نیویارک میں شدید گرمی ، مئیر ممدانی کا گرمی سے بچاؤ کےلئے نیویارک سٹی میں اہم اقدامات کا اعلان
نیویارک سٹی میں200 سے زائد کولنگ سینٹرز قائم، پبلک سوئمنگ پولز کے اوقات بھی بڑدئیے گئے ہیں
نیویارک ( اردونیوز) نیویارک سٹی ان دنوں شدید ترین گرمی کی لپیٹ میں ہے، جس کے پیشِ نظر مئیر ظہران ممدانی نے شہریوں کو الرٹ رہنے اور احتیاطی تدابیر اپنانے کی سخت تاکید کی ہے۔ ‘سریس ایکس ایم‘ کے مشہور ’دی کلے کین شو‘ پر لائیو گفتگو کرتے ہوئے میئر ممدانی نے شہر کے ہنگامی اقدامات پر روشنی ڈالی اور ساتھ ہی ملکی سیاست و 4 جولائی کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
انٹرویو کے دوران جب میزبان کلے کین نے گرمی کی حالیہ شدت اور شہریوں کی حفاظت کے بارے میں پوچھا، تو میئر مامدانی کا کہنا تھا کہ سب سے پہلی بات یہ سمجھنے کی ہے کہ یہ کوئی عام موسم نہیں ہے۔ ہم اس ہفتے کے آخر تک درجہ حرارت کے 90 کی دہائی سے نکل کر تین ہندسوں (100 ڈگری فارن ہائیٹ سے اوپر) تک پہنچنے کی بات کر رہے ہیں۔ ہوا میں نمی کے باعث یہ گرمی 112 ڈگری تک محسوس ہوگی۔
میئر نے بتایا کہ نیویارک انتظامیہ شہریوں کو راحت پہنچانے کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔ شہر کے پانچوں بوروزمیں 200 سے زائد کولنگ سینٹرز (جن میں جاوٹس سینٹر، لائبریریاں اور معمر افراد کے مراکز شامل ہیں) کھول دیے گئے ہیں۔ شہری اپنے قریبی سینٹر کا پتہ معلوم کرنے کے لیے یا 311 پر کال کر سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ پبلک سوئمنگ پولز کے اوقات بھی بڑھا کر رات 8:30بجے تک کر دیے گئے ہیں۔
میئر نے ایک تشویشناک حقیقت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ نیویارک میں ہر سال لگ بھگ 500 افراد گرمی کی شدت کے باعث جان کی بازی ہار جاتے ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے اردگرد موجود کمزور یا بے سہارا لوگوں کا خیال رکھیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوراً 311 پر رابطہ کریں تاکہ شہر کے 600 آؤٹ ریچ ورکرز ان کی مدد کو پہنچ سکیں۔
انٹرویو کے دوران میئر نے کی اس خبر کی تصدیق کی کہ سابق نائب صدر کمالا ہیرس نے ان سے رابطہ کیا ہے۔ میئر کا کہنا تھا، ”جی ہاں، یہ سچ ہے۔ نائب صدر ہیرس نے بات چیت کے لیے رابطہ کیا تھا اور ہماری مختصر گفتگو ہوئی ہے۔ ہم پچھلے چند مہینوں سے رابطے میں ہیں اور میں ان کے اس اقدام کو سراہتا ہوں۔“
میزبان نے ہلکے پھلکے انداز میں ان کی 4 جولائی کی میوزک پلے لسٹ کے بارے میں پوچھا، تو میئر نے مسکراتے ہوئے اپنے پسندیدہ گانے بتائے۔
NYC Heat Wave: Mayor Mamdani Launches Emergency Cooling Measures as Temperatures Soar
نوٹ ؛ یہ خبر بھی پڑھیں ۔۔۔امپائر اسٹیٹ بلڈنگ نیویارک کے اانٹینا پر چڑھ کر شادی کی پیش کش کرنے والا جوڑا گرفتار



