریب کا اہتمام ”ریڈ لپ اسٹک پروڈکشنز“ نے کیا، جس کے سی ای او سلمان بٹ اور ایسوسی ایٹ پروموٹر ساجد اقبال پیش پیش رہے۔ ہال رنگ برنگی اور دلکش روشنیوں سے جگمگا رہا تھا، جس نے محفل کو ایک یادگار جشن میں بدل دیا۔ نیوجرسی کی پاکستانی نژاد خواتین نے خوبصورت اور نفیس روایتی ملبوسات پہن کر تقریب کے حسن میں مزید اضافہ کیا۔
قوالی کے آغاز سے قبل میزبان سلمان بٹ نے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کم وقت میں اس تقریب کا انعقاد ممکن ہوا، لیکن دوستوں کی محبت اور اللہ کے فضل سے یہ حسین محفل سج سکی۔سلمان بٹ نے تقریب کے تمام انتظامات کا سہرا ساجد اقبال کے سر باندھتے ہوئے انہیں اپنا چھوٹا بھائی قرار دیا اور کہا کہ ان کی محنت کے بغیر یہ ممکن نہ تھا۔
بعد ازاں ساجد اقبال نے شرکاءکا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ لوگ نیویارک، نیوجرسی اور حتیٰ کہ کراچی سے بھی اس محفل میں شریک ہوئے، جو ان کے لیے باعثِ فخر ہے۔ انہوں نے شیر میانداد خان کی پاکستان سے آمد، ان کی بیٹی کی شادی اور اسی دن ان کی چھوٹی بیٹی کی سالگرہ کا ذکر کرتے ہوئے مبارکباد بھی پیش کی۔ ساجد اقبال نے اپنی ٹیم کے تمام اراکین کا بھی خصوصی شکریہ ادا کیا۔
شیر میانداد خان نے اپنے خطاب میں منتظمین اور حاضرین کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہیں یہ محفل لاہور میں اپنے گھر جیسی محسوس ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ یہ ان کا امریکہ کا چوتھا دورہ ہے، مگر یہاں ملنے والی محبت ہمیشہ یادگار رہتی ہے۔ انہوں نے ساجد اقبال کو اپنا چھوٹا بھائی اور نصیرالدین خان کو بڑا بھائی قرار دیتے ہوئے سب کی مہمان نوازی کو سراہا۔
محفل میں پیش کی گئی قوالیوں نے سامعین کو وجد میں مبتلا کر دیا۔ منتظمین کے مطابق اس روحانی سفر کا سلسلہ ہکس ویل، میری لینڈ اور کنیکٹی کٹ میں بھی جاری رہے گا۔ شیر میانداد خان، جو عظیم استاد میانداد خان کے فرزند اور تمغہ حسنِ کارکردگی کے حامل ہیں، دنیا بھر میں صوفی قوالی کی روایت کو زندہ رکھے ہوئے ہیں۔
یہ قوالی نائٹ پاکستانی نڑاد کمیونٹی کے مضبوط ثقافتی رشتوں، روحانیت اور اجتماعی خوشی کی ایک خوبصورت مثال بن کر سامنے آئی، جس نے شرکاءکے دلوں پر دیرپا اثر چھوڑا۔



