اوورسیز پاکستانیز

نیویارک میں چھ اپریل سے 16سال سے زائد عمر کے افراد بھی کورونا ویکسین کےلئے اہل قرار

نیویارک میں کورونا ویکسین لگوانے کے لئے سٹی گورنمنٹ کی قائم کردہ ویب سائٹ پر وزٹ کرکے اپوائنٹمنٹ بنوائی جا سکتی ہے

نیویارک (محسن ظہیر ) نیویارک سٹی انتظامیہ کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ چھ اپریل سے نیویارک کے 16سال اور زائد عمر کے رہائشی کورونا ویکسین لگوا سکیں گے ۔اس اقدام سے نیویارک میں بسنے والے بڑی تعداد کے کم عمر افراد کے لئے ویکسین کا حصول ممکن ہو جائے گا۔ نیویارک سٹی جو کہ امریکہ میں بھر میں کورونا وائرس وبا کے پھیلاو کا مرکز بنا رہا ، میں کوووڈ۔19کی وجہ سے لاکھوں لوگ بیمار ہوئے اور ہزاروں اموات واقع ہوئیں ۔

نیویارک میں کورونا ویکسین لگوانے کے لئے سٹی گورنمنٹ کی قائم کردہ ویب سائٹ پر وزٹ کرکے اپوائنٹمنٹ بنوائی جا سکتی ہے ۔
نیویارک سٹی گورنمنٹ کے مطابق محکمہ صحت اس بات کو یقینی بنائے گا کہ ویکسین تک رسائی منصفانہ اور مساوی ہو۔ ہمارے منصوبے پسماندہ کمیونٹیوں کو درپیش صحت سے متعلق عدم مساوات اور عدم مساوات کو مدنظر رکھتے ہیں۔ ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ عالمگیر وباءسے شدید متاثر ہونے والی کمیونٹیوں کو ویکسین تک رسائی حاصل ہو۔
نیویارک میں اگر آپ عمر کی بنیاد پر ویکسین لگوانے کے لیے اہل ہیں تو آپ کو اپنی عمر اور نیویارک میں رہائش کا ثبوت دکھانا ہو گا۔
عمر کے ثبوت میں یہ شامل ہو سکتے ہیں،ڈرائیور کا لائسنس یا غیر ڈرائیور شناخت، نیویارک سٹی آئی ڈی ، سٹیٹ یا مقامی حکومت کی طرف سے جاری کردہ پیدائش کا سرٹیفیکیٹ،حالیہ امریکی پاسپورٹ یا درست غیر ملکی پاسپورٹ،مستقل رہائش کا کارڈ،نیچرلائزیشن یا شہریت کا سرٹیفیکیٹ،زندگی کے بیمے کی پالیسی جس میں تاریخ پیدائش درج ہو،تاریخ پیدائش کے ساتھ شادی کا سرٹیفکیٹ ۔
اسی طرح نیویارک کی رہائش کے ثبوت کے لئے درج ذیل دستاویز پیش کی جا سکتی ہیں ، سٹیٹ یا حکومت کا جاری کردہ آئی ڈی کارڈ، مالک مکان کی جانب سے بیان،کرائے کی موجودہ رسید یا لیز،رہن (مارٹگیج) کے ریکارڈز،حالیہ ڈاک اور سکول کے ریکارڈز۔
ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس سے بچنے کے لئے ضروری ہے کہ ہچکچاہٹ کا مظاہرہ نہ کیا جائے اور فوری کورونا ویکسین لگوائی جائے ۔

Starting Tuesday, April 6, NYers 16+ are now eligible to get the COVID-19 vaccine

کورونا وبا اور موٹاپے کے تعلق کے حوالے سے ریسرچ کرنے والی پاکستانی ڈاکٹر مہوش مارٹن کا کہنا ہے کہ کورونا وبا سے بچنے کے لئے وزن کا خاص خیال رکھنا چاہئیے اور قطع نظر اس بات کہ آپ نے ویکسین لگوائی ہے یا نہیں ، محکمہ صحت کی گائیڈ لائینز، ایس او پیز کا خیال رکھنا چاہئیے، سماجی فاصلوں کی پابندی کی جانی چاہئیے اور ماسک مسلسل پہننا ہوگا۔

 

معروف پاکستانی امریکن ڈاکٹر فہیم یونس کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں اس وقت جس رفتار اور شرح سے لوگو ں کو کورونا ویکسین لگائی جا رہی ہے ، اس کو پیش نظر رکھتے ہوئے کہا جا سکتا ہے کہ ”اجتماعی قوت مدافعت “ (Herd Immunity ) کے ہدف کے حصول میں کم از کم ساڑھے چار سال لگ جائیں گے ۔

 

 

Related Articles

Back to top button