پاکستان

عید سے پہلے چاند رات”لٹل پاکستان نیویارک “ خوشیوں سے جھوم اٹھا

کونی آئی لینڈ ایونیو جگماتی روشنیوں کی وجہ سے رات میں دن کا سماں پیش کرتا رہا

نیویارک (اردو نیوز ) امریکہ میں پاکستانی کمیونٹی کے سب سے بڑے گڑھ کونی آئی لینڈ ایونیو بروکلین (نیویارک) جو کہ لٹل پاکستان کے نام سے بھی جانا جاتا ہے ، پر حسب روایت اس سال بھی پاکستانی امریکن کمیونٹی نے عید سے ایک رات پہلے چاند رات منائی ۔ امریکن کونسل آف مینارٹی ویمن کے زیر اہتمام کمیونٹی کے اس عظیم الشان اجتماع میں نیویارک ٹرائی سٹیٹ ایریا سے کمیونٹی ارکان بالخصوص خواتین اور بچوں نے ہزاروں کی تعداد میں شرکت کی ۔چاند رات کے رنگ عید کے رنگ برنگے کپڑوں ، چوڑیاں ، مہندی ،تحائف سمیت مختلف اشیاءکے سٹالز سے سجائے گئے جہاں خواتین نے نان سٹاپ شاپنگ بھی کی اور عید کی خوشیاں بھی منائیں
بازہ روحی سمیت امریکن کونسل آف مینارٹی ویمن ٹیم کی ارکان کے زیر اہتمام چاند رات کا انعقاد لٹل پاکستان پر گذشتہ دس سال سے جاری ہے اور یہ اب پاکستانی امریکن کمیونٹی کی خواتین کا ایک سالانہ تہوار کی شکل اختیار کر گیا ہے ۔
پاکستانی قونصل جنرل راجہ علی اعجاز کے علاوہ مئیر نیویارک کی نمائندہ سارہ سید ،کونسل مین ڈاکٹر میتھیو یوجین ،پولیس انسپکٹرز جیمز پلمبو، لیفٹنٹ عدیل رانا ، سارجنٹ ضیغم عباس سمیت اہم شخصیات بھی شریک ہوئیں ۔ چاند رات کی تقریب میں امریکن اور پاکستانی کمیونٹی کی مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات کو ان کی خدمات کے اعتراف کے طور پر ایوارڈز پیش کئے گئے ۔
حسب معمول موسیقی کے پروگرام پر شرکاءبالخصوص جواں سال ارکان جھوم اٹھے اور کونی آئی لینڈ ایونیو جگماتی روشنیوں کی وجہ سے رات میں دن کا سماں پیش کرتا رہا۔ نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ اور سٹی حکام کی جانب سے چاند رات کے انتظامات کویقینی بنانے کے لئے حسب معمول بھرپور اقدام کئے گئے جن پر ویمن کونسل نے ان کا بے حد شکرئیہ ادا کیا ۔

Related Articles

Back to top button