بین الاقوامی

پاکستان میں انتخابات کے بعد سیاسی استحکام آئیگا، بلاول بھٹو زرداری

وفاقی اور صوبائی پارلیمان سمیت اداروں کو مضبوط کرکے اہداف اور مقاصد پر توجہ مرکوز کرنا ہوگی

اسلام آباد(احسن ظہیر )وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کے آخری 15 ماہ کے دوران دنیا کے ساتھ پاکستان کے روابط میں بہتری آئی ہے، عالمی برادری کو موسمیاتی تبدیلی کے بحران، سخت معاشی حالات اور بڑھتے ہوئے جغرافیائی سیاسی تناﺅ سے پیدا ہونے والے چیلنجز سے نمٹنے کےلئے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزارت خارجہ میں سفارتی کور کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ عشائیہ میں سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف، وفاقی وزرائ، اسلام آباد میں متعین غیر ملکی سفیروں، ہائی کمشنرز اور مختلف ممالک کے مشنز کے سربراہان سمیت اقوام متحدہ کی ذیلی تنظیموں کے نمائندوں اور وزارت خارجہ کے افسران نے شرکت کی۔

وزیر خارجہ نے اس توقع کا اظہار کیا کہ پاکستان انتخابات کے بعد سیاسی استحکام کی طرف گامزن ہوگا۔ بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان کے وزیر خارجہ کے طور پر خدمات سرانجام دینے کو اپنے لئے باعث اعزاز قرار دیا۔ انہوں نے وزارت خارجہ کے کام میں بھرپور دلچسپی اور کردار پر پاکستان کے سفارت کاروں اور افسران کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے سفارتکار وزارت خارجہ اور بیرون ملک بہترین خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ملک انتخابات کی طرف بڑھ رہا ہے اور کسی بھی حکومت کے لیے ڈیلیور کرنے کا واحد راستہ وفاقی اور صوبائی پارلیمان سمیت اداروں کو مضبوط کرکے اہداف اور مقاصد پر توجہ مرکوز کرنا ہے۔

Related Articles

Back to top button