پاکستان

مسلم ڈے پریڈ نیویارک ، کشمیری عوام سے یکجہتی کے نام

نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کے پولیس کمشنر جیمز او نیل کی خصوصی شرکت،مسلم امریکن کمیونٹی کے ساتھ پریڈ میں مکمل واک ، پولیس چیپلن امام طاہر کوکاج کی بطورگرینڈ مارشل شرکت

چئیرمین پریڈ کمیٹی اٹارنی فارس فیاض کی قیادت میں منعقدہ پریڈ میں میاں فیاض ، عیں الحق، محمد رضوی ، مفتی منیر اخون ، علامہ ڈاکٹرسخاوت حسین سندرالوی ،قاضی حسین ، شاہنواز سمیت اہم قائدین کی شرکت
نیویارک سٹی کے میڈیسن ایونیو پر نماز ظہر کی ادائیگی کے بعد38سٹریٹ ہو کر 25سٹریٹ تک پریڈ میں واک کی گئی، مسلم امریکن کمیونٹی کے بچوں، بوڑھوں ، خواتین اور جوانوں کی بڑی تعداد میںشرکت
پولیس اور کوریکشن ڈیپارٹمنٹ سمیت دیگر اداروں میں فرائض منصبی ادا کرنے والے مسلم آفیسرز و کمیونٹی ارکان کی بھی شرکت، پریڈ کے آگے مارچ کیا ،مین ہیٹن بورو پریذیڈنٹ، اسمبلی مین ویپرن کی شرکت

نیویارک (اردو نیوز) مسلم امریکن کمیونٹی کی اہم و نمائندہ تنظیم مسلم فاو¿نڈیشن آف امریکہ کے زیر اہتمام حسب روایت اس سال بھی 35ویں سالانہ مسلم ڈے پریڈ نیویارک کا انعقاد کیا گیا ۔ ”کشمیری عوام کی زندگیوں بھی اہم ہیں “ کے عنوان سے منعقدہ اس سال پریڈ میں کشمیر ی عوام سمیت روہنگیا، فلسطین، اوگر، یمن سمیت دنیا بھر میںجہاں جہاں مسلمان ظلم و ستم کا شکار ہیں ، ان سے اظہاریکجہتی کیا گیا۔ اس کے ساتھ ساتھ مسلم امریکن کمیونٹی پر زور دیا گیا کہ وہ اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے امریکی نظام کے قومی دھارے میں شامل ہوں ، اعلیٰ تعلیم سے اپنی نسلوں کو آراستہ کریں اور دوسروںکے دکھ درد میں شریک ہوں اور خدمت انسانیت کو اپنا مشن بنائیں ۔
نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کے پولیس کمشنر جیمز او نیل نے پریڈ میں شرکت اور پریڈ کمیٹی کے قائدین کےساتھ واک کرکے پریڈ کو تاریخی بنا دیا ۔ انہوںنے نیویارک کی مسلم امریکن کمیونٹی کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ہم سب کو ملکر اور باہمی روابط کو فروغ دے کر کام کرنا چاہئیے ۔ مسلم ڈے پریڈ نیویارک کے اس سال گرینڈ مارشل نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کے چیپلن امام طاہر کوکاج تھے جنہوں نے پریڈ کمیٹی کے عہدیداران ، قائدین اور مسلم امریکن کمیونٹی کے ارکان کے ساتھ ملکر پریڈ میں واک کی ۔پریڈ میں مین ہیٹن (نیویارک سٹی ) کی بورو پریذیڈنٹ، اسمبلی مین ڈیوڈ ویپرن ،نیویارک سٹی کمپٹرولر کی نمائندہ سمیت مقامی اہم شخصیات نے شرکت کی ۔ پریڈ کمیٹی کے منتظمین کو کامیاب پریڈ کے انعقاد پر مبارکباد دی ۔
مسلم ڈے پریڈ 2019کے چئیرمین اٹارنی فارس فیاض کی قیادت منعقدہ پریڈ میں پریڈ کمیٹی اور مسلم فاو¿نڈیشن آف امریکہ کے عہدیداران و ارکان میاںفیاض، عین الحق ، قاضی حسین شاہنواز، ڈاکٹرعلامہ سخاوت حسین سندرالوی ، مفتی منیر اخون ، مفتی یاسر فہد، میاں شبیر گل ، محمد رضوی ، امام مصطفی سنگور، سسٹرعائشہ ، حسین ربابا ، عزیز بٹ ، خرم ملک سمیت دیگر نے شرکت کی ۔پریڈ میں امریکہ کے دورے پر آئے ڈی آئی جی پولیس پنجاب دیو ، شاہد رضا رانجھا ، احمد جان سمیت کمیونٹی کی مقامی اہم شخصیات اور ارکان نے بھی شرکت کی ۔پریڈ کے اختتام پر منعقدہ اجتماع میں نظامت کے فرائض کمیونٹی کی معروف شخصیت اٹارنی سلیم ایس رضوی نے نہایت ہی خوبصورتی سے انجام دئیے ۔ انہوں نے اس سال پریڈ کے کشمیری عوام سے متعلق عنوان سمیت پریڈ کمیٹی کی تاریخ اور مسلم امریکن کمیونٹی کی خدمات اور کردار کے اہم پہلوو¿ں پر بھی روشنی ڈالی ۔معروف انٹرٹیمنٹ گروپ نیٹو ڈین گروپ نے شرکاءکی تفریح طبع کےلئے اپنی پرفارمنس دی اور خوب داد وصول کی ۔
پریڈ حسب روایت میڈیسن ایونیو اور 38سٹریٹ پر نماز ظہر کی ادائیگی کے بعد شروع ہوئی ۔مذکورہ قائدین کی قیادت میں پریڈ میں شامل مسلم امریکن کمیونٹی کے مقامی قائدین اور ارکان جن میں بچے ، بوڑھے، خواتین اور جوان سب شامل تھے ، نے اپنے ہاتھوں میں امریکہ ، اپنے ممالک کے جھنڈے اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر مسلم کمیونٹی اور اسلام کے حق میں نعرے درج تھے ۔
پریڈ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے گرینڈ مارشل امام طاہر کوکاج نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ آزادی، انسانی اقدار، مساوات پر یقین رکھتا ہے۔ یہ اقدار ہمارے عقیدے کا بھی حصہ ہیں۔اسلاموفوبیا، نفرت انگیز روئیہ پر تشویش ہے۔ نیوزی لینڈ سانحہ ہوا تو مجھے سب سے پہلے جیوئش ریبائی نے کال کی۔انہوں نے مزید کہا کہ اچھے لوگ تلاش کریں، ان کا دوست بنیں، انہیں اپنا دوست بنائیں۔ امریکہ میں یہ مواقع بہت اہم ہیں۔ دعا کرتے ہیں اتحاد انصاف اور قانون کی بالادستی پر۔ اللہ سب پر فضل فرمائیں۔


معروف عالم دین مفتی منیر احمد اخون نے خطاب کرتے ہوئے مسلم ڈے پریڈ اور مسلم فاو¿نڈیشن آف امریکہ کے قائدین کو کامیاب پریڈ کے انعقاد پر مبارکباد دی ۔ انہوں نے کشمیری عوام سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اقوام عالم کو کشمیر کی صورتحال کا نوٹس ہی نہیں لینا چاہئیے بلکہ اپنا فرض بھی ادا کرنا چاہئیے۔مفتی منیر اخون نے کشمیر ی سمیت دنیا بھر کے مسلم عوام کےلئے خصوصی دعا کروائی ۔
چئیرمین مسلم ڈے پریڈ اٹارنی فارس فیاض نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم ڈے پریڈ ایک ایسا پلیٹ فارم ہے کہ جہاں پر مسلم امریکن کمیونٹی کی قیادت اور ارکان اکٹھے ہو کر اپنا کردارادا کر سکتے ہیں اور اپنے مقاصد کے حصول کو یقینی بنا سکتے ہیں ۔ میں مسلم کمیونٹی کے قائدین اور ارکان کو دعوت دوں گاکہ وہ مسلم ڈے پریڈ کا حصہ بنیںاور آئیے ہم ملکر اپنے مشترکہ مقاصد کے حصول کو یقینی بنائیں ۔
پریذیڈنٹ میاں فیاض ، وائس پریذیڈنٹ ، چیف آرگنائزرعین الحق، مسلم ڈے پریڈ کمیٹی نیویارک کے کو چئیرمین شاہ نواز، قاضی حسین اعظم نے تمام قائدین اور شرکاءکا پریڈ میں شرکت پر شکرئیہ ادا کیا اور سب کو دعوت دی کہ آئیے ملکر کام کریں ۔انہوں نے سب کو مسلم ڈے پریڈ اور مسلم فاو¿نڈیشن میں شرکت کی دعوت دی ۔
اٹارنی سلیم ایس رضوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری کمیونٹی بہت عظیم ہے۔ ہمیں بہت سے بڑے کام کرنے ہیں۔ ہمیں شانہ بشانہ چل کر آگے بڑھنا ہے ، اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہے۔انہوں نے نظامت کے دوران متعدد بار مقبوضہ کشمیر کی صورتحال اور عوام کی حالت زار کا ذکر کیا اور کہا کہ اقوام عالم کو اپنی ذمہ داریاں پوری کرنی چاہئیے ۔ کئیر تنظیم نیویارک کے نمائندے نے کئیر کے کردار پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ مسلم کمیونٹی اپنے مسائل کے حل کے حوالے سے رابطے میں رہیں۔ ہمیں مل جل کر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

 

Muslim Day Parade New York 2019

Related Articles

Back to top button