پاکستانبین الاقوامی

شہید ڈیٹیکٹو دیدار الاسلام کی پہلی برسی، مئیر ممدانی اور نیویارک پولیس کا خراج تحسین

دیدار الاسلام نے اپنی جان بھی دوسروں کو بچاتے ہوئے قربان کی،میئر ممدانی

دیدار الاسلام نے اپنی جان بھی دوسروں کو بچاتے ہوئے قربان کی۔ گزشتہ سال ہونے والی ایک ہولناک اجتماعی فائرنگ کے دوران انہوں نے خود کو رائفل کی گولیوں کے سامنے کر دیا تاکہ دوسرے نیویارکرز محفوظ مقام تک پہنچ سکیں،میئر ممدانی

نیویارک( محسن ظہیر سے )نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کے فرسٹ گریڈ ڈیٹیکٹو دیدار الاسلام کی شہادت کو ایک سال مکمل ہونے پر 47پریسنکٹ میں خصوصی تقریب منعقد ہوئی، جس میں نیویارک کے میئر ظہران ممدانی، پولیس کمشنر جیسیکا ٹش، 47پریسنکٹ کے کمانڈنگ آفیسر ڈپٹی انسپکٹر محمد اشرف، پولیس بینوولنٹ ایسوسی ایشن کے صدر پیٹرک ہینڈری، پولیس افسران، منتخب نمائندوں، اہل خانہ اور کمیونٹی رہنماو¿ں نے شرکت کی۔تقریب میں دیدار الاسلام کی خدمات، قربانی، خاندانی ذمہ داریوں اور کمیونٹی کے لیے ان کی بے لوث خدمات کو یاد کیا گیا۔ مقررین نے کہا کہ ایک سال گزرنے کے باوجود دیدار الاسلام کی کمی ان کے خاندان، ساتھی پولیس افسران اور کمیونٹی میں آج بھی شدت سے محسوس کی جاتی ہے۔
میئر ممدانی نے کہا کہ دیدار الاسلام انتہائی محنتی، نرم مزاج، ذمہ دار اور دوسروں کی مدد کرنے والے انسان تھے۔ انہوں نے بتایا کہ دیدار الاسلام اپنی چھٹی کے روز بھی 345 پارک ایونیو میں سیکیورٹی ڈیوٹی کے لیے گئے تھے۔ وہ نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کی ملازمت کے ساتھ اضافی ڈیوٹیاں اور سیکیورٹی کے کام بھی کرتے تھے تاکہ اپنے خاندان کے ساتھ بنگلہ دیش میں موجود رشتہ داروں کی بھی مدد کرسکیں۔
میئر کے مطابق دیدار الاسلام پارک چیسٹر کی مسجد بلال کے لیے فنڈز جمع کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرتے تھے اور بعض اوقات پانچوں نمازیں مسجد میں ادا کرتے تھے۔ وہ نوجوانوں کی رہنمائی کرتے اور انہیں پولیس فورس میں شامل ہونے کی ترغیب دیتے تھے۔میئر ممدانی نے کہا کہ دیدار الاسلام نے اپنی زندگی دوسروں کی خدمت میں گزاری اور اپنی جان بھی دوسروں کو بچاتے ہوئے قربان کی۔ گزشتہ سال ہونے والی ایک ہولناک اجتماعی فائرنگ کے دوران انہوں نے خود کو رائفل کی گولیوں کے سامنے کر دیا تاکہ دوسرے نیویارکرز محفوظ مقام تک پہنچ سکیں۔ممدانی نے دیدار الاسلام کی قربانی کو صدقہ جاریہ سے تشبیہ دیتے ہوئے کہا کہ ان کے اچھے کام ان کی وفات کے بعد بھی دوسروں کی زندگیوں کو بہتر بناتے رہیں گے۔انہوں نے دیدار الاسلام کی اہلیہ جمیلہ، بچوں اور پورے خاندان سے اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ نیویارک شہر ان کی قربانی کو کبھی فراموش نہیں کرے گا۔
پولیس کمشنر جیسیکا ٹش نے کہا کہ دنیا نے دیدار الاسلام کو زیادہ تر ان کی شہادت کے حالات کے حوالے سے جانا، لیکن ان کے ساتھی اور خاندان ایک ایسے شخص کو جانتے تھے جو ایک محبت کرنے والا شوہر، باپ اور قابلِ اعتماد پولیس افسر تھا۔انہوں نے دیدار الاسلام کی اہلیہ جمیلہ اور ان کے بیٹوں احیان، اذہان اور ارحم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کمی پوری نہیں کی جاسکتی، تاہم خاندان کی محبت اور مضبوطی دیدار الاسلام کی چھوڑی ہوئی میراث کی عکاسی کرتی ہے۔
کمشنر ٹش نے کمانڈنگ آفیسر محمد اشرف کی گزشتہ ایک سال کے دوران خاندان اور پولیس افسران کی حمایت اور قیادت کو بھی سراہا اور اعلان کیا کہ محمد اشرف کو جمعہ کے روز انسپکٹر کے عہدے پر ترقی دی جائے گی۔
کمانڈنگ آفیسر محمد اشرف نے کہا کہ ایک سال بعد بھی دیدار الاسلام کی یادیں تازہ ہیں اور ان کا عہد ہے کہ انہیں کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے دیدار الاسلام کو ایک خوش اخلاق، پرسکون، ذمہ دار اور دوسروں کا خیال رکھنے والا پولیس افسر قرار دیا۔ ان کے مطابق دیدار الاسلام مشکل حالات میں بھی پرسکون رہتے اور اپنے ساتھیوں کی خیریت دریافت کرتے تھے۔محمد اشرف نے بتایا کہ دیدار الاسلام خود بھی ایک تارکِ وطن تھے اور محنت، قربانی اور ایمان کے ذریعے امریکہ میں اپنے خاندان کے لیے بہتر مستقبل بنانے کا خواب پورا کیا۔ وہ نہ صرف نیویارک پولیس افسر بنے بلکہ اپنی کمیونٹی کے لیے ایک رول ماڈل بھی تھے۔
پولیس بینوولنٹ ایسوسی ایشن کے صدر پیٹرک ہینڈری نے بتایا کہ دیدار الاسلام کی قربانی کے بعد ان کے خاندان، نیویارک پولیس اور منتخب نمائندوں کی کوششوں سے دیدار الاسلام ریکروٹمنٹ ایکٹ منظور کیا گیا۔
دیدار الاسلام کے برادرِ نسبتی، نیویارک پولیس افسر کامران حسن نے خاندان کی جانب سے تمام پولیس افسران، منتخب نمائندوں، کمیونٹی اور مختلف پولیس تنظیموں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے گزشتہ ایک سال کے دوران خاندان کا ساتھ دیا۔انہوں نے بتایا کہ دیدار الاسلام کی شہادت سے چند روز قبل دونوں نے بچوں کو واٹر پارک لے جانے کے بارے میں بات کی تھی، لیکن وہ منصوبہ کبھی پورا نہ ہوسکا۔ کامران حسن نے کہا کہ خاندان کی ہر تقریب آج بھی دیدار الاسلام کی غیر موجودگی کے باعث ادھوری محسوس ہوتی ہے۔انہوں نے بتایا کہ دیدار الاسلام کی شہادت کے تقریباً تین ہفتے بعد ان کے تیسرے بیٹے ارحم کی پیدائش ہوئی۔ ارحم اپنے والد کی محبت سے محروم رہا، تاہم خاندان اسے اپنے والد کی بہادری اور خدمات کے بارے میں بتاتا رہے گا۔
کامران حسن نے بتایا کہ دیدار الاسلام کے بڑے بیٹے احیان کو اپنے والد کے ساتھ شاپنگ، ڈنر اور پارک جانے کی یادیں آج بھی یاد ہیں، جبکہ ان کی اہلیہ جمیلہ نے شوہر کی وفات کے بعد بچوں اور خاندان کی ذمہ داریاں انتہائی حوصلے سے سنبھالی ہیں۔
انہوں نے میئر ممدانی، پولیس کمشنر جیسیکا ٹش، انسپکٹر محمد اشرف، پی بی اے اور کمیونٹی کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ دیدار الاسلام کے نام سے سڑک منسوب کرنے کی تجویز بھی کمیونٹی کی حمایت سے چند ماہ میں عملی شکل اختیار کرگئی۔

Mayor Mamdani and NYPD Honor Fallen Detective Didarul Islam on First Death Anniversary

Urdu News USA

Urdu News USA https://www.urdunewsus.com/

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے