بین الاقوامی

سعودی عرب اورمتحدہ عرب امارات میں 2مئی کو عید کا اعلان

امریکہ میں بھی سعودی عرب کے ساتھ عید منانے والے مسلم امریکن کمیونٹی کے ارکان نے بھی امریکہ میں سوموار کو عید منانے کااعلان کر دیا ہے

ریاض (اردونیوز ) سعودی عرب میں ہفتے کو شوال کا چاند نظر نہ آنے کے بعد اعلان کیا گیا ہے کہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں عید الفطر سوموار دو مئی کو ہو گی ۔سعودی عرب کی سپریم کورٹ کی جانب سے کئے جانیوالے اعلان کے مطابق ملک میں عیدالفطر پیر 2 مئی کو منائی جائے گی کیونکہ ہفتے کی شام شوّال کا چاند نظر نہیں آیا ہے لہٰذا اتوارکو تیسواں روزہ ہے۔امریکہ میں بھی سعودی عرب کے ساتھ عید منانے والے مسلم امریکن کمیونٹی کے ارکان نے بھی امریکہ میں سوموار کو عید منانے کااعلان کر دیا ہے ۔

جن ممالک میں 2 اپریل کو رمضان المبارک کے مقدس مہینے کا آغاز ہوا تھا،وہاں یکم مئی کو رمضان المبارک کی تیس تاریخ ہے اور پاکستان سمیت باقی ممالک میں انتیسواں روزہ ہے۔بین الاقوامی فلکیاتی مرکز نے ٹویٹرپربتایا کہ متحدہ عرب امارات، قطر، عراق، کویت اور بحرین نے بھی اعلان کیا ہے کہ عیدالفطر کا پہلا دن 2 مئی ہوگا۔
العربیہ کی رپورٹ کے مطابق گذشتہ ہفتے متحدہ عرب امارات کے بین الاقوامی فلکیاتی مرکز نے کہا تھا کہ عیدالفطر 2 مئی کو ان بیشتر ممالک میں آئے گی جہاں رمضان المبارک کا مقدس مہینہ 2 اپریل سے شروع ہوا تھا۔

اس نے مزید کہا تھا کہ 30 اپریل کونئے ماہ کا ہلال دیکھنا ناممکن ہو جائے گا کیونکہ چاند سورج سے پہلے غروب ہو جائے گا۔

شمالی امریکہ میں عید الفطر کی روئیت ہلال گلوبل مون سائٹنگ کے اصول پر قائم کی جائے گی ۔ علماء اتحاد کے مطابق گزشتہ سالوں کی طرح اتحاد امت کے لیے عید الفطر کی روئیت ہلال اعلان مکہ پر قائم کی جائے گی ۔ محکمہ فلکیات،موسمیات ،ناسا اور یو ایس نیول نیویگیشن کے مطابق بھی ہفتہ 30 اپریل کی شام چاند کی پیدائش ہو جائے گی لیکن وہ انسانی آنکھ سے نہیں دیکھا جا سکے گا ۔

اتوار یکم مئی کی شام شمالی امریکہ میں یہ واضح طور پر نظر آئے گا ۔ اس طرح اس سال 30 روزے مکمل ہونے کا امکان ہے ۔ قمری کیلنڈر کے مطابق بھی عید الفطر سوموار 2 مئی کو ہو گی ۔ شمالی امریکہ اور حجاز مقدس کے وقت میں 6 گھنٹے کا فرق ہونے کے باعث شمالی امریکہ کے مسلمانوں کو یہ سہولت حاصل ہے کہ انہیں چاند نظر آنے کی بروقت اطلاع ہو جائے گی ۔ 2014ء میں نیو جرسی اور دیگر ریاستوں کے 300 سے زائد علماء نے مل کر شمالی امریکہ میں 30 سال سے جاری اس بحث کو گلوبل سائٹنگ کے اصول پر متفق ہو کر ختم کیا تھا ۔ جس کے بعد گزشتہ 8 سالوں سے شمالی امریکہ میں 99 فیصد لوگ ایک ہی دن عید کر رہے ہیں ۔

علمائے کرام نے سال 2022ء کے لیے فطرانہ 10 ڈالر ادا کرنے کو تجویز کیا ہے ۔ گلوبل مون سائٹنگ اور روئیت ہلال سے متعلق شرعی مسائل اور فطرہ کے متعلق مزید معلومات کے لئے مسجد البدر نیویارک کے امام عبداللہ دانش فون نمبر 8317 372 718 اور مسلم کمیونٹی سینٹر آف یونین کاونٹی کے امام سید فخر الدین علوی سے فون نمبر 7015 651 786 پر رابطہ قائم کریں ۔

Related Articles

Back to top button