اوورسیز پاکستانیزخبریں

امجد نواز کی قیادت میں PTIکا عمران خان کی گرفتاری کیخلاف ٹائمز سکوائر پر احتجاجی مظاہرہ

عمران خان بزدل قوم کا بہادر لیڈر ہے وہ ایک ایسا ہیرو جس کی مقبولیت دنیا بھر میں ہے ، عمران خان کو آج 6x9 کی کوٹھری میں قید ہے لیکن ڈٹا ہوا ہے وہ نہ گھبرائے گا نہ ٹوٹے گا،شہباز گِل

عمران خان محض ایک شخصیت نہیں بلکہ ایک نظریہ ہیں اور نظریوں کو کبھی قید نہیں کیا جا سکتا کل اگر عمران خان نہیں بھی ہو گا تو اس کا نظریہ زندہ رہے گا :امجد نواز کا خطاب ، دیگر پارٹی ساتھیوں کے بھی خطاب

عمران تیرے جانثار بے شمار بے شمار، ہم لے کے رہیں گے آزادی، چوروں کی حکومت نامنظور، کرپٹ مافیہ مردہ باد جیسے نعرے لگاتے رہے،ٹائمز سکوائر مسلسل عمران خان کے حق میں نعروں سے گونجتا رہا

پی ٹی آئی امریکہ کے سابقہ صدر منیر کھٹانہ، وقار خان، نوید وڑائچ، خورشید احمدبھلی ،رانا جاوید، ثمینہ حیدر، انیلہ نقوی، طاہرہ تاج، زاہرہ ہاشمی، اسلم ڈھلوں ، چوہدری ظہور اختر آف پنیام، ذیشان خالد، حسام شکیل، چوہدری عبدالقیوم ، عمر قریشی، سلطان خان، حسن خان، لختِ حسنین شاہ، اٹارنی مجاہد خان، اٹارنی لطف اللہ شیخ،چوہدری کفایت ، قاری زبیر اور دیگر نے بھی مظاہرے سے خطاب کیا، مظاہرے میں نیوجرسی، میری لینڈ، پنسلوانیا کنکٹیکٹ سے بھی لوگ شریک تھے

نیویارک ( ارد و نیوز ) ٹرائی اسٹیٹ میں بسنے والے اوورسیز پاکستانیوں نے اتوار چھ اگست کی شام ٹائمز اسکوائر نیویارک میں ایک بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا۔مظاہرے کا انتظام امجد نواز کے زیرِ قیادت پی ٹی آئی نیویارک چیپٹر نے کیا ۔اس موقع پر سابقہ وفاقی مشیر ڈاکٹر شہباز گل نے بھی خصوصی شرکت کی۔مظاہرین میں مردوں کے ساتھ خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد دیکھنے میں آئی جنہوں نے عمران خان کی تصویریں اور بینرز اٹھا رکھے تھے اور عمران خان کی فوری رہائی کا مطالبہ کر رہے تھے۔

ڈاکٹر شہباز گلِ نے کہا کہ عمران خان بزدل قوم کا بہادر لیڈر ہے وہ ایک ایسا ہیرو جس کی مقبولیت دنیا بھر میں ہے اور جس نے ہمیشہ پاکستان کی عزت میں اضافہ کیا وہ آج 6×9 کی کوٹھری میں قید ہے لیکن ڈٹا ہوا ہے وہ نہ گھبرائے گا نہ ٹوٹے گا، اس کے ارادے ہمیشہ کی طرح مضبوط ہیں ،وہ پاکستانی قوم کے لئے ڈٹ کر کھڑا ہے۔ اب اس قوم کو عزت کے ساتھ زندہ رہنے کےلئے کھڑا ہونا پڑے گا۔
ڈاکٹر شہباز گل نے مزید کہا کہ وہ پاکستان میں بھی اپنے حصے کی جنگ لڑے اور اب امریکہ میں بھی جو ہو سکتا ہے کر رہے ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف یو ایس اے کے رہنما امجد نواز نے کہا کہ عمران خان محض ایک شخصیت نہیں بلکہ ایک نظریہ ہیں اور نظریوں کو کبھی قید نہیں کیا جا سکتا۔عمران خان کا نظرئیہ ہمیشہ زندہ رہے گا۔اسے ایک پلا نٹڈاور من گھڑت کیس میں جعلی سزا سنوانے والوں کو ہوش کے ناخن لینے کی ضرورت ہے ۔
امجد نواز نے مزید کہا کہ ہم اوورسیز پاکستانی پاکستان کے سب اداروں کی عزت کرتے ہیں لیکن ان اداروں کے ذمہ داران خواہ وہ جنرل ہوں یا جج جو بھی قانون اور آئین کی دھجیاں اڑائے گا، اس کے خلاف کھڑے ہوں گے اور امیریکہ کے شہر شہر میں صدائے احتجاج بلند کرتے رہیں گے اور پاکستان کی پستی ہوئی قوم کی زندگی آسان بنانے کے لئے عمران خان کے ساتھ ڈٹ کے کھڑے رہیں گے ۔اس موقع پر احتجاجی مظاہرے میں نیویارک کے علاوہ نیوجرسی، میری لینڈ، پنسلوانیا کنکٹیکٹ سے بھی لوگوں نے بھی شرکت کی۔

پی ٹی آئی امریکہ کے سابقہ صدر منیر کھٹانہ، وقار خان، نوید وڑائچ، خورشید احمدبھلی ،رانا جاوید، ثمینہ حیدر، انیلہ نقوی، طاہرہ تاج، زاہرہ ہاشمی، اسلم ڈھلوں ، چوہدری ظہور اختر آف پنیام، ذیشان خالد، حسام شکیل، چوہدری عبدالقیوم ، عمر قریشی، سلطان خان، حسن خان، لختِ حسنین شاہ، اٹارنی مجاہد خان، اٹارنی لطف اللہ شیخ،چوہدری کفایت ، قاری زبیر اور دیگر نے اپنے خطاب میں عمران خان کے خلاف کرپٹ عدالتی فیصلے کی کھل کر مخالفت کی اور پاکستان کی سیاسی نظام پر قابض مافیہ پر سخت تنقید کی اورکہا کہ ان لوگوں نے پاکستان کے ہر ادارے کو یرغمال بنا رکھا ہے جس کی وجہ سے پاکستان اس حالت کو پہنچا ہے۔

تین گھنٹوں سے زائد جاری رہنے والے اس مظاہرے میں لوگ متواتر عمران کو رہا کرو، عمران تیرے جانثا بے شمار بے شمار، ہم لے کے رہیں گے ازادی، چوروں کی حکومت نامنظور، کرپٹ مافیہ مردہ باد جیسے نعرے لگاتے رہے۔

Related Articles

Back to top button