امریکی ریاست ورجینیا میں بیکن ہاؤس نیشنل جامعہ کے تعلیمی وژن کا آغاز
بیکن ہاؤس نیشنل جامعہ میں داخلہ حاصل کرنے والے مستحق اور باصلاحیت طلبہ کو مکمل وظائف فراہم کیے جائیں گے
ورجینیا (فضل خا لق سے) امریکی ریاست ورجینیا میں تعلیم کے فروغ، سماجی ترقی اور نوجوان نسل کو عالمی سطح پر نمایاں مقام دلانے کے مقصد سے بیکن ہاؤس نیشنل جامعہ کے ایک اہم تعلیمی منصوبے کا باضابطہ آغاز کر دیا گیا۔ اس سلسلے میں منعقدہ ایک باوقار تقریب میں ممتاز سماجی شخصیات، ماہرینِ تعلیم، کاروباری رہنماؤں، کمیونٹی نمائندوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تقریب کی میزبانی فوزیہ قصوری، خوشی قصوری اور ان کے رفقائے کار نے کی۔ منتظمین کے مطابق اس منصوبے کے لیے خطیر مالی وسائل مختص کیے گئے ہیں تاکہ اعلیٰ معیار کی تعلیم کو معاشرے کے ہر طبقے تک پہنچایا جا سکے اور ایسے نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کیے جا سکیں جو صلاحیت رکھنے کے باوجود مالی مشکلات کے باعث اپنی تعلیمی منزل حاصل نہیں کر پاتے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ جدید دنیا میں قوموں کی ترقی کا انحصار معیاری تعلیم، تحقیق اور انسانی وسائل کی موثر تربیت پر ہے۔ بیکن ہاؤس نیشنل جامعہ کا قیام اسی سوچ کا عملی اظہار ہے، جس کا مقصد نوجوانوں کو ایسی تعلیم فراہم کرنا ہے جو انہیں عالمی سطح پر مسابقت کے قابل بنا سکے۔
مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ جامعہ میں داخلہ حاصل کرنے والے مستحق اور باصلاحیت طلبہ کو مکمل وظائف فراہم کیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی طالب علم کی معاشی حیثیت اس کی تعلیمی ترقی کی راہ میں رکاوٹ نہیں بننی چاہیے۔ اگر کوئی نوجوان صلاحیت، محنت اور عزم رکھتا ہے تو اسے مکمل مالی معاونت کے ذریعے اعلیٰ تعلیم کے مواقع فراہم کیے جائیں گے تاکہ وہ اپنی زندگی اور معاشرے میں مثبت تبدیلی لا سکے۔
تقریب کے دوران اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ جامعہ ایسے نوجوانوں کی سرپرستی کرے گی جو محدود وسائل رکھنے والے خاندانوں سے تعلق رکھتے ہیں، تاکہ وہ بھی اعلیٰ تعلیم حاصل کر کے سائنس، ٹیکنالوجی، تجارت، تحقیق اور دیگر شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دے سکیں۔
اس موقع پر معروف کاروباری و سماجی رہنما رؤف خان، لبنیٰ، میڈم نتاشا، شہاب قرنی اور دیگر ممتاز شخصیات نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ مقررین نے کہا کہ تعلیم میں سرمایہ کاری دراصل مستقبل میں سرمایہ کاری ہے اور ایسے منصوبے معاشروں کی فکری، سماجی اور اقتصادی ترقی میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔
شرکاءنے بیکن ہاؤس نیشنل جامعہ کے اس اقدام کو نہ صرف پاکستانی نڑاد برادری بلکہ عالمی تعلیمی منظرنامے کے لیے بھی ایک مثبت پیش رفت قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ نوجوان نسل کو بااختیار بنانے، علمی مواقع کو وسعت دینے اور تعلیم کے ذریعے بہتر مستقبل کی تعمیر میں اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔
تقریب کے اختتام پر منتظمین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جامعہ علمی معیار، تحقیق، جدت اور مساوی تعلیمی مواقع کے فروغ کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھے گی تاکہ آنے والی نسلوں کو عالمی سطح پر قیادت کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔
Fauzia Kasuri
Beaconhouse National University (BNU)



