پاکستان

سابق صدر پاکستان ممنون حسین انتقال کر گئے

سابق صدر کی خدمات کو یاد رکھا جائیگا، وہ ایک نظریاتی شخصیت تھے ، پاکستان مسلم لیگ (ن) یو ایس اے کا اظہار افسوس

کراچی (اردو نیوز ) سابق صدر مملکت ممنون حسین انتقال کرگئے۔ان کی عمر 81برس تھی ۔ ممنون حسین دو ہفتوں سے نجی اسپتال میں زیر علاج تھے اور کینسر کے عارضے میں مبتلا تھے۔مرحوم کے پسماندن میں بیوہ اور تین بیٹے چھوڑے ہیں۔ممنون حسین 23 دسمبر 1940 کو آگرہ شہر میں پیدا ہوئے، وہ پاکستان مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنماو¿ں میں سے ایک تھے اور 2013 سے 2018 تک صدر مملکت کے عہدے پر فائز رہے۔ان کا خاندان 1947 میں ہجرت کرکے پاکستان آیا۔ ممنون حسین نے جامعہ کراچی سے گریجویشن اور انسٹیٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن سے ماسٹرز کیا۔60 کی دہائی میں کراچی میں کاروبار کا آغاز کیا اور بعد میں سیاست میں آگئے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) یو ایس اے کے قائدین روحیل ڈار، میاں فیاض ، رانا سعید، احمد جان ،انور واسطی، ملک خرم ، تنویر چوہدری ، راجہ آزاد گل ، ڈاکٹر خالد لقمان ، بیگم شکیلہ چوہدری ،راجہ رزاق سمیت دیگر نے ممنون حسین کے انتقال پر اظہار افسوس کیا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ سابق صدر ممنون حسین کے انتقال پر افسوس ہے، دکھ کی اس گھڑی میں اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔لیگی ارکان نے اپنے مشترکہ بیان میں مزید کہا کہ سابق صدر ممنون حسین نواز شریف کے بااعتماد اور نظریاتی ساتھی تھے، ملک و قوم کے لئے ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

Related Articles

Back to top button