خبریں

حمزہ شہباز ، چوہدری شجاعت حسین کی عیادت کرنے ہسپتال پہنچ گئے

حمزہ شہباز نے مسلم لیگ (ق) کے علیل رہنما چوہدری شجاعت حسین کی عیادت کے دوران اسپیکر پرویز الٰہی سے ملاقات کی اور تبادلہ خیال کیا

لاہور (اردونیوز)پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز نے پاکستان مسلم لیگ (ق) کے علیل رہنما چوہدری شجاعت حسین کی عیادت کے دوران اسپیکر پرویز الہٰی سے ملاقات کی اور تبادلہ خیال کیا۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز نے لاہور میں ڈاکٹرز ہسپتال اینڈ میڈیکل سینٹر میں چوہدری شجاعت حسین کی عیادت کی، اس دوران ان کی ملاقات چوہدری پرویز الہٰی اور چوہدری شجاعت کے بیٹے چوہدری سالک حسین سے ہوئی اور تبادلہ خیال گیا۔صحافیوں سے بات کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ چوہدری شجاعت حسین ملک کے سینئر سیاست دان اور بہت اچھے انسان ہیں۔یہ ملاقات ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے جب پاکستان مسلم لیگ (ق) اور حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے درمیان اختلافات کی رپورٹس سامنے آئی ہیں۔دو روز قبل پرویز الہیٰ کی زیر صدارت پاکستان مسلم لیگ (ق) کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں ڈالر اور پیٹرول کی قیمت میں تاریخی اضافے پر تشویش کا اظہار کیا گیا تھا۔اجلاس میں صوبے کے امن و امان کی بگڑتی صورت حال کے ساتھ ساتھ بجلی کی قیمت میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا گیا اور کہا تھا کہ عام آدمی مشکلات کا شکار ہے اور وہ اپنے حلقوں میں ووٹرز کا سامنا نہیں کرسکتے ہیں۔حکومتی اتحادیوں کی جانب سے الیکٹرونک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) کے استعمال اور سمندر پار پاکستانیوں کے لیے اگلے انتخابات میں آئی ووٹنگ متعارف کرانے کے حوالے سے انتخابی اصلاحات بل پر تحفظات کا اظہار کیا جارہا ہے۔وزیراعظم عمران خان نے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) اور پاکستان مسلملیگ (ق) کا اجلاس طلب کیا تھا تاکہ قانون سازی کے لیے ان کا تعاون حاصل کیا جاسکے۔
دوسری جانب وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے اصرار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کے اتحادیوں نے وزیراعظم کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا ہے اور بل میں حمایت کا یقین دلایا ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ حکومتی اتحادیوں کے تحفظات ختم کردیےگئے ہیں اور حکومت نے متفقہ طور پر بدھ کو مشترکہ اجلاس طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

Hamza Shahbaz, Chaudhry Shujat Hussain

Related Articles

Back to top button