نیویارک: میئر ایڈمز کا ڈسٹرکٹ اٹارنی دفاتر کے لیے اضافی فنڈز کا اعلان
فنڈنگ سائبر کرائم، گھریلو تشدد اور فرانزک تجزیے جیسے اہم شعبوں میں بہتر کام میں مددگار ہو گی ، مئیرایرک ایڈمز
نیویارک ( اردو نیوز) نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز نے شہر کے پانچوں بورو کے ڈسٹرکٹ اٹارنی دفاتر اور اسپیشل نارکوٹکس پراسیکیوٹر کے دفتر کے لیے اضافی فنڈنگ کا اعلان کیا ہے، جس کے بعد ان دفاتر کے لیے مجموعی فنڈنگ 633 ملین ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔ یہ رقم میئر ایڈمز کی انتظامیہ کے پہلے سال کے مقابلے میں 23 فیصد زیادہ ہے۔
مالی سال 2026 کے لیے منظور کردہ بجٹ میں 17 ملین ڈالر کی نئی سرمایہ کاری بھی شامل ہے، جس کا مقصد استغاثہ کے عمل کو مو¿ثر بنانا، عوامی تحفظ کے لیے اقدامات کو فروغ دینا، اور نوجوانوں و بحالی انصاف پر مبنی پروگراموں کو مضبوط کرنا ہے۔
یہ سرمایہ کاری ڈسٹرکٹ اٹارنی دفاتر کو اضافی اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ اٹارنیز کی خدمات حاصل کرنے، نئی اصلاحی اور نوجوانوں پر مرکوز اسکیمیں بنانے، اور سائبر کرائم، گھریلو تشدد اور فرانزک تجزیے جیسے اہم شعبوں پر کام کرنے والے یونٹس کو وسعت دینے میں مدد دے گی۔
میئر ایڈمز نے کہا کہ انصاف میں تاخیر، انصاف سے انکار کے مترادف ہے، اسی لیے ہماری انتظامیہ ایک ایسے نظام میں سرمایہ کاری کر رہی ہے جو عوامی تحفظ کو تیزی، شفافیت اور مو¿ثریت کے ساتھ یقینی بنائے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے دن سے ہم یہ کہتے آئے ہیں کہ عوامی تحفظ اور انصاف خوشحال معاشرے کے لیے ضروری ہیں، اور اس بجٹ کے ذریعے ہم اپنے ڈسٹرکٹ اٹارنی دفاتر کو وہ وسائل فراہم کر رہے ہیں جن کی انہیں ضرورت ہے، تاکہ مقدمات کے بیک لاگ کو کم کیا جا سکے اور کمیونٹی کو محفوظ رکھنے کے لیے اہم اقدامات کو بڑھایا جا سکے۔



