امیگریشن نیوز

ایمی کونی بیرٹ :امریکی سپریم کورٹ کی تاحیات جج بن گئیں

صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو اپنے صدارتی الیکشن سے چند پہلے ایک بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے کہ وہ سپریم کورٹ میں خاتون جج کی تقرری کو یقینی بنانے میںکامیاب ہو گئے ہیں

واشنگٹن ڈی سی (اردو نیوز )ایمی کونی بیرٹ امریکی سپریم کورٹ کی تاحیات جج مقرر ہو گئی ہیں ۔یوں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو اپنے صدارتی الیکشن سے چند پہلے ایک بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے کہ وہ سپریم کورٹ میں خاتون جج کی تقرری کو یقینی بنانے میںکامیاب ہو گئے ہیں ۔ جج ایمی کونی بیرٹ کی تقرری سے یو ایس سپریم کورٹ میں قدامت پسند ججوں کی اکثریت قائم ہو گئی ہے جو کہ دہائیوں تک قائم رہے گی ۔ یو ایس سینٹ کی جانب سے تقرری کی توثیق کے بعد جج ایمی بیرٹ نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا ۔ایمی کونی کو صدر ٹرمپ نے جسٹس رتھ بیڈر جنسبرگ کے انتقال کے بعد خالی ہونے والی نشست پر نامزد کیا تھا۔ پیر کی شب سینیٹ میں ایمی کونی کی بطور سپریم کورٹ جج تعیناتی کی منظوری سے متعلق ووٹنگ ہوئی۔ اس موقع پر 52 ارکان نے کونی کی بطور سپریم کورٹ جج تعیناتی کے حق میں ووٹ دیا جب کہ 48 نے اس کی مخالفت کی۔ری پبلکن سینیٹر سوسان کولن نے ایمی کونی کی نامزدگی کے خلاف ووٹ دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ آئندہ ہفتے ہونے والے صدارتی انتخابات کی حساسیت کی وجہ سے وہ کونی کو ووٹ نہیں دے سکتیں۔اس طرح سینیٹ نے کثرتِ رائے سے ایمی کونی کی سپریم کورٹ میں بطور جج تعیناتی کی منظوری دی جس کے بعد وائٹ ہاوس میں ایک تقریب کے دوران سپریم کورٹ کے جسٹس کلیئرنس تھامس نے کونی بیرٹ سے عہدے کا حلف لیا۔تقریب میں صدر ٹرمپ اور خاتونِ اول میلانیا ٹرمپ بھی موجود تھیں۔ اس کے علاوہ تقریب میں تقریباً 200 افراد شریک تھے۔

اس موقع پر ایمی کونی نے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ کسی بھی خوف اور کسی کی حمایت کے بغیر اپنا کام انجام دیں گی۔انہوں نے کہا کہ ایک جج کا کام ہوتا ہے کہ وہ اپنی ترجیحات کی مخالفت کرتے ہوئے کام سرانجام دے۔سینیٹ میں پیر کو سپریم کورٹ کے جج کی منظوری کے لیے ہونے والی ووٹنگ جدید امریکہ کی تاریخ میں ہونے والی پہلی ووٹنگ تھی جس میں مخالف پارٹی کے کسی امیدوار کی جانب سے کوئی ووٹ نہیں دیا گیا۔سینیٹ میں ری پبلکن جماعت کے سربراہ مچ میکونل نے کہا کہ سینیٹ درست کام کر رہی ہے۔یاد رہے کہ کونی بیرٹ کو قدامت پسند خیالات کی شخصیت کے طور پر جانا جاتا ہے۔ سپریم کورٹ کے 9 رکنی بینچ کا حصہ بننے کے بعد وہ اس عہدے پر تاحیات کام کرتی رہیں گی۔

Amy Coney Barrett sworn in as Supreme Court justice

Related Articles

Back to top button