پاکستان

امریکن پاکستانی پبلک افئیر کمیٹی کا عظیم الشان کمیونٹی اجتماع،کانگریس مین آندرے کارسن کی شرکت

امریکن پاکستانی پبلک افئیرز کمیٹی کے زیر اہتمام یانکرز (نیویارک) میں ہونیوالی تقریب میں (دائیں سے بائیں)قونصل جنرل راجہ علی اعجاز،سفیر اعزاز احمد چوہدری، کانگریس مین آندرے جانس اور ڈاکٹر اعجاز احمد شریک ہیں

نیویارک (خصوصی رپورٹ) امریکن پاکستانی پبلک افیئر کمیٹی کی ویمن ونگ کے زیر اہتمام یہاں گرینڈ روز ویلٹ بال روم یانکرز میں امریکی مسلمان کانگریس مین آندرے کارسن کے اعزاز میں پروقار تقریب منعقد کی گئی جس میں امریکہ میں پاکستان کے سفیر اعزاز چودھری کلیدی مقرر تھے ۔امریکن پاکستانی پبلک افیئر کمیٹی کے سبراہ ڈاکٹر اعجاز احمد کی سرپرستی میں اور ناہید بھٹی اور ان کی ٹیم کے خصوصی کردار سے منعقدہ اس بڑے کمیونٹی اجتماع میں قونصل جنرل راجہ علی اعجاز کے علاوہ پاکستانی امریکن کمیونٹی کی مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات اور ارکان نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔
تقریب میں پاکستان کے ممتاز قوال گروپ فرید ایاز اور ابو محمد اور ہمنوا نے اپنے فن کا بہترین مظاہرہ کیا۔ امریکہ اور پاکستان کے قومی ترانے کے ساتھ تقریب کا آغاز ہوا۔
راحیلہ فردوس نے نظامت کے فرائض انجام دیئے۔ مس ناہید بھٹی نے معزز مہمانوں اور شرکاءکو خوش آمدید کہا۔
سفیر اعزازاحمد چودھری، کانگریس مین آندرے کارسن اور قونصل جنرل راجہ علی اعجاز نے اپنے خطاب میں امریکن پاکستانی پبلک افیئر کمیٹی کو خوبصورت تقریب کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔
انہوں نے کہا کہ کمیٹی جس طرح پاکستانی کمیونٹی کو مین سٹریم امریکی دھارے میں شامل کرنے کے لئے کوشاں ہے ،وہ خوش آئند بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی کمیونٹی کو چاہئے امریکی سیاست میں اپنے آپ کو مکمل طور پر شامل کریں کیونکہ سیاسی عمل میں شامل ہوئے بغیر ہم یہاں اپنا مقام حاصل نہیں کر سکتے۔

امریکن پاکستانی پبلک افئیرز کمیٹی کے زیر اہتمام یانکرز (نیویارک) میں شرکاء کا گروپ فوٹو

کانگریس مین آندرے کارسن نے پاکستانی کمیونٹی کو لاجواب قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں اس اجتماع میں شرکت کرکے خوشی ہوئی ہے۔
سفیر اعزاز چودھری نے کہا کہ کمیونٹی کو اپنا حق رائے دہی استعمال کرنا چاہئیے ۔ انہوں نے کہا کہ امریکی پاکستانی کمیونٹی پاک امریکہ تعلقات مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔
ڈاکٹر اعجازاحمد نے کہا کہ امریکن پاکستانی پبلک افیئر کمیٹی کا مشن امریکی پاکستانیوں کو سیاسی و قومی نظام کا حصہ بنانا ہے۔
اس موقع پر UWR کی چیئرپرسن صباحت رفیق نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے امریکن پاکستانی پبلک افیئر کمیٹی کو خراج تحسین پیش کیا جس نے اس قدر خوبصورت پروگرام ترتیب دیا۔ ڈاکٹر اعجاز نے بتایا کہ صباحت رفیق بھی اب امریکن پاکستانی پبلک افیئر کمیٹی کے بورڈ ممبرز میں شامل ہیں۔
اس موقع پر ناہید بھٹی کو ان کی شاندار خدمات پر خصوصی شیلڈ پیش کی گئی۔ پاکستان ٹی وی کی سابق آرٹس نیلوفر عباسی نے انٹرٹینمنٹ سیشن کی میزبانی کی۔ انہوں نے قوالوں کا تعارف کرایا۔

پرتکلف کھانوں سے مہمانوں کی تواضح کی گئی

Related Articles

Back to top button