فیصل ممتاز راٹھور وزیراعظم آزاد کشمیر منتخب،انورالحق کیخلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب
وزیراعظم آزاد کشمیر کے امیدوار فیصل ممتاز راٹھور کو 36 ووٹ ملے، تحریک عدم اعتماد کے حق میں 36 ووٹ جبکہ 2 مخالفت میں آئے
مظفر آباد ( نیوز ڈیسک ) آزاد کشمیر کے وزیر اعظم چوہدری انوارالحق کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے بعد فیصل ممتاز راٹھور جن کا تعلق پاکستان پیپلز پارٹی سے ہے، آزاد کشمیر کے نئے وزیر اعظم منتخب ہو گئے ہیں ۔ وزیراعظم آزاد کشمیر کے امیدوار فیصل ممتاز راٹھور کو 36 ووٹ ملے، تحریک عدم اعتماد کے حق میں 36 ووٹ جبکہ 2 مخالفت میں آئے، یوںفیصل ممتاز راٹھور وزیراعظم آزاد کشمیر منتخب ہو گئے۔
تحریک کی کامیابی کے بعد وزیراعظم ممتاز راٹھور کی حلف برداری کل ہونے کا امکان ہے۔نئے وزیراعظم سے اسپیکر آزاد کشمیر اسمبلی چوہدری لطیف اکبر نئے وزیر اعظم سے حلف لیں گے۔
قبل ازیں، پیپلز پارٹی کے رکن قاسم مجید نے ایوان میں چوہدری انوارالحق کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کی جس پر 25 اراکین نے دستخط کیے تھے، جن میں 23 ارکان کا تعلق پیپلز پارٹی اور 2 کا مسلم لیگ (ن) سے تھا۔اسپیکر چوہدری لطیف اکبر کی زیر صدارت اجلاس میں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے ارکان کے ساتھ ساتھ قائدِ حزبِ اختلاف خواجہ فاروق احمد بھی شریک ہیں۔



