پاکستانبین الاقوامی

واشنگٹن میں پاکستان کے قدرتی عجائبات کی نمائش، دلکش نظاروں کے امریکی گرویدہ

Exploring Pakistan's Cultural Splendor: Embassy in Washington DC Showcases Rich Diversity and Economic Potential

پاکستانی سفارتخانے میں منقدہ پاکستان کے سرسبز، شاداب میدان ، صاف شفاف ساحل، دلفریب صحار کے دلکش نظاروں کی ڈیجیٹل نمائش

یہ تقریب نہ صرف پاکستان، امریکہ اور عالمی برادری کےلئے مستقبل قریب میں عوامی روابط اور ثقافتی تعلقات کے فروغ میں مددگار ثابت ہوگی، پاکستانی سفیر مسعود خان

نیویارک ( محسن ظہیر سے ) واشنگٹن ڈی سی میں پاکستانی سفارتخانے میں پاسپورٹ ڈی سی کے سالانہ “اراو¿نڈ دی ورلڈ ایمبیسی ٹور” پروگرام کے دوران پاکستان کے ثقافتی تنوع، اقتصادی اور سیاحتی صلاحیت کی بھرپور نمائش کی گئی۔ہر سال منعقد ہونے والا یہ ایونٹ پاکستان کے قدرتی عجائبات کی نمائش کےلئے ایک مثالی پلیٹ فارم مہیا کرتا ہے۔ شاندار پہاڑوں سے لے کر سرسبز و شاداب میدان،صاف شفاف ساحل،دلفریب صحرا سمیت دیگر دلکش نظارے دریافت ہونے کے منتظر ہیں۔ چار دیواری کے اندر منعقد کیے جانے والے اس ایونٹ میں چار ہزار سے زائد شائقین نے شرکت کی جن میں زیادہ تر واشنگٹن ڈی سی، میری لینڈ، ورجینیا اور دیگر ریاستوں کے امریکی شہری، مختلف ممالک کے شہری اور پاکستانی نژااد امریکی شامل تھے۔ ان میں سفارت کار، سرکاری اہلکار، واشنگٹن ڈی سی میں کام کرنے والے کاروباری و دیگر پیشہ ور افراد اور دیگر شخصیات شامل تھیں۔

 

Passport DC event at Pakistan Embassy Washington DC
Passport DC event at Pakistan Embassy Washington DC

 

دن بھر مہمانوں کی بڑی تعداد میں آمد اور مختلف سٹالز پردورے کا سلسلہ جاری رہا۔پاسپورٹ ڈی سی ایونٹ ایک ماہ تک جاری رہتا ہے جس دوران مختلف سفارت خانے اپنی تہذیب و ثقافت کے رنگوں کو اجاگر کرتے ہیں۔

پاکستانی لوک دھنوں (میوزک)کے پس منظر میں ملک کی سافٹ پاور کی نمائش کرنے والے سفارت خانے کے گراو¿نڈ فلور اور جمشید مارکر ہال کے مختلف گوشے حاضرین کی توجہ کا مرکز بن گئے۔ سٹالز میں سلے اور ان سلے ڈیزائنر کپڑے، معروف پاکستانی آرٹسٹ کی پینٹنگز، دستکاری، فن پارے، ٹرک آرٹ، کھیلوں کا سامان، جواہرات اور زیورات اور زرعی مصنوعات شامل تھیں۔ ملک میں امریکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے پاکستان کی اقتصادی صلاحیتوں کی نمائش اور تعارف پر خصوصی توجہ دی گئی۔

ایک طرف اگر امریکی خواتین اپنے ہاتھوں پر مہندی لگوانے میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کر رہی تھیں تو دوسری طرف سینکڑوں افراد خطاط جاوید اقبال سے اپنا نام اردو میں لکھوا کر خوشی محسوس کر رہے تھے۔ ایونٹ کے دوران پاکستانی کھانوں کا اہتمام کیا گیا تھا جو منفرد ذائقے کو متعارف کر ارہے تھے۔ مصا لحہ دار بریانی ، باربی کیو، جلیبی ، دہی بھلے اور گول گپے مہمانوں کی تواضع کے لئے موجود تھے۔ مہمانوں نے پاکستانی چائے میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔

سفیر پاکستان مسعود خان نے مہمانوں کی بھرپور شرکت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ وہ مختلف سٹالز کا دورہ کرتے رہے اور مہمانوں کو پاکستانی ثقافت اور فن پاروں سے متعارف کراتے رہے۔ مہمانوں کے ساتھ بات چیت کے دوران سفیر نے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ تقریب نہ صرف پاکستان کو امریکہ اور بین الاقوامی برادری سے متعارف کرائے گی بلکہ مستقبل قریب میں عوامی روابط اور ثقافتی تعلقات کو مزید فروغ دینے میں بھی مددگار ثابت ہوگی۔

اپنے خیالات میں مہمانوں نے سفیر پاکستان اور سفارتخانے کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے انہیں پاکستانی ثقافتی تنوع اور ملک کی اقتصادی اور سیاحتی صلاحیت سے جانکاری کا موقع فراہم کیا۔
پاکستان کی خوبصورتی کی ایک جھلک دیکھنے کے بعد شرکاءمیں سے ایک نے کہا کہ پاکستان ناقابل یقین حد تک خوبصورت ملک ہے۔

 

Exploring Pakistan’s Cultural Splendor: Embassy in Washington DC Showcases Rich Diversity and Economic Potential

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button