مئیر نیویارک ایرک ایڈمز کا نیویارک میں خود کار گاڑیوں کےلئے اجازت نامہ
Mayor Adams, DOT Approve First Autonomous Vehicle Testing in NYC with Safety Specialist
اجازت نامہ امریکہ کے سخت ترین حفاظتی اصولوں کے تحت دیا گیا ہے، جن میں ہر گاڑی میں ایک تربیت یافتہ ماہر ڈرائیور کی موجودگی لازمی قرار دی گئی ہے
نیویارک (محسن ظہیر سے) نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز اور سٹی ڈیپارٹمنٹ آف ٹرانسپورٹیشن (ڈی او ٹی) کے کمشنر یڈانس روڈریگیز نے اعلان کیا ہے کہ خودکار گاڑیوں (Autonomous Vehicles) کی تیاری میں عالمی سطح پر مشہور کمپنی ویمو (Waymo)کو پہلی مرتبہ اجازت نامہ دیا گیا ہے تاکہ وہ مین ہیٹن اور ڈاو¿ن ٹاو¿ن بروکلین کے مخصوص علاقوں میں اپنی گاڑیوں کا ٹیسٹ شروع کر سکے۔ یہ اجازت نامہ امریکہ کے سخت ترین حفاظتی اصولوں کے تحت دیا گیا ہے، جن میں ہر گاڑی میں ایک تربیت یافتہ ماہر ڈرائیور کی موجودگی لازمی قرار دی گئی ہے۔
میئر ایرک ایڈمز نے کہا کہ نیویارک ایک ٹیکنالوجی فرینڈلی شہر ہے اور ہم ہمیشہ محفوظ اور جدید طریقے تلاش کرتے ہیں تاکہ شہر کو آگے بڑھایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ویمو کو خوش آمدید کہنا نیویارک کے مستقبل کی سمت ایک اہم قدم ہے، تاہم سڑکوں پر عوام کی حفاظت ہماری اولین ترجیح رہے گی۔
ڈی او ٹی کمشنر یدانس روڈریگیز نے کہا کہ خودکار گاڑیوں کی ٹیکنالوجی کے بڑھتے ہوئے استعمال کے پیش نظر نیویارک نے جامع حفاظتی قوانین مرتب کیے ہیں تاکہ یہ ٹیسٹنگ محفوظ اور ذمہ دارانہ انداز میں کی جا سکے۔
ویمو کی پالیسی ڈائریکٹر اینابیل چانگ نے کہا کہ امریکہ کے پانچ بڑے شہروں میں ایک کروڑ سے زائد کامیاب سواریوں کے بعد نیویارک میں پہلا اجازت نامہ حاصل کرنا کمپنی کے لیے اعزاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ضروری ہے کہ ٹیکنالوجی کمپنیاں براہِ راست شہروں کے ساتھ تعاون کریں تاکہ مستقبل میں عوام کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچایا جا سکے۔مادرز اگینسٹ ڈرنک ڈرائیونگ (MADD) نیویارک کی ڈائریکٹر پیج کاربون نے کہا کہ اگر خودکار گاڑیاں محفوظ طریقے سے متعارف کرائی جائیں تو یہ نشے میں ڈرائیونگ سمیت انسانی غلطیوں سے ہونے والے حادثات میں نمایاں کمی لا سکتی ہیں۔
اسمبلی ممبر برائن کننگھم نے کہا کہ یہ قدم نیویارک ریاست کے لیے ایک مثبت تجربہ ہوگا، جو مستقبل میں محفوظ ٹرانسپورٹ، ٹریفک میں کمی اور مساوی سفری سہولتوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔
ڈی او ٹی کے مطابق ویمو کو ابتدائی طور پر آٹھ خودکار گاڑیوں کے ٹیسٹ کی اجازت دی گئی ہے جو ستمبر 2025 تک جاری رہے گی۔ اس دوران کمپنی کو محکمہ ٹرانسپورٹیشن کے ساتھ قریبی تعاون، ڈیٹا رپورٹنگ اور سائبر سکیورٹی کے اعلیٰ معیار پر عمل کرنا لازمی ہوگا۔ تاہم یہ اجازت نامہ صرف ٹیسٹنگ کے لیے ہے، فی الحال نیویارک سٹی ٹیکسی اینڈ لیموزین کمیشن (TLC) کے قوانین کے تحت خودکار گاڑیوں کو کرایہ پر چلانے کی اجازت نہیں ہوگی۔
Mayor Adams, DOT Approve First Autonomous Vehicle Testing in NYC with Safety Specialist



