پاکستانکالم و مضامین

جنرل قمر جاوید باجوہ کا الوداعی دورہ امریکہ !!!

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے دورہ امریکا کے دوران سیکرٹری دفاع جنرل (ر) لائیڈ جیمز آسٹن (III)، مشیر قومی سلامتی جیکب جیرمیا سلیوان اور ڈپٹی سیکرٹری آف اسٹیٹ وینڈی روتھ شرمن سے ملاقاتیں کی ہیں

نیویارک (اردونیوز ) پاکستان کے چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ امریکہ کے تقریباً ایک ہفتے کے دورے پر ہیں۔ اپنے اس دورے میں انہوں نے نیویارک میں اقوام متحدہ کے حکام سے جبکہ واشنگٹن ڈی سی میں امریکی محکمہ دفاع سمیت اہم حکام سے اہم ملاقاتیں کی ہیں ۔

جنرل باجوہ ایسے وقت پر امریکہ کا دورہ کررہے ہیں کہ جب ان کی عہدے سے ریٹائرمنٹ یا توسیع کے حوالے سے خبروں اور قیاس آرائیوں کا سلسلہ عروج پر ہے۔تاہم ان افواہوں اور قیاس آرائیوں نے اس وقت دم توڑ دیا کہ جب آرمی چیف جنرل باجوہ نے واشنگٹن ڈی سی میں پاکستان ایمبیسی میں دئیے گئے استقبالیہ سے خطاب کے دوران دوٹوک اور واضح الفاظ میں کہا کہ وہ اپنے عہدے کی معیاد پوری ہونے کے بعد ریٹائر ہو جائیں گے۔ ان کے اس واضح بیان سے یہ بھی واضح ہو گئی ہے کہ جنرل باجوہ جنہیں پہلے ہی تین سال کی توسیع دی گئی تھی، کے عہدے میں مزید ایک سال کا اضافہ نہیں کیا جائیگا بلکہ موجودہ حکومت آنیوالے ہفتوں میں ان کے جانشنین یعنی کہ پاکستان کے نئے آرمی چیف کی تعیناتی کر د ے گی۔

سیاسی پنڈتوں کے مطابق مذکورہ صورتحال کے تناظر میں اگر یہ کہا جائے کہ جنرل قمر جاوید باجوہ کا حالیہ دورہ امریکہ ، الوداعی دورہ امریکہ ہے ، تو بے جا نہ ہوگا تاہم ان کا یہ دورہ محض ایک روایتی الوداعی دورہ نہیںبلکہ اس دورے میںپاک امریکہ دفاعی تعلقات سمیت مسلح افواج کے دفاعی ڈیل اور دیگر امور پر بھی اہم ملاقاتیں اور بات چیت ہوئی ہیں ۔

پاکستان کی مسلح افواج کے ادرے آئی ایس پی آر کی جانب سے جنرل باجوہ کی نیویارک میں اقوام متحدہ میں یو این سیکرٹری جنرل کے ایڈوائزر برائے ملٹری امور جنرل بیرامے ڈیوپ سے ملاقات کی پریس ریلیز اور تصاویر جاری کی گئیں جس سے ان کی نیویارک میں مصروفیات سامنے آئیں۔آئی ایس پی آرکے مطابق ملاقات میں آرمی چیف نے اقوام متحدہ کی بنیادی اقدار کو فروغ دینے اور بحران پر ردعمل میں اقوام متحدہ کے فوجی مشیر کے دفتر کے کردار کو سراہا، اس موقع پر یواین ملٹری ایڈوائزر نے بھی یواین امن مشن میں پاکستان کی شراکت اور انسداد دہشت گردی میں غیرمعمولی کامیابیوں کا اعتراف کیا۔

آئی ایس پی آرکے مطابق یواین ملٹری ایڈوائزر نے موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث پاکستان میں سیلاب سے ہوئی تباہی پر دکھ کا اظہارکیا اورسیلاب متاثرین کے اہلخانہ سے دلی تعزیت کااظہارکیا۔آئی ایس پی آرکے مطابق اقوام متحدہ کے ملٹری ایڈوائزر نے سیلاب متاثرین کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔اس ملاقات میں جنرل باجوہ کے ہمراہ اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم بھی موجود تھے۔
دریں اثنا پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے دورہ امریکا کے دوران سیکرٹری دفاع جنرل (ر) لائیڈ جیمز آسٹن (III)، مشیر قومی سلامتی جیکب جیرمیا سلیوان اور ڈپٹی سیکرٹری آف اسٹیٹ وینڈی روتھ شرمن سے ملاقاتیں کی ہیں، جن میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی صورت حال سمیت مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون پرگفتگو کی گئی۔
آرمی چیف نے ملاقاتوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون پر امریکی حکام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے عالمی شراکت داروں کی جانب سے کی گئی مدد پاکستان میں سیلاب زدگان کی بحالی کے لیے اہم ہوگیملاقات میں دونوں ممالک کی جانب سے اتفاق کیا گیا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان دوطرفہ تعاون کی طویل تاریخ ہے اور اقتصادی تعلقات، تجارت اور سرمایہ کاری کے ذریعے بہتری کو جاری رکھا جائے گا۔علاوہ ازیں آرمی چیف نے فلوریڈا میں سمندری طوفان سے ہونے والی ہلاکتوں اور تباہی پر تعزیت کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان متاثرین کے خاندانوں کے نقصان اور درد کو بخوبی سمجھتا ہے کیوں کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی کے اسی طرح کے اثرات کا سامنا کررہا ہے۔ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ افغانستان سمیت اہم بین الاقوامی مسائل پر اور انسانی بحران سے بچنے و خطے میں امن و استحکام کو بہتر بنانے کے لیے تعاون کی ضرورت ہے۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ کہ مسلح افواج خود کو سیاست سے دور کر چکیں اور دور ہی رہنا چاہتی ہیں۔واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانے میں ظہرانے سے خطاب میں آرمی چیف نے جنرل قمر جاوید باجوہ نے اپنی مدت پوری ہونے پر سبکدوش ہونے کے عزم کا اظہار کیا۔اس موقع پر غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ مسلح افواج خود کو سیاست سے دور کرچکیں اور دور ہی رہنا چاہتی

ہیں۔آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ملک کی بیمار معیشت کو بحال کرنا معاشرے کے ہر حصے دار کی ترجیح ہونی چاہیے، مضبوط معیشت کے بغیر قوم اپنے ٹارگٹ حاصل نہیں کرسکے گی اور مضبوط معیشت کے بغیر سفارتکاری نہیں ہوسکتی۔جنرل باجوہ جمعرات کو امریکہ کا دورہ مکمل کرکے وطن واپس روانہ ہو گئے۔یاد رہے کہ آرمی چیف جنرل قمر باجوہ نے آخری بار 2019 میں امریکا کا دورہ کیا تھا۔

General Qamar Javed Bajwa US Visit, Urdu News USA, Pak US Relations

Related Articles

Back to top button