پاکستان

الیکشن میں مقابلہ ایسی قوتوں سے ہوگا کہ جو نظر نہیں آتیں، نواز شریف

ساہیوال (اردو نیوز ) سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کا کہنا ہے کہ ہمارا مقابلہ عمران خان سے نہیں ہے، نہ ہی آصف زرداری سے ہے بلکہ ہمارا مقابلہ ایسی قوتوں سے ہے جو ہمیں نظر نہیں آتیں لیکن وہ آپ سب جانتے ہیں، آزاد امیدوار ، عمران خان یا آصف زرداری کو ووٹ دوگے تو ایسا ہی سمجھا جائے گا کہ انہی قوتوں کو ووٹ دے رہے ہو۔ساہیوال میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ عمران خان بھی بِک گیا اس نے سودا کرلیا ہے، پی ٹی آئی کے ارکان نے سینیٹ الیکشن میں لائن لگا کو تیر کو ووٹ دیا جبکہ یہ اندرون خانہ ملے ہوئے ہیں، عمران خان نے تیر پر نشان لگایا۔
انہوں نے کہا کہ پشاور میں دیکھ لو کونسا نیا پاکستان بن رہا ہے ،پشاور ٹوٹا پھوٹا ہے اور باقی خیبرپختونخوا کا حال بھی برا ہے، اس سے پوچھو خیبرپختونخوا میں کونسی لوڈشیڈنگ ختم کی بلکہ لوڈشیڈنگ پورے پاکستان میں مسلم لیگ ن نے ختم کی۔سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ملک سے دہشت گردی ختم کی، کراچی میں امن قائم کیا اور پاکستان میں سی پیک لائے لیکن یہ اچھے بھلے روشن پاکستان کو پھر پیچھے دھکیل رہے ہیں اور پاکستان کو انہوں نے پیچھے دھکیلنے کیلئے پورا زور لگادیا۔ان کا کہنا تھا کہ میں دومرتبہ پہلے بھی وزیراعظم رہا کیا میں نے کرپشن کی؟ آج پھر پوچھتا ہوں کہ کیوں نکالا مجھے؟ کیا اس لیے نکالا مجھے کہ میں نے بیٹے سے تنخواہ نہیں لی۔انہوں نے مزید کہا کہ قوم کی عزت اور توقیر پر کوئی سمجھوتا نہیں کرتا لہٰذا ہمیں دولت نہیں چاہیے، عزت ، خودمختاری اور توقیر زیادہ عزیز ہے، ووٹ کوعزت دوکا مطلب ہے جو 70 سال ہوتا رہا وہ آئندہ 70سال نہ ہو۔

Related Articles

Back to top button