اوورسیز پاکستانیزپاکستان

نیویارک میں ”پیغام پاکستان“ کی تعارفی تقریب، قاری سید صداقت علی ،بورو پریذیڈنٹ سمیت اہم شخصیات کی شرک

نیویارک (خصوصی رپورٹ) پاکستانی امریکن یوتھ سوسائٹی (PAYS)کے زیر اہتمام عمرہ کی سعادت حاصل کرکے امریکہ واپس آنے والے مسلم پولیس آفیسرز کے اعزاز میں استقبالیہ دیا گیا ۔ اس موقع پر زینت القراءاور عالمی شہرت یافتہ قاری سید صداقت علی کی جانب سے ”پیغام پاکستان “ کے عنوان سے لکھی گئی کتاب کو بھی کمیونٹی میں متعارف کروایا گیا ۔ یہ کتاب انٹر نیشنل اسلامک یونیورسٹی کے اسلامک ریسرچ انسٹیٹیویٹ کی جانب سے شائع کی گئی ہے جس میں قران و حدیث کی روشنی میں دہشت گردی اور بے گناہ انسانیت کے قتل کے خلاف اور انسانیت میں امن و بھائی چارے کے فروغ کے حوالے سے دین اسلام کی تعلیمات کو واضح الفاظ میں بیان کیا گیا ہے ۔ قاری سید صداقت علی نے بتایا کہ اہم عالمی دلچسپی کے موضوعات کے بارے میں دین اسلام کی حقیقی تعلیمات کے مستند ہونے کی کتاب میں دو ہزار علماءکرام نے دستخط کرکے تصدیق کی ہے ۔
تقریب میں نیویارک میں پاکستانی قونصل جنرل راجہ علی اعجاز، بروکلین (نیویارک ) کے بورو پریذیڈنٹ ایرک ایڈمز، مسلم پولیس آفیسرز کیپٹن وحید اختر ،لیفٹنٹ عدیل رانا،سارجنٹ ضیغم عباس، پولیس آفیسر رضوان ،کمیونٹی لیڈر چوہدری اسلم ڈھلوں کے علاوہ ڈاکٹر اعجاز احمد ، چوہدری عبدالحمید گجر، ناصر اعوان ، رانا اشفاق ، سعید چوہان ، شیخ اشفاق، جاوید چیچی ،ناصر سلیم ، آصف بیگ ،اطہر ترمذی ،طاہرہ شریف ، حمید خان سمیت کمیونٹی کی مقامی اہم شخصیات اور ارکان نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔
تقریب کے انعقاد میں یوتھ سوسائٹی کے احسن چغتائی، کاشف حسین ، احسن علی اور مروت خان سمیت ان کے ساتھیوں نے اہم کردار اد اکیا ۔شرکاءکی جانب سے عمرہ ک سعادت حاصل کرنے والے پولیس آفیسرز کو مبارکباد دی گئی اور دعا کی گئی کہ اللہ تعالیٰ ان کی حاضری کو قبول فرمائیں ۔
پولیس آفیسرز نے یوتھ سوسائٹی کا شکرئیہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کے گھر کی حاضری بڑی سعادت ہے اور وہ سب کے لئے دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ کی جانب سے ان کو یہ حاضری نصیب ہو۔
قاری سید صداقت علی نے کتاب کے بارے میں شرکاءکو بتاتے ہوئے کہا کہ دین اسلام ، دین امن ، دین محبت اور دین انسانیت ہے ۔ اسلام ایک انسان کے قتل کو پوری انسانیت کے قتل کے مترادف قرار دیتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ دین اسلام کے بارے میں عالمی سطح پر پائے جانیوالی لط فہمیوں کو دور کرنے کے لئے پیغام پاکستان اور اس کے مندرجات کو دنیا بھر میں عام کرنا ضروری ہے ۔
قونصل جنرل راجہ علی اعجاز نے مسلم پولیس آفیسرز کو مبارکباد اور ان کےلئے اپنی نیک تمناو¿ں کا اظہار کیا ۔انہوں نے قاری سید صداقت علی کی جانب سے پیغام پاکستان کتاب کی تعارفی تقریب کے حوالے سے کہا کہ دنیا میں غلط فہمیوں کو دور کرنے کے لئے ہم سب کو اپنا انفرادی و اجتماعی کردار ادا کرنا چاہئیے ۔
بورو پریذیڈنٹ ایرک ایڈمز نے یوتھ سوسائٹی کے احسن چغتائی، کاشف حسین و دیگر کا شکرئیہ ادا کیا ، ان کے کردار کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ بروکلین میں سنتا لیس فیصد رہنے والے افراد انگریزی کے علاوہ کوئی اور زبان بولتے ہیں۔ ہم سب کو ملکر روابط کو فروغ دینا چاہئیے ، نظام کے قومی دھارے میں شامل ہونا چاہئیے اور مل کر اپنی ترقی کو یقینی بنانا چاہئیے ۔ہم اپنا محفوظ ماحول چاہتے ہیں ، اچھا مستقبل چاہتے ہیں ۔ مقاصد کے حصول کے لئے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ کمیونٹی کی بنیاد مضبوط ہونی چاہئیے۔ اجتماعی کردار ادا کرنا ہوگا۔اس سلسلے میں فیملی کا اہم کردار ہے۔انہوں نے کہا کہ نیویارک میں سمال گروپ پاور کنٹرول کرتے ہیں۔ امیگرنٹ کمیونٹی کا کردار اہم ہے۔ آئیے ملکر ترقی کو یقینی بنائیں۔
رانا اشفاق جن کی حال ہی میں سرجری ہوئی ہے، وہ بھی خصوصی طور پر تقریب میں شریک ہوئے ۔ انہوں نے قاری صداقت کو پیغام پاکستان امریکہ میں متعارف کروانے پر مبارکباد دی اور کہا کہ ہمیں دین اسلام کے حقیقی پیغام کو ، پاکستان کے حقیقی پیغام کو عام کرنے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہئیے ۔
آخر میں قاری سید صداقت کی جانب سے شرکاءبالخصوص اہم شخصیات کو کتاب پیش کی گئی۔
احسن چغتائی اور کاشف حسین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یوتھ سوسائٹی دراصل یوتھ کا ایک ادارہ ہے جس کو یوتھ چلارہے ہیں ۔کمیونٹی کو یوتھ کی سرپرستی کرنی چاہئیے ۔

Related Articles

Back to top button