نیویارک میں جرائم کی شرح میں تاریخی کمی، نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کا اعلان
نیویارک میں موسمِ گرما کے دوران جرائم میں مزید کمی کے لیے خصوصی ”وائلنس ریڈکشن زونز“ اور نوجوانوں کے تحفظ کے پروگرام جاری رکھے جائیں گے، پولیس کمشنر
نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کی ”پریسیڑن پولیسنگ“ حکمت عملی، غیر قانونی اسلحہ کے خلاف کارروائیاں، گینگ نیٹ ورکس کا خاتمہ اور ضرورت کے مطابق افسران کی تعیناتی شہر کو مزید محفوظ بنانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے،پولیس کمشنر جیسیکا ٹش
نیویارک (اردو نیوز) نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ (NYPD) نے اعلان کیا ہے کہ 2026 کے پہلے پانچ ماہ کے دوران شہر میں قتل، فائرنگ کے واقعات اور فائرنگ سے متاثرہ افراد کی تعداد ریکارڈ تاریخ کی کم ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔ پولیس کمشنر جیسیکا ٹشکے مطابق یہ نتائج جدید اور ڈیٹا پر مبنی پولیسنگ حکمت عملی کا ثمر ہیں۔اعداد و شمار کے مطابق سال کے آغاز سے اب تک قتل کے واقعات میں 20.9 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جبکہ مجموعی تعداد 129 سے کم ہو کر 102 رہ گئی، جو کسی بھی سال کے پہلے پانچ ماہ کے دوران سب سے کم تعداد ہے۔ اسی عرصے میں فائرنگ کے واقعات 5.7 فیصد کم ہو کر 247 اور فائرنگ سے متاثرہ افراد کی تعداد 7.1 فیصد کم ہو کر 289 رہ گئی۔
مئی 2026 بھی جرائم کے حوالے سے تاریخی مہینہ ثابت ہوا۔ اس ماہ فائرنگ کے صرف 51 واقعات رپورٹ ہوئے، جو گزشتہ ریکارڈ سے بھی کم ہیں، جبکہ فائرنگ سے متاثرہ افراد کی تعداد 58 رہی۔
نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کے مطابق مئی میں شہر بھر میں بڑے جرائم کی شرح میں 10.6 فیصد کمی آئی، جبکہ سال کے پہلے پانچ ماہ کے دوران مجموعی بڑے جرائم میں 6.2 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ ڈکیتی، چوری، گاڑیوں کی چوری اور دیگر سنگین جرائم میں بھی نمایاں کمی دیکھی گئی۔
پبلک ہاو¿سنگ (سرکاری رہائشی منصوبوں) میں بھی جرائم کی شرح ریکارڈ حد تک کم ہوئی۔ قتل، فائرنگ، ڈکیتی اور دیگر سنگین جرائم گزشتہ برسوں کے مقابلے میں نمایاں حد تک کم ہوئے، جسے این وائی پی ڈی نے ”محفوظ ترین آغازِ سال“ قرار دیا ہے۔
پولیس کمشنر جیسیکا ٹش نے کہا کہ این وائی پی ڈی کی ”پریسیڑن پولیسنگ“ حکمت عملی، غیر قانونی اسلحہ کے خلاف کارروائیاں، گینگ نیٹ ورکس کا خاتمہ اور ضرورت کے مطابق افسران کی تعیناتی شہر کو مزید محفوظ بنانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ ان کے مطابق رواں سال اب تک تقریباً دو ہزار غیر قانونی اسلحہ قبضے میں لیا جا چکا ہے اور گینگ سے متعلق 20 بڑی کارروائیاں انجام دی گئی ہیں۔شہر کے سب وے نظام میں بھی جرائم میں کمی دیکھی گئی۔ مئی کے دوران سب وے میں فائرنگ کا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا، جبکہ مجموعی بڑے جرائم میں 6.5 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
دوسری جانب نفرت پر مبنی جرائم کے واقعات میں اضافہ دیکھا گیا۔ مئی 2026 کے دوران 68 واقعات کو نفرت انگیز جرائم قرار دیا گیا، جن میں سے 60 فیصد سے زائد واقعات یہودی مخالف نوعیت کے تھے۔
این وائی پی ڈی کا کہنا ہے کہ موسمِ گرما کے دوران جرائم میں مزید کمی کے لیے خصوصی ”وائلنس ریڈکشن زونز“ اور نوجوانوں کے تحفظ کے پروگرام جاری رکھے جائیں گے تاکہ نیویارک شہر کو مزید محفوظ بنایا جا سکے۔



