خیبر سوسائٹی یو ایس اے کے زیر اہتمام عظیم الشان پشتون کلچر ڈے
پشتون کلچر ڈے کی تقریب میں نیویارک میں پشتون روایات ، ثقافت اور تاریخ کی بھرپور عکاسی پیش کی گئی
نیویارک ( اردو نیوز) پاکستانی امریکن پشتون کمیونٹی کی نمائندہ تنظیم خیبر سوسائٹی آف یو ایس اے کے زیر اہتمام حسب روایت اس سال بھی نیویارک میں پشتون کلچر ڈے منایا گیاجس میں پشتون کلچر ، ثقافت اور تاریخ کے رنگ خوبصورت انداز میںنمایا ں کئے گئے ۔تقریب میں امریکی ریاست نیوجرسی سے اسمبلی وومین شمع حیدر اور نیویارک سٹیٹ اسمبلی وومین جینیفر راج کمار کے علاوہ پاکستانی قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی سمیت اہم شخصیات بھی پشتون کمیونٹی کی خوشیوں میں شریک ہوئے ۔ خیبر سوسائٹی کی جانب سے اہم شخصیات کی خدمات کا اعتراف کیا گیا اور انہیں ایوارڈز پیش کئے گئے ۔تقریب کے مہمان خصوصی قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی کو پشتون ٹوپی اور شال پہنائی گئی اور خوش آمدید کہا گیا۔
خیبر سوسائٹی کی تقریب میں صدر زمان آفریدی ، سیکرٹری ناصر ، فنانس رحیم اللہ ، وائس پریذیڈنٹ عبداللہ ، تاج اکبر خان، طاہر خان، ڈاکٹر شفیق سمیت سوسائٹی کے ارکان اور کمیونٹی کی اہم شخصیات اور ارکان نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک اور امریکہ اور پاکستان کے قومی ترانوں سے کیاگیا۔نظامت کے فرائض محمد ناصر خان اور ریحانہ مکین نے ادا کئے۔
خیبر سوسائٹی کے بانی تاج اکبر نے خیبر سوسائٹی کی روز گار سکیم کے تحت ، پاکستان میں بے روز گار افراد کی مدد اور روز گار کے مواقع پیدا کرنے کے حوالے سے کئے جانے والے اقدامات سے شرکاءکو آگا ءکیا اور شرکاءپر بھی زور دیا کہ وہ بھی اپنے ہم وطن ضرورت مندوں کی مدد کریں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم دوستوں نے ہر ماہ چندہ اکٹھا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اور کسی کو بھی قرض حسنہ چاہئے ہو دیا جائے گا۔ اور جب کوئی قرضہ واپس کرتا ہے تو ان پیسوں کو ہم اپنی جیب میں نہیں ڈالتے بلکہ کسی اور ضرورت مند کو دے دیتے ہیں۔
قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی کا خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پشتون قوم میں ایک دوسرے کا ساتھ دینے اور باہمی آہنگی کاجذبے قابل ستائش اور قابل تقلید ہے۔انہوں نے کہا کہ کمیونٹی کی نمائندہ تنظیموں کی ہم وطنو کے لئے خدمات قابل ستائش ہیں۔
نیوجرسی اور نیویارک کی سٹیٹ اسمبلی ممبرز شمع حیدر اور جینیفر راجکمار نے پاکستانی امریکن پشتون کمیونٹی کو پشتون کلچر دے کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کمیونٹی پر زور دیا کہ وہ امریکی کی مقامی سیاست اور نظام میں اپنا متحرک اور فعال کردار ادا کریں ۔
تقریب میں سیاسی سماجی کاروباری اور دیگر حلقوں سے تعلق رکھنے والی کمیونٹی کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ جس میں فنون لطیفہ اور ادبی شعبہ سے تعلق رکھنے والے نے بھی شرکت کی۔ علاوہ ازیں پاکستانی امریکہ کمیونٹی کی نمایاں شخصیات بھی شامل ہوئیں۔
خیبر سوسائٹی کے صدر زمان خان آفریدی اور دیگر کا کہنا تھا کہ پشتون کمیونٹی جہاں بھی رہے وہ معاشرتی ترقی میں اپنا کردار ادا کرتی ہیں۔ اور ایسے افراد کی حوصلہ افزائی کرنا ہماری روایت بھی رہی ہے۔
خیبر سوسائٹی کے بورڈ ممبر طاہر خان کا کہنا تھاکہ ہماری تہذیب ثقافت اور روایات ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں۔ ثقافت سرحدوں کی قید سے بالا تر ہے اس لئے دلوں کو جوڑتی ہے۔
امریکن پاکستانی ایڈوکیسی گروپ کے علی رشید کا کہنا تھا کہ پشتون قوم عظیم تہذیب و ثقافت رکھتی ہے۔ انکی محنت ،جفاکشی دلیری اور بہادری کی لازوال مثالیں ہیں۔ یہ صرف کلچر کا ہی نہیں بلکہ ہماری ثقافت اورروایات کابھی جشن ہے۔
خیبر سوسائٹی کے پشتون کلچر ڈے کے موقع پر روز اسکیم کی قرعہ اندازی کے ذریعے پاکستان مقیم چار افراد کے لئے باعزت روزگار کی فراہمی کا بھی اعلان کیاگیا۔ خیبر سوسائٹی کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ اب تک ہم نے تقریباً72افراد کو روز گار بنا کر دیا ہے۔
پشتون کلچر ڈے میں پشتون کمیونٹی کے مقامی گلوکار نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا اور پشتون موسیقی اور دھنوں پر شرکاءجھوم اٹھے اور روایتی پشتون انداز میں رقص کرکے اپنی خوشی کا اظہا کیا اور ایک دوسرے کو مبارکباد دی ۔
Grand Pashtun Culture Day Hosted by Khyber Society USA
A vibrant celebration in New York showcasing Pashtun traditions, heritage, and cultural history.



