خبریںامیگریشن نیوز

نیویارک سٹی میں پاکستان ڈے پریڈ ، پاکستان زندہ آباد کے نعرے

مئیر ایرک ایڈمز، پبلک ایڈوکیٹ جمانی ولیمز، ڈپٹی پولیس کمشنر لیزا وائٹ ، وائس قونصل جنرل نواب عادل خان ، اسسٹنٹ چیف ہیوسٹن پولیس یاسر بشیر، ڈایان ڈی سٹے سیو سمیت اہم شخصیات شریک ہوئیں

نیویارک سٹی کے میڈیسن ایونیو پر نکالی جانیوالی پریڈ میں پاکستانی امریکن کمیونٹی کے ارکان نے قومی ملبوسات ، سبز ہلالی پرچم، بانیان پاکستان کی تصاویر اور امریکی جھنڈوں کے ساتھ شرکت کی

میڈیسن ایونیو ، نیویارک سٹی کی فضاءپاکستان زندہ آباد کے نعروں سے گونج اٹھی ، مئیر، پبلک ایڈوکیٹ ، اسمبلی وومین کی جانب سے پریڈ کمیٹی عہدیداران کو سائٹیشن، کمیونٹی قائدین کو ایوارڈز دئیے گئے

نیویارک ( اردونیوز )نیویارک سٹی میں جشن آزادی پاکستا ن کے سلسلے میں حسب روایت اس سال بھی پاکستان کے 76ویں یوم آزادی کے حوالے سے پاکستان ڈے پریڈ کا انعقاد کیا گیا۔ نیویارک سٹی کے میڈیسن ایونیو پر ہر سا ل کی طرح اس سال بھی نکالی جانیوالی پریڈ میں پاکستانی امریکن کمیونٹی کے ارکان نے قومی ملبوسات ، سبز ہلالی پرچم، بانیان پاکستان کی تصاویر اور امریکی جھنڈوں کے ساتھ شرکت کی ۔ پاکستان ڈے پریڈ کے دوران نیویارک سٹی کا میڈیسن ایونیو ، تمام وقت پاکستان زندہ آباد کے نعروں سے گونجتا رہا۔

پاکستانی امریکن کمیونٹی کی جشن آزادی کی خوشیوں میںنیویارک سٹی کے مئیر ایرک ایڈمز، پبلک ایڈوکیٹ جمانی ولیمز، اور ڈپٹی پولیس کمشنر لیزا ڈی وائٹ ، قائمقام قونصل جنرل نیویارک نواب عادل خان،معروف ’ایمی ‘ ایوارڈ حاصل کرنے والی آرٹسٹ ڈیان ڈی سٹیسیو ،سینئر ایڈوائزر ناسا کاو¿نٹی ایگزیکٹو چوہدری اکرم آف رحمانیہ، ڈپٹی کاؤنٹی اٹارنی ناسا شہریار علی،اسسٹنٹ چیف پولیس ہیوسٹن پولیس ڈیپارٹمنٹ یاسر بشیر(امریکہ میں اعلیٰ ترین عہدے پر فائز پاکستانی امریکن پولیس آفیسر )، ڈپٹی پبلک ایڈوکیٹ کاشف حسین ،نے بھی خصوصی شرکت کی اور پاکستانی کمیونٹی کو پاکستان کے 76ویں جشن آزادی پر مبارکباد دی ۔

پاکستان ڈے پریڈ کے انعقاد میں پریڈ کمیونٹی کے عہدیداران پریذیڈنٹ منیر لودھی ، چئیرمین ڈاکٹر حق، کو چئیرمین مرزا خاور بیگ، جنرل سیکرٹری ہارون رامے ، فنانس سیکرٹری اسد چوہدری ، چئیرمین آرگنائزنگ کمیٹی احمد جان ،جوائنٹ سیکرٹری احمد خان ، وائس پریذیڈنٹ تنویر چوہدری ، کنوینیر وسیم سید، چئیرمین فلوٹس مظفر بھٹہ اور چئیرمین سیکورٹی قاسم مجید، وسیم سید، ناہید بھٹی سمیت ان کے ساتھیوں نے کلیدی کردار ادا کیااور نیویارک سٹی میں جشن آزادی کے حوالے سے منعقدہ اس ’فلیگ شپ ‘ ایونٹ کو ایک کامیاب بنایا۔

پاکستان ڈے پریڈ نیویارک کے اس سال کے گرینڈ مارشل پاکستانی امریکن کمیونٹی کی ممتاز سماجی شخصیت ڈاکٹر محمود عالم تھے جن کی قیادت میں پریڈ کمیٹی کے قائدین اور کمیونٹی ارکان نے 38سٹریٹ اور میڈیسن ایونیو پر سے پریڈ کا آغاز کیا۔پریڈ کے آغاز کے موقع پر کبوتر چھوڑے گئے ۔ پاکستان ڈے پریڈ میں نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ ، نیویارک آگژلری پولیس، یانکرز ملٹری بینڈ سمیت دیگر بینڈز نے بھی خصوصی شرکت کی ۔ یہ بینڈز اپنی مخصوص دھنیں بجاتے ہوئے، میڈیسن ایونیو پر مارچ کرتے ہوئے آگے بڑھتے رہے اور ان کے پیچھے پریڈ کمیٹی کے قائدین اور کمیونٹی ارکان بڑی تعداد میں مارچ کرتے رہے ۔

پاکستان ڈے پریڈ میں حسب روایت اس سال بھی پاکستانی امریکن کمیونٹی کی مختلف اہم نمائندہ تنظیموں ، کاروباری اور سماجی اداروں کے فلوٹس بھی شامل تھے جن پرسوار قومی لباس میں ملبوس کمیونٹی ارکان تمام وقت پاکستان زندہ آباد کے نعرے لگاتے رہے ۔ یہ فلوٹس ، نیویارک سٹی میں پاکستانی کے ثقافتی رنگو ں کی خوبصورت عکاسی کرتے رہے اور امریکی شہریوں اور راہ گیروں کی تمام وقت توجہ کا مرکز بنے رہے ۔

پریڈ کے بعد میڈیسن ایونیو اور 25سٹریٹ پر جشن آزادی کا اجتماع منعقد ہوا جہاں تقریب کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا۔ مرزا انیس احمد نے تلاوت قرآ ن مجید اور حمد باری تعالیٰ پڑھنے جبکہ اصغر چشتی نے بار گاہ رسالت ﷺ میں نعتیہ نذرانہ عقیدت پڑھنے کی سعادت حاصل کی ۔ بعد ازاں احمد جان کی صاحبزادیوں اور صاحبزادوں نے دیگر کمیونٹی ارکان کے ساتھ مل کر پاکستان کا قومی ترانہ پڑھا جبکہ اس سال امریکی قومی ترانہ امریکی کی مشہور و معروف ’ایمی ‘ ایوارڈ حاصل کرنے والی آرٹسٹ ڈیان ڈی سٹیسیو نے اپنی خوبصورت آواز اور انداز میں مئیر نیویارک ایرک ایڈمز ، جب پاکستان ڈے پریڈ کے جشن آزادی کے اجتماع سے خطاب کے لئے پہنچے تو پریڈ کمیٹی کے عہدیداران اور کمیونٹی ارکان نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔

پریڈ کمیٹی کی جانب سے مئیر ایڈمز کا پاکستان پریڈ میں شرکت پر شکرئیہ ادا کرتے ہوئے انہیں نیویارک کی پاکستانی اور امیگرنٹ کمیونٹی کا ایک عظم دوست قرار دیا گیا۔ اس موقع پر مئیر ایڈمز کو ان کی خدمات کے اعتراف کے طور پر خصوصی ایوارڈ بھی پیش کیا گیا۔

مئیر ایڈمزکا خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ نیویارک کی پاکستانی امریکن کمیونٹی کی ہر شعبہ ہائے زندگی میں خدمات قابل ستائش ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ پاکستانی کمیونٹی کے ایک نئے نہیں بلکہ ایک دیرینہ دوست ہیں ۔ مئیر ایڈمز نے پاکستانی امریکن کمیونٹی سے کہا کہ وہ نیویارک سٹی کی تعمیر و ترقی اور نیویارکرز کی فلاح و بہبود کے لئے اور پبلک سیفٹی سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی میں اپنا ہر ممکن کردار ادا کریں ۔
پبلک ایڈوکیٹ جمانی ولیمز کا کہنا تھا کہ ان کے لئے اعزاز کی بات ہے کہ انہوں نے کونی آئی لینڈ ایونیو کا نام محمد علی جناح وے رکھنے پر اپنا کردار ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ نیویارک سٹی میں امیگرنٹس کی ترقی ، نیویارک سٹی کی ترقی ہے ۔ ہم سب کو مل کر اپنا کردار ادا کرنا ہے ۔

پریڈ کے اجتماع کے موقع پر نیویارک سٹی کے مئیر ایرک ایڈمز، پبلک ایڈوکیٹ جمانی ولیمز، نیویارک سٹیٹ اسمبلی وومین جینیفر راج کمار کی جانب سے پریڈ کمیٹی کے عہدیداران کی خدمات کے اعتراف کے طور پر انہیں ایوارڈز پیش کئے گئے ۔پاکستانی امریکن کمیونٹی کی معروف سماجی شخصیات ڈاکٹر انعام الحق اور فاخرہ حق کی خدمات کے اعتراف کے طور پر بھی پاکستان ڈے پریڈ کمیٹی کی جانب سے انہیں خصوصی ایوارڈز پیش کئے گئے اور ان کی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا گیا۔پریڈ کمیٹی کی جانب سے کمیونٹی قائدین ڈاکٹر محمود عالم ،چوہدری اکرم رحمانیہ، اٹارنی شہریار علی ،اسسٹنٹ چیف ہیوسٹن پولیس یاسر بشیر ،میاں شبیر گل ، وکیل انصاری ،ڈپٹی انسپکٹر عدیل رانا(MOS) ، لیفٹنٹ ضیغم عباس ،ڈیٹیکٹو روحیل خالد(PALS)، محترمہ شازیہ وٹو ،اسسٹنٹ پولیس چیف ٹیکساس ،محترمہ عطیہ شہناز،ڈاکٹر مہہ جبین کو بھی ان کی خدمات کے اعتراف کے طور پر ایوارڈ پیش کئے گئے ۔

قائمقام قونصل جنرل نواب عادل خان کا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانیز حقیقی معنوں میں ملک و قوم کے سفیر ہیں ۔ ان کی خدمات پر پوری قوم کو فخر ہے ۔ انہوں نے پاکستان ڈے پریڈ کمیٹی کا کامیاب پریڈ کے انعقاد پر مبارکباد دی ۔

پریڈ کے اجتماع سے پاکستان کے معروف گلوکاروں ندیم عباس لونیوالا، نرمل روئے ، شیر جان احمد اور نادر خان نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا ۔ ان کی جانب سے گائے جانیوالے نغموں بالخصوص قومی نغموں پر لوگ جھوم اٹھے، پاکستان زندہ آباد کے نعرے بلند کئے اور تمام وقت سبز ہلالی پرچم فضا میں لہراتے رہے ۔

 

Related Articles

Back to top button