اوورسیز پاکستانیز

امریکن کونسل آف مینارٹی ویمن کا یوم آزادی پاکستان، مظلوم کشمیریوں کے نام

تقریب میں نہ صرف وطن عزیز پاکستان کا یوم آزادی جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا بلکہ مشہور چیریٹی اسلامک ریلیف آرگنائزیشن کے ساتھ مل کر تین ہزار پاونڈ ز سے زائدقربانی کا گوشت بھی تقسیم کیا گیا

پاکستانی قونصل جنرل عائشہ علی کے علاوہ کانگریس ویمن ایوٹ کلارک کی نمائندہ ، کونسل مین ڈاکٹر میتھیو یوجین سمیت ”پیز “ اور ”کوپو“ سمیت مختلف کمیونٹی تنظیموں کے قائدین و ارکان کی شرکت
پاکستانی امریکن خواتین اور بچوں کی ایک بڑی تعداد کے ساتھ مل کر یوم آزادی پاکستان منایا ، اس موقع پر کیک کاٹا گیا اور کونی آئی لینڈ ایونیو ، پاکستان زندہ آباد کے نعروں سے گونج اٹھا

نیویارک (اردو نیوز) پاکستانی امریکن خواتین کی نمائندہ تنظیم ”امریکن کونسل آف مینارٹی ویمن “ (اے سی ایم ڈبلیو) کے زیر اہتمام حسب روایت اس سال بھی یوم آزادی پاکستان روایتی جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا ۔ اس سلسلے میں بازہ روحی اور ان کی ساتھیوں کے زیر اہتمام کونی آئی لینڈ ایونیو پر نہ صرف یوم پاکستان کی تقریب کا اہتمام کیا گیا بلکہ مستحق افراد میں اسلامک ریلیف آرگنائزیشن کے ساتھ مل کردو مراحل میں قربانی کا گوشت بھی بلا امتیاز تقسیم کیا گیا ۔
تقریب کی مہمان خصوصی پاکستانی قونصل جنرل عائشہ علی تھیں۔ تقریب میں پہلے مرحلے میں مستحق افراد میں بلا امتیاز پہلے مرحلے میں 2500قربانی کا گوشت تقسیم کیا گیا جو کہ ”امریکن کونسل آف مینارٹی ویمن “کی بازہ روحی ،ارم شیریں ،نگہت فاطمہ، بشری اشرف،یاسمین حمید،ام کلثوم ،انجم قائد،احمد لطیف،مہوش فاطمہ اور وحیدہ چغتائی کے علاوہ فرحان شیخ اور عمران قاسم خان نے قونصل جنرل کے ساتھ مل کر تقسیم کیا ۔ بڑی تعداد میں لوگ بروکلین سمیت دیگر علاقوں سے اے سی ایم ڈبلیو کے دفتر کے سامنے جمع ہوئے جنہیں گوشت کے علاوہ اشیائے خوردونوش بھی تقسیم کی گئیں ۔
مسلم امریکن کمیونٹی کی مشہور چیریٹی آرگنائزیشن اسلامک ریلیف کے ساتھ ملکر امریکن کونسل آف مینارٹی ویمن نے دوسرے مرحلے میں بھی چند روز بعد دوبارہ گوشت تقسیم کیا ۔تقریب میں اسمبلی مین رابرٹ کیرول ، کونسل مین ڈاکٹر میتھیو یوجین ، کانگریس ویمن ایوٹ کلارک کی نمائندہ سمیت مقامی شخصیات نے بھی شرکت کی ۔
تقریب کے دوسرے مرحلے میں امریکن کونسل آف مینارٹی ویمن کے دفتر کے سامنے کونی آئی لینڈ ایونیو، بروکلین پر یوم پاکستان کی تقریب منعقد ہوئی ۔ امریکن کونسل آف مینارٹی ویمن کی جانب سے اس سال تقریب کو کشمیر اور کشمیر کے مظلوم عوام کے نام کر دیا گیا اور اسی مناسبت سے اے سی ایم ڈبلیو نے اپنے ”لوگو“ کا رنگ بھی سرخ کر دیا ۔بازہ روحی کی قیادت میں کونسل کی ارکان نے قونصل جنرل عائشہ علی اور کونسل جنرل میتھیو یوجین کے ساتھ مل کر وطن عزیز کے73ویں یوم آزادی کا کیک کاٹا اور پاکستان زندہ آباد کے نعرے لگائے ۔
تقریب سے خطاب کے دوران بازہ روحی نے کہا کہ خواتین کا کسی بھی معاشرے اور کمیونٹی میں اہم کردار ادا ہوتا ہے اوراس کردار کی ادائیگی کے لئے امریکن کونسل آف مینارٹی ویمن نے خواتین کو ایک پلیٹ فارم فراہم کیا ہے ۔ انہوں نے قونصل جنرل عائشہ علی سمیت دیگر مہمانان کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ہم اپنی خوشیوں میں مظلوم کشمیری عوام کی مشکلات کو نہیں بھولتے ۔ یوم آزادی پاکستان اس عہد کے ساتھ منا رہے ہیں کہ کشمیری عوام کو ان کے حقوق کی جدوجہد میں خواتین اپنا ہر ممکن کردار ادا کریں گے ۔بازہ روحی نے مزید کہا کہ آج جشن آزادی کے موقع پر ہم نے اپنے کشمیری بھائی بہنوں کو بھی یاد رکھا ہے کیونکہ کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل ہے۔
قونصل جنرل عائشہ علی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وطن سے دور بسنے والے اوورسیز پاکستانی، ملک و قوم کے نمائندہ اور سفیر ہیں۔ ان کی خدمات پر ملک و قوم کو فخر ہے ۔ انہو ں نے کہا کہ پوری قوم یوم آزادی اس عہد کی تجدید کے ساتھ منا رہی ہے کہ ہم سب مل کر ملک و قوم کا نام روشن کریں گے اور ترقی کو یقینی بنائیں گے۔قونصل جنرل نے کشمیر کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی مظالم کے خلاف پوری قوم مظلوم کشمیری عوام کےساتھ یکجہتی کا اظہار کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اقوام متحدہ اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی کے ساتھ ساتھ مقبوضہ کشمیر میں بے گناہ اور نہتے کشمیریوں پر ظلم کررہا ہے اور انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں کا مرتکب ہو رہا ہے۔ انسانی حقوق اور عالمی قوانین پر یقین رکھنے والے ہر شخص کو اس ظلم کے خلاف آواز بلند کرنی چاہئیے ۔قونصل جنرل نے امریکن کونسل آف مینارٹی ویمن کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی کمیونٹی کے علاوہ بلاامتیاز خدمت خلق کے لئے جو کردار ادا کررہی ہے ، وہ قابل ستائش ہے ۔انہوں نے کہا کہ میں بازہ روحی اور انکی ٹیم کو مبارکباد دینا چاہتی ہوں کہ انہوں کووڈ ۔19 کے دوران بڑھ چڑھ کر کام کیا اور لوگوں کی خدمت کی۔ اچھی بات یہ کہ کونسل نے تمام کمیونٹیز کی بلا امتیاز مدد کی جو قابل ستائش ہے۔بروکلین میں پاکستانی امریکنز کی کارکردگی کو سراہتے کہا کہ پاکستانی کمیونٹی نہ صرف امریکی نظام کا حصہ ہے بلکہ پاکستان کے کاز کےلئے کام کررہی ہے۔قونصل جنرل نے کہا کہ کووڈ۔19 کی صورتحال پاکستان میں بہت بہتر چکی ہے۔
یو ایس کانگریس وومین ایوٹ کلارک شرکت نہ کرسکیں تاہم ان کی نمائندہ نے کونسل کے پلیٹ فارم سے پاکستانی امریکن کمیونٹی کو یوم آزادی پاکستان کی مبارکباد پیش کی ۔کونسل مین ڈاکٹر میتھیو یو جین نے پاکستانی کمیونٹی کی بروکلین میں کارکردگی کو سراہا اور کہا وہ پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ کام کرنا فخر محسوس کرتے ہیں۔
ڈپٹی پبلک ایڈووکیٹ اور کمیونٹی رہنما کاشف حسین، ام کلثوم ،نوعمر مہروز حمید نے مشترکہ طور پر نظامت کے فرائض انجام دئیے۔
آخر میں بازہ روحی نے جنرل سیکریٹری ارم شیریں،نگہت فاطمہ، بشری اشرف،یاسمین حمید،انجم قائد،وحیدہ چغتائی ، فرحان شیخ، عمران قاسم خان،احمد لطیف،مہوش فاطمہ اور دیگر کا کامیاب پروگرام کے انعقاد پر شکرئیہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ تقریب کی کامیابی کا کاکریڈٹ ، اے سی ایم ڈبلیو کی مخلص ٹیم کو جاتا ہے ۔

 ۔

ACMW celebrates Pakistan Day

Related Articles

Back to top button