پاکستانبین الاقوامی

چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان امریکہ پہنچ گئے،اقوام متحدہ میں اہم تقریبات میں شریک ہونگے

نیویارک کے جان ایف کے ائیرپورٹ پر رانا مشہود کا استقبال ، اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے کیا

نیویارک( اردو نیوز) وزیراعظم یوتھ پروگرام (PMYP) کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان، 14 سے 24 جولائی 2026ءتک اپنے سرکاری دورہ امریکہ کے دوران اقوامِ متحدہ میں منعقد ہونے والی مختلف تقریبات اور اعلیٰ سطحی سرگرمیوں میں شرکت کریں گے۔اس دورے کا مقصد تعلیم، جدت، کاروباری صلاحیتوں کے فروغ، ہنرمندی اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کے شعبوں میں بین الاقوامی شراکت داری کو مستحکم کرنا اور پاکستان کے نوجوانوں کے لیے نئی عالمی مواقع پیدا کرنا ہے۔رانا مشہور خان ، منگل کو نیویارک پہنچ گئے ۔ نیویارک کے جان ایف کے ائیرپورٹ پر ان کا استقبال ، اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد، نے کیا ۔ رانا مشہود احمد خان کو امریکہ آمد پر خوش آمدید کہا گیا اور انہیں راجہ ساجد اور یاسین بھٹی نے پھول پیش کئے ۔
دورہ نیویارک (15 تا 17 جولائی) کے دوران چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہور احمد خان ،اقوامِ متحدہ کے سینئر حکام اور بین الاقوامی شراکت داروں سے متعدد اعلیٰ سطحی دوطرفہ ملاقاتیں کریں گے، جن میں نوجوانوں کی ترقی، ڈیجیٹل تبدیلی، پائیدار ترقی اور جدت پر مبنی معاشی نمو کے شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
رانا مشہود احمد خان ہائی لیول پولیٹیکل فورم (HLPF) کے ذیلی اجلاس ”پائیدار ترقی کا مستقبل اور مصنوعی ذہانت: جدت، شمولیت اور مضبوطی“میں کلیدی خطاب بھی کریں گے، جہاں وہ مصنوعی ذہانت اور جدید ٹیکنالوجیز کے ذریعے پائیدار ترقی کے فروغ اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے حوالے سے پاکستان کا وژن پیش کریں گے۔
پاکستانی تارکینِ وطن تک رسائی کے سلسلے میں چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام نوجوان پیشہ ور افراد، ٹیکنالوجی ماہرین، کاروباری شخصیات اور پاکستانی نڑاد امریکی برادری سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ اس ضمن میں پاکستان کے مستقل مشن برائے اقوامِ متحدہ میں ”کنکشن سے کنٹری بیوشن: پاکستانی یوتھ ڈائسپورا کنیکٹ“ کے عنوان سے ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا جائے گا، جس کا مقصد بیرونِ ملک مقیم پاکستانی نوجوانوں کو قومی ترقی کے اقدامات سے مو¿ثر انداز میں جوڑنا ہے۔
چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام اقوامِ متحدہ کے یوتھ آفس اور فیفا کے اشتراک سے منعقد ہونے والی ”ون ورلڈ، ون گیم، ون گول“تقریب میں بھی شرکت کریں گے، جو فٹبال اور نوجوانوں کی ذہنی صحت کے عالمی فروغ کے لیے منعقد کی جا رہی ہے۔ اس شرکت کے ذریعے پاکستان نوجوانوں کی فلاح، شمولیت اور پائیدار ترقی کے فروغ میں کھیلوں کے مثبت کردار کے لیے اپنی حمایت کا اعادہ کرے گا۔
یہ دورہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں حکومتِ پاکستان کے اس عزم کا مظہر ہے کہ پاکستانی نوجوانوں کو عالمی سطح پر آگے بڑھنے کے مواقع، مستقبل سے ہم آہنگ مہارتیں اور بین الاقوامی شراکت داری فراہم کی جائے تاکہ وہ علم پر مبنی معیشت میں موثر کردار ادا کر سکیں۔اقوامِ متحدہ اور دیگر بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ اسٹریٹجک روابط کے ذریعے وزیراعظم یوتھ پروگرام کا مقصد پاکستان کے نوجوانوں کو جدت، کاروباری قیادت اور پائیدار ترقی کے میدان میں عالمی صفِ اول میں لانا ہے۔

PM Youth Programme Chairman Rana Mashhood Arrives in the U.S. for Key UN Events

Urdu News USA

Urdu News USA https://www.urdunewsus.com/

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button