مائیکروسافٹ کے خلاف بڑا امریکی اقدام، H1Bملازمین کے گرین کارڈ کا راستہ روک دیا گیا
امریکی حکومت چاہتی ہے کہ مائیکروسافٹ سمیت تمام ملکی اور غیر ملکی کمپنیاں امریکہ میں سرمایہ کاری کریں، ترقی کریں اور روزگار پیدا کریں،جے ڈی وینس
مائیکروسافٹ کے خلاف بڑا امریکی اقدام، H1Bملازمین کے گرین کارڈ کا راستہ روک دیا گیا
امریکی حکومت چاہتی ہے کہ مائیکروسافٹ سمیت تمام ملکی اور غیر ملکی کمپنیاں امریکہ میں سرمایہ کاری کریں، ترقی کریں اور روزگار پیدا کریں،جے ڈی وینس
نیویارک( سپیشل رپورٹر سے ) امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے اعلان کیا ہے کہ حکومت نے مائیکروسافٹ کو ”پرم“ (PERM )پروگرام سے معطل کر دیا ہے، جس کے ذریعے کمپنی’ایچ ون بی ‘(H1B) ویزا پر کام کرنے والے غیر ملکی ملازمین کے لیے مستقل رہائش یعنی گرین کارڈ کی درخواست کا عمل شروع کر سکتی تھی۔ حکومت نے یہ اقدام جاری تحقیقات اور مبینہ بے ضابطگیوں کے تناظر میں کیا ہے۔
جے ڈی وینس نے کہا کہ امریکی حکومت چاہتی ہے کہ مائیکروسافٹ سمیت تمام ملکی اور غیر ملکی کمپنیاں امریکہ میں سرمایہ کاری کریں، ترقی کریں اور روزگار پیدا کریں، لیکن امریکی کارکنوں کو ملازمت کے مواقع دینا بھی ضروری ہے۔ انہوں نے مائیکروسافٹ پر الزام عائد کیا کہ کمپنی نے امریکی ملازمین کو فارغ کرنے کے بعد غیر ملکی کارکنوں کو بھرتی کیا۔
وینس نے مائیکروسافٹ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کمپنی ایک بڑی امریکی کمپنی ہے، لیکن اسے امریکی کارکنوں کو ملازمت دینی چاہیے اور امریکی ملازمین کو فارغ کرکے ان کی جگہ غیر ملکی کارکنوں کو نہیں لانا چاہیے۔
امریکی محکمہ محنت کے مطابق مائیکروسافٹ کے علاوہ ایڈوب اور کئی بڑی آئی ٹی کمپنیوں، جن میں کاگنیزنٹ، انفوسس، ٹاٹا، وِپرو، ایچ سی ایل اور کیپ جیمینی شامل ہیں، کو بھی PERM پروگرام سے معطل کیا گیا ہے۔ اس فیصلے سے ان کمپنیوں کے ایسے غیر ملکی ملازمین متاثر ہو سکتے ہیں جو H-1B ویزا کے بعد مستقل رہائش حاصل کرنے کے عمل میں ہیں۔
PERM پروگرام امریکی گرین کارڈ کے روزگار پر مبنی عمل کا اہم مرحلہ ہے، جس میں کمپنی کو یہ ثابت کرنا ہوتا ہے کہ غیر ملکی کارکن کی بھرتی سے اہل امریکی کارکنوں کے روزگار یا اجرت پر منفی اثر نہیں پڑے گا۔ مائیکروسافٹ نے فوری طور پر اس حکومتی فیصلے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔
US Govt Halts PERM & Green Card Processing for Microsoft H-1B Employees



