برائٹن بیچ، بروکلین میں سابق روم میٹ کا قتل، مجرم کو بغیر پیرول عمر قید
استغاثہ کے مطابق پاول اورگائیف نے سابق روم میٹ 45 سالہ دیمتری بونوف کے گھر میں داخل ہو کر چاقو کے وار کرکے ہلاک کر دیا
استغاثہ کے مطابق پاول اورگائیف نے سابق روم میٹ 45 سالہ دیمتری بونوف کے گھر میں داخل ہو کر چاقو کے وار کرکے ہلاک کر دیا
نیویارک( اردونیوز) بروکلین ڈسٹرکٹ اٹارنی ایرک گونزالیز نے اعلان کیا ہے کہ برائٹن بیچ میں اپنے سابق روم میٹ کو چاقو کے وار کرکے قتل کرنے والے 62 سالہ شخص کو بغیر پیرول کے عمر قید کی سزا سنا دی گئی ہے۔استغاثہ کے مطابق پاول اورگائیف نے عدالت کی جانب سے جاری کردہ حفاظتی حکم کی خلاف ورزی کرتے ہوئے صبح سویرے اپنے سابق روم میٹ 45 سالہ دیمتری بونوف کے گھر میں داخل ہو کر اسے اچانک حملہ کرکے متعدد بار چاقو کے وار کیے، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔
واقعہ مئی 2020 میں پیش آیا۔ حکام کے مطابق پاول اورگائیف اور دیمتری بونوف برائٹن بیچ کے ایک بیسمنٹ اپارٹمنٹ میں ساتھ رہتے تھے۔ دونوں کے درمیان مبینہ جسمانی جھگڑے کے بعد بونوف کی پسلیاں ٹوٹ گئی تھیں، جس پر اورگائیف کو گرفتار کیا گیا اور عدالت نے اسے بونوف سے دور رہنے کا حکم دیا تھا۔
تاہم 11 مئی 2020 کو تقریباً صبح ساڑھے 3 بجے اورگائیف اپنے قریبی گھر سے چل کر اس اپارٹمنٹ میں پہنچا جہاں وہ پہلے بونوف کے ساتھ رہتا تھا۔ استغاثہ کے مطابق اس نے عدالتی حکم کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر گھر میں داخل ہو کر بونوف پر متعدد مرتبہ چاقو سے وار کیے۔بونوف کو اپارٹمنٹ کے اندر مردہ پایا گیا اور جائے وقوعہ پر ہی اسے مردہ قرار دے دیا گیا۔اورگائیف کو دسمبر 2024 میں جیوری ٹرائل کے بعد فرسٹ ڈگری قتل، فرسٹ ڈگری برگلری اور فرسٹ ڈگری کریمنل کنٹیمپٹ کا مجرم قرار دیا گیا تھا۔
بروکلین ڈسٹرکٹ اٹارنی ایرک گونزالیز نے کہا کہ یہ ایک انتہائی سفاکانہ اور پہلے سے منصوبہ بند حملہ تھا، جو متاثرہ شخص کے اپنے گھر میں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ملزم نے عدالت کے حکم کو نظر انداز کرتے ہوئے سابق مشترکہ رہائش گاہ میں واپس جا کر ایک انسان کی جان لے لی اور آج کی سزا اسے اس جرم کا ذمہ دار ٹھہراتی ہے۔بروکلین سپریم کورٹ کے جسٹس یوجین گوارینو نے آج پاول اورگائیف کو بغیر پیرول کے عمر قید کی سزا سنائی۔
Brooklyn Man Sentenced to Life Without Parole for Fatal Stabbing of Former Roommate



