امیگریشن اٹارنی سورج سنگھ کو پونے پانچ لاکھ ڈالرز جرمانہ
سورج راج سنگھ نے امیگریشن کیسز کے دوران 118 جعلی دستاویزات اور بیانات جمع کروائے ، الزام
کارروائی سول ڈاکومنٹ فراڈ سے متعلق وفاقی قوانین کے تحت عمل میں لائی گئی ہے تاکہ امیگریشن کے نظام میں شفافیت قائم کی جا سکے اور جعلسازی کے ذریعے غیر قانونی فائدے حاصل کرنے کے عمل کو روکا جا سکے
واشنگٹن ( اردونیوز)امریکی محکمہ ہوم لینڈ سیکورٹی (ڈی ایچ ایس) نے امیگریشن کے معاملات میں مبینہ دھوکہ دہی اور جعلسازی کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے امیگریشن اٹارنی سورج راج سنگھ کو چار لاکھ 70 ہزار ڈالر سے زائد کے جرمانے کا نوٹس جاری کر دیا ہے۔ اس اہم قانونی کارروائی کا اعلان ڈی ایچ ایس کے جنرل کونسل جیمز پرسیول نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘پر کرتے ہوئے بتایا کہ محکمہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والے وکلاءکے خلاف سخت موقف اپنا رہا ہے۔جیمز پرسیول نے اپنی پوسٹ میں واضح کیا کہ اگر کوئی بھی امیگریشن وکیل اپنے موکلین کے لیے فراڈ کا ارتکاب کرے گا تو اسے ہر صورت بھاری جرمانہ ادا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے بتایا کہ سورج راج سنگھ نے امیگریشن کیسز کے دوران 118 جعلی دستاویزات اور بیانات جمع کروائے تھے، جس پر انہیں یہ نوٹس بھیجا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صدر ٹرمپ کے آنے سے پہلے ایسے وکلاءبغیر کسی سزا کے بچ نکلتے تھے، لیکن اب حالات یکسر بدل چکے ہیں۔
یو ایس امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ (ICE) اور ہوم لینڈ سیکیورٹی کے حکام کے مطابق، مذکورہ اٹارنی نے درجنوں کیسز میں یکساں اور ملتے جلتے جعلی بیانات کے ذریعے درخواستیں داخل کی تھیں۔ یہ کارروائی سول ڈاکومنٹ فراڈ سے متعلق وفاقی قوانین کے تحت عمل میں لائی گئی ہے تاکہ امیگریشن کے نظام میں شفافیت قائم کی جا سکے اور جعلسازی کے ذریعے غیر قانونی فائدے حاصل کرنے کے عمل کو روکا جا سکے۔
US DHS Fines Immigration Attorney Over $470,000 for Filing 118 Fraudulent Documents



